Articles by "Aasif Shaikh"
Showing posts with label Aasif Shaikh. Show all posts

علماء کرام نماز جمعہ سے قبل  ایس آئی آر کے تعلق سے خطاب کریں 

مالیگاؤں: (30 جولائی) اسلام پارٹی کے رہنما آصف شیخ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر میں جاری خصوصی نظرثانی (SIR) سروے کے بارے میں اہم اپیل کی اور نعمانی پل کے واقعہ پر بھی اپنا اظہار خیال کیا۔جمعرات کو دوپہر میں دو بجے شیخ رشید بھون پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آصف شیخ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے مہاراشٹر میں ایس آئی آر سروے شروع ہو چکا ہے اور مالیگاؤں شہر میں بھی فارم بھرے جا رہے ہیں۔ اب صرف آٹھ دن باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اب تک تقریباً ستر فیصد فارم بھر کر بی ایل او کے ذریعے جمع کرا دیے گئے ہیں جبکہ تیس فیصد لوگ ابھی تک فارم نہیں بھر سکے جو تشویش کی بات ہے۔

انہوں نے مالیگاؤں کی عوام سے اپیل کی کہ باقی آٹھ دن کا فائدہ اٹھا کر اپنے بی ایل او سے رابطہ کریں، فارم لیں، بھریں اور جمع کرائیں۔ آصف شیخ نے مذہبی تنظیموں، سماجی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران سے بھی اپیل کی کہ جمعہ کی نماز سے قبل مساجد میں لوگوں کو فارم بھرنے کی ترغیب دی جائے۔ ان میں جمعیت العلماء، سنی دعوت اسلامی، دعوت اسلامی، جماعت اہل حدیث، تبلیغی جماعت کے مراکز غربید و نورانی مرکز سمیت تمام مذہبی اداروں سے اپیل کی ہے۔انہوں نے بی ایل اوز سے بھی گزارش کی کہ وہ مزید وقت دے کر علاقوں میں بیٹھیں اور باقی فارم بھرنے میں مدد کریں۔ آصف شیخ نے بی جے پی اور کریٹ سومیا کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا جس میں مہاراشٹر میں پچاس لاکھ بنگلہ باشندوں کے نام ایس آئی آر سے کاٹنے کا ذکر کیا گیا۔ انہوں نے اسے مہاراشٹر کے مسلمانوں کی توہین قرار دیا اور کہا کہ اس الزام کا مؤثر جواب دینے کے لیے ہر مسلمان کو اپنا ایس آئی آر فارم وقت پر بھرنا ضروری ہے۔

اس پریس کانفرنس سے اسلام پارٹی کے ورکروں اور کارپوریٹرز سے اپیل کی گئی کہ جمعہ کے بعد الیکشن کی طرح گھر گھر جا کر لوگوں سے پوچھیں کہ فارم بھرا گیا یا نہیں اور جو باقی ہیں انہیں بھرنے کی ترغیب دیں۔ کچھ لوگوں کے نام فہرست میں نہیں آنے پر اسلام پارٹی اور سماج وادی پارٹی نے مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے تحت ان کے میپنگ کے اسکرین شاٹ جمع کرائے ہیں تاکہ ان کے مسائل حل کیے جاسکے ۔

اس موقع پر نعمانی پل کے بارے میں آصف شیخ نے کہا کہ ایک معصوم بچہ ندی میں بہہ گیا تھا اور چار دن بعد اس کی لاش ملی۔ یہ افسوسناک واقعہ ہے۔ لوگوں نے پل کے کام مکمل نہ ہونے پر احتجاج بھی کیا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو ندی کے قریب کھیلنے سے روکیں اور کہا کہ پل کا افتتاح کرنے والوں کے بارے میں عوام خود فیصلہ کریں۔

آصف  شیخ نے زور دیا کہ آٹھ دن بہت اہم ہیں اور شہر کے تمام طبقات کو مل کر ایس آئی آر فارم بھرنے کی مہم میں حصہ لینا چاہیے۔

قلعہ, رسول پورہ، باغ محمود، موتی پورہ و اطراف کے ذمہ داران کی مستقیم ڈگنیٹی سے ملاقات 

مالیگاؤں، (30 جولائی) موسم ندی پر واقع مولانا عبدالحمید نعمانیؒ پل کی تعمیر نو میں طویل تاخیر اور حالیہ حادثات کے تناظر میں قلعہ، باغِ محمود، موتی پورہ، اسلام آباد، رسول پورہ اور اطراف کے علاقوں کے باشندوں نے 31 جولائی بروز جمعہ نمازِ عصر کے بعد پل پر ایک عوامی پنچائیت منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق  مذکورہ پل کی ازسرِ نو تعمیر مقامی عوام کا کئی برسوں سے اہم مطالبہ رہی ہے، کیونکہ بارش کے موسم میں موجودہ پل پر آمد و رفت نہایت دشوار ہو جاتی ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس پل سے گرنے سے ایک معصوم بچے کی موت واقع ہوگئی جس کی تلاش کیلئے قلعہ تیراک گروپ اور شکیل تیراک کے درمیان نیا تنازعہ شروع ہوگیا ۔اس ضمن میں باغِ محمود، قلعہ ۔رسول پورہ، موتی پورہ و اطراف کے ذمہ داران نے اس مسئلے کو لے کر سماج وادی پارٹی کے قائد مستقیم ڈگنیٹی سے ملاقات کی اور انہیں اس مسلے کو حل کرنے کی دعوت دیتے ہوئے پنچایتی رواج کے مطابق بطور سردار مدعو کیا ہے۔ موجودہ رکنِ اسمبلی کی جانب سے پل کی تعمیر کرانے کی ذمہ داری لینے کے بعد معاملہ نئی پیش رفت کا منتظر رہا۔ اس دوران مفتی اسمٰعیل کی جانب سے کئی بار تعمیر کے اعلانات اور وعدے کیے گئے، لیکن عملی طور پر کام شروع نہیں ہو سکا۔گزشتہ چار برسوں میں اس پل پر متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں، جبکہ حالیہ دنوں ایک کمسن بچے کے پل سے ندی میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے نے مقامی آبادی کو شدید صدمے اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت متبادل انتظام یا نئی تعمیر عمل میں آتی تو ایسے حادثات سے بچا جا سکتا تھا۔

ان حالات کے پیش نظر علاقہ کے سماجی شخصیات اور مختلف محلوں کے ذمہ داران نے فیصلہ کیا ہے کہ 31 جولائی بروز جمعہ نمازِ عصر کے بعد مولانا عبدالحمید نعمانیؒ پل پر عوامی پنچائیت منعقد کی جائے گی۔اس پنچایت میں سماجوادی پارٹی کے سیکرٹری و کارپوریٹر مستقیم ڈگنیٹی کو پنچایت کے ذمہ داران نے پنچایتی رواج کے مطابق بطور سردار مدعو کیا ہے ۔اس پنچایت میں پل کی تعمیر کے سلسلے میں آئندہ کی حکمتِ عملی، عوامی نمائندوں سے مطالبات اور ممکنہ عوامی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

منتظمین نے روی وار وارڈ اور اطراف کے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم پنچائیت میں بھرپور شرکت کریں تاکہ علاقے کے اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے متفقہ اور مؤثر لائحۂ عمل اختیار کیا جا سکے۔

چند بی ایل اوز کی شکایت، عوام کے ووٹ کا تحفظ اولین ترجیح، فارم تقسیم و ڈیجیٹائزیشن میں رکاوٹیں ناقابلِ برداشت: اسلام پارٹی کی جائزہ میٹنگ 

مالیگاؤں : اسلام پارٹی کی جانب سے تمام عہدیداروں، کارپوریٹروں اور ورکروں کی ایک اہم جائزہ میٹنگ سکینہ ہال نئے فاران ہاسپٹل کے سامنے جمعہ کو بعد نماز عشاء پارٹی کے صدر نوید خطیب کی صدارت میں منعقد کی گئی، جس میں عوام کو درپیش مسائل، خصوصی طور ایس آئی  سروے فارم تقسیم اور ڈیجٹائزیشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس میٹنگ  میں ورکروں اور کارپوریٹرس کی جانب سے بتایا گیا کہ کئی علاقوں میں بعض بی ایل اوز (BLOs) کی جانب سے ووٹروں میں فارم تقسیم نہیں کیے جا رہے ہیں،جس کی وجہ سے عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میٹنگ میں کارکنان کو ہدایت دی گئی کہ وہ گھر گھر پہنچ کر عوام میں بیداری پیدا کریں، وارڈ وائز اور ووٹر لسٹ کے مطابق اہل ووٹروں کی شناخت کرتے ہوئے فارم تقسیم کرائیں اور انہیں بھروا کر جمع کرنے میں مکمل تعاون کریں۔اس میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوام اور بی ایل اوز کے درمیان بہتر رابطہ قائم کیا جائے اور تمام بی ایل اوز سے اپیل کی جائے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور تیزی کے ساتھ انجام دیں تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔

آصف شیخ کی قیادت میں اسلام پارٹی نے اعلان کیا کہ بی ایل اوز کے کام سے متعلق تمام شکایات پرانت آفیسر کے سامنے پیش کی جائیں گی اور ان مسائل کے فوری حل کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر آصف شیخ نے کہا کہ پرانت آفیسر کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 50 فیصد بی ایل اوز قابلِ تعریف انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور اسلام پارٹی ایسے بی ایل اوز کا استقبال اور حوصلہ افزائی کرے گی، جبکہ باقی 50 فیصد بی ایل اوز کی کارکردگی غیر اطمینان بخش ہے، جن کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔میٹنگ میں آصف شیخ نے کہا کہ یہاں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر پیر تک بی ایل اوز کے طریقۂ کار میں بہتری نہیں آئی تو اسلام پارٹی کی جانب سے وارڈ وائز "راستہ روکو" احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بعض بی ایل اوز جان بوجھ کر فارم تقسیم نہیں کر رہے ہیں، جس کی شکایت سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے متعلقہ انتخابی افسران میں پرانت آفسیر ،کمشنر اور پولس انتظامیہ سے بھی کی ہے۔

 آصف شیخ نے کہا کہ اگر ان تمام مسائل کو جلد از جلد حل نہیں کیا گیا تو 29 تاریخ کے بعد کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام پر ہنگامی دھرنا اور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی مکمل ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر احتجاج کے دوران پولیس انہیں گرفتار بھی کرتی ہے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں، تاہم عوامی خدمت اور ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔آصف شیخ نے کہا کہ آئندہ جمعہ کو وارڈ وائز اسلام پارٹی کے ورکر گلی گلی گھوم کر عوام کے فارم جمع کرنے کیلئے بیداری لائیں ۔اپنے تمام کام درکنار کر عوامی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کریں ۔انہوں نے کہا کہ عوام سب دیکھ رہی ہے کہ کون ایسے مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑا ہے اس لیے عوام کے فارم بھریں اور جمع کریں ۔آصف شیخ نے کہا کہ کاغذات کیلئے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، پہلے اپنا فارم بھریں اور جمع کریں ۔آئندہ بھی اسلام پارٹی نوٹس اور شنوائی کے وقت عوام کے کاغذات درست کروانے کیلئے مدد کرنے تیار ہے ۔اس موقع پر اسلام پارٹی کے تمام عہدیداروں ورکروں اور کارپوریٹرس موجود تھے ۔

اسلام پارٹی کے تمام کارپوریٹرس کو خود کو 15 دنوں کیلئے SIR مہم کیلئے وقف کرنے کی ہدایت

مالیگاؤں: مالیگاؤں شہر کے سابق رکن اسمبلی و اسلام پارٹی کے رہنما آصف شیخ رشید نے آج پرانت آفیسر نتن سدگیر سے ملاقات کرکے شہر میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) مہم اور انومریشن فارموں کے ڈیجیٹائزیشن عمل کا جائزہ لیا۔ ملاقات کے دوران حاصل ہونے والی معلومات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے عوام اور بی ایل اوز (BLOs) سے فوری تعاون کی اپیل کی۔آصف شیخ نے بتایا کہ پرانت آفیسر کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اب تک SIR فارموں کے ڈیجیٹائزیشن کا صرف 42 فیصد کام مکمل ہو سکا ہے، جبکہ 38 فیصد شہریوں نے فارم حاصل کرنے کے باوجود اپنے BLO کے واپس جمع نہیں کرائے اور 20 فیصد افراد ایسے ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنے متعلقہ بی ایل او سے فارم وصول ہی نہیں کیا ہے۔انہوں نے شہر کے تمام ووٹرس سے اپیل کی کہ وہ دیگر مصروفیات کو مؤخر کرکے فوری طور پر اپنے بی ایل او سے رابطہ کریں، انومریشن فارم حاصل کریں، درست معلومات کے ساتھ اسے پُر کریں اور بلا تاخیر واپس جمع کرائیں تاکہ کسی بھی شہری کا ووٹ ڈیلیٹ نہ ہوسکے۔

آصف شیخ نے کہا کہ بیشتر بی ایل اوز اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر انہیں مزید تیز رفتاری سے وارڈ وائز گھر گھر پہنچ کر فارم تقسیم کرنے، جمع کرنے اور ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر کسی بی ایل او کو رضاکارانہ مدد درکار ہو تو اسلام پارٹی کے کارپوریٹرس اور کارکن ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں شہریوں کے جمہوری حق، یعنی حقِ رائے دہی کے تحفظ کیلئے سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اس عمل سے محروم نہ رہ جائے۔

دریں اثنا، آصف شیخ رشید اور اسلام پارٹی کے صدر نوید خطیب احمد نے پارٹی کے تمام کارپوریٹرس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ 15 دنوں تک اپنی تمام سیاسی سرگرمیوں کو مؤخر کرکے صرف SIR مہم پر توجہ دیں۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ہر کارپوریٹر اپنے اپنے وارڈ میں عوام کو فارم حاصل کرنے، اسے درست طریقے سے بھرنے اور متعلقہ بی ایل او کے پاس جمع کرانے تک مکمل رہنمائی اور تعاون فراہم کرے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے مہاراشٹر سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں 30 جون سے SIR سروے کا آغاز کیا گیا ہے، جو 8 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران ووٹرس کے انومریشن فارم بھرے جا رہے ہیں، اور اسلام پارٹی نے اپنے تمام منتخب نمائندوں کو عوام کے ووٹنگ کے حق کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔


 کارپوریشن میں کمشنر، آصف شیخ، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال اور گٹ نیتا خالد حاجی کی مشترکہ میٹنگ میں اہم فیصلہ 

​مالیگاؤں : مالیگاؤں شہر کو نشہ اور جرائم سے پاک کرنے کی سمت میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے ایک انتہائی اہم اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کے ایسے نوجوان اور بچے جو مختلف قسم کے نشوں (جیسے کتا گولی وغیرہ) کے عادی ہو کر ذہنی توازن کھو چکے ہیں اور بے قابو ہوچکے ہیں، ان کے علاج اور بحالی کیلئے کارپوریشن کی جانب سے ایک جدید نشہ مکتی مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کارپوریشن کے جنرل بجٹ میں باقاعدہ فنڈ کا انتظام  کیا گیا ہے۔اس طرح کی تفصیلات سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ شہریان کے بہتر مستقبل، حفظان صحت اور سیکورٹی کے نقطہ نظر سے بھی آج اہم فیصلہ لیا گیا ۔

آصف شیخ کے مطابق ​اس سلسلے میں دوسرا بڑا فیصلہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ پولس ڈپارٹمنٹ کی تیار کردہ فہرست اور تجویز کے مطابق، شہر کے جن پولس اسٹیشنوں کی حدود میں جرائم کی شرح زیادہ ہے، وہاں کے حساس چوک چوراہوں پر سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس اہم پروجیکٹ کیلئے بجٹ میں 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

​ان دونوں اہم موضوعات پر تفصیلی غور و خوض اور حکمت عملی وضع کرنے کیلئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال، ڈپٹی کمشنر کماوت میڈم اور اسلام پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ و کارپوریٹر خالد حاجی کے درمیان ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں شہر کی فلاح و بہبود اور نوجوان نسل کو نشے کے دلدل سے نکالنے کیلئے ان دونوں منصوبوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے کا فیصلہ ظاہر کیا گیا۔

غفلت چھوڑو، بیدار ہو جاؤ، اپنے کل کو محفوظ بناؤ: آصف شیخ رشید

​مالیگاؤں: مالیگاؤں شہر کی معروف سیاسی و سماجی تنظیم اسلام (I.S.L.A.M) پارٹی مالیگاؤں کی جانب سے عوام کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم اور منظم عوامی بیداری مہم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ رشید کی سرپرستی میں آنے والی 17 جولائی سے پورے شہر میں بڑے پیمانے پر "ایس آئی آر (SIR) بیداری مہم" کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے اسلام پارٹی نے عوامی بیداری مہم (SIR) کے تحت کارنر میٹنگز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ مہم کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا اور ان کے حقوق کی آواز بلند کرنا ہے۔آصف شیخ رشید بانی و قائد اسلام پارٹی ان میٹنگز سے خطاب کریں گے۔میٹنگ کی تفصیلات کے مطابق 17 جولائی جمعہ شام 7 بجے گلشیر نگر، مین روڈ، گلی نمبر 5، رات 8 بجے شبیر نگر، سیلانی چوک اور رات 9 بجے آزاد نگر، جیلانی چوک میں آصف شیخ رشید میٹنگ سے خطاب کریں گے جبکہ 18 جولائی بروز سنیچر کوشام 7 بجے: گاندھی نگر، تراب ممبر کے مکان کے پاس،

رات 8 بجے: مدنی نگر، چاند پٹیل کرانہ دکان کے پاس اور رات 9 بجے: نظامیہ مسجد، 60 فٹی روڈ کی میٹنگ میں بھی آصف شیخ مقرر خصوصی کے طور پر خطاب کرینگے ۔اسلام پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بڑی تعداد میں شرکت کر کے مہم کو کامیاب بنائیں۔ یہ میٹنگز ایس آئی آر بیداری کیلئے عوام سے براہ راست رابطہ قائم کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہیں۔

 اس مہم کا بنیادی مقصد عوام کو غفلت سے نکال کر اپنے حقوق کے تئیں بیدار کرنا ہے، کیونکہ مستقبل کے کسی بھی بڑے نقصان سے بچنے کے لیے آج ہی بیدار ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔​اس مہم کو شہر کے کونے کونے اور گھر گھر تک پہنچانے کے لیے اسلام پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تشہیری تیاریاں کی گئی ہیں۔ قائدِ پارٹی آصف شیخ رشید کی زیرِ سرپرستی عوامی بیداری کے لیے خصوصی ٹی شرٹس تیار کی گئی ہیں، جبکہ شہر بھر میں تشہیر کے لیے رکشا بینر اور پوسٹرز بھی چھپوائے گئے ہیں۔ ان تشہیری وسائل کا مقصد عوام کو متحرک کرنا ہے تاکہ کوئی بھی شہری معلومات کے فقدان کی وجہ سے اس اہم ایس آئی آر مہم سے محروم نہ رہ جائے۔

​اسلام پارٹی نے مالیگاؤں کی عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ عوام جلد سے جلد اپنا ایس آئی آر (SIR) فارم حاصل کریں، اسے مکمل اور درست معلومات کے ساتھ پُر کریں اور بغیر کسی تاخیر کے اپنے متعلقہ بی ایل او (BLO) کے پاس جمع کروائیں۔آصف شیخ کا کہنا ہے کہ "غفلت چھوڑو، بیدار ہو جاؤ؛ اپنے کل کو محفوظ بناؤ" کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے، تاکہ سب کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔

اورنگ آباد میں اسلام پارٹی کی بنیاد، آصف شیخ کی گھن گرج ،ایم آئی ایم اور بی جے پر مذہبی منافرت پھیلانے کا سنسنی خیز الزام

اورنگ آباد: ملک اور ریاست میں حکمراں جماعت اور ہندوتوا تنظیمیں مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ اس کا ایک حصہ ناسک میں ٹی سی ایس تبدیلی کیس میں مسلم کمیونٹی کو بدنام کرنے کے لیے اس کیس کا میڈیا ٹرائل ہے۔ ہم عدالت اور آئین پر یقین رکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ جو لوگ جیل میں ہیں وہ بری ہو جائیں گے۔ اس طرح کا بیان اسلام پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ نے اورنگ آباد میں عہدیداروں کو تقرری نامہ دینے کے لئے منعقدہ ایک پروگرام میں کیا۔ ناسک میں بہت زیر بحث ٹی سی ایس کارپوریٹ جہاد اور تبدیلی مذہب کے معاملے نے اب ایک نیا سیاسی موڑ لیا ہے۔ جہاں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 'ایم آئی ایم' پارٹی کے کارپوریٹر متین پٹیل نے پہلے اس معاملے میں ملزمین کو پناہ دی تھی، اب مالیگاؤں کی 'اسلام پارٹی' اس کیس میں داخل ہوئی ہے۔ اس کیس کے مشتبہ ملزمان کو اب اسلام پارٹی قانونی مدد فراہم کر رہی ہے۔ ناسک کی عدالت میں  والی سماعت کے دوران اسلام پارٹی کے بانی اور سابق ایم ایل اے آصف شیخ خود عدالت میں موجود تھے۔ اس کا اعتراف انہوں نے پروگرام میں کیا۔

اسلام پارٹی نے اس مقدمے کے لیے ایک آزاد وکیل فراہم کیا ہے اور ان کی جانب سے مقرر کیے گئے وکلا نے عدالت میں ملزم دانش شیخ کی نمائندگی کی۔ سابق ایم ایل اے آصف شیخ نے اعلان کیا کہ "اگر یہ کیس مستقبل میں سپریم کورٹ میں جاتا ہے، تب بھی اسلام پارٹی قانونی جنگ لڑے گی۔" 

ملزم دانش شیخ کے وکیل فیض واصف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ندا خان کیس میں دانش کی جانب سے پیش ہوئے، حکومتی پراسیکیوٹر، مدعی کے وکیل اور ہم نے مشترکہ طور پر دلائل دیے، ہم نے عدالت میں بہت سے معاملات اٹھائے، دانش کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس کی تحویل میں دیا گیا، پھر ایم سی آر کی درخواست کی گئی، دانش کو پہلے آگاہ کیا گیا اور اس کے لیے دوبارہ درخواست دی گئی۔ 

اسلام پارٹی کے بانی آصف شیخ نے کہا، "ٹی سی ایس کیس ناسک میں ہوا، اسے مذہبی پہلو دینے کی کوشش کی گئی۔ وہاں ہر کوئی کام کر رہا تھا، وہ دوست تھے، اسے مذہبی پہلو دیا گیا، کچھ فرقہ پرست لوگوں نے یہ کام کیا، دانش شیخ کے اہل خانہ ہمارے پاس آئے، وہ خوفزدہ ہو گئے، ہم نے انہیں وکیل دیا، وہ کام دیکھ رہے ہیں۔ سیاست دان ہم مستقبل میں بھی ایسی جنگ لڑیں گے اگر یہ جنگ ناسک کی عدالت سے سپریم کورٹ تک گئی تو ہم اور اسلام پارٹی کھڑے ہوں گے۔

آصف شیخ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسلم کمیونٹی کے تہواروں پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔ حالانکہ مسلم کمیونٹی گائے کی قربانی نہیں کرتی ہے، لیکن ریاست میں کچھ لوگوں کے خلاف ایم او سی اے ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی۔ لو جہاد، لینڈ جہاد، مآب لنچنگ، بلڈوزر ایکشن اور ہراساں کرنا جاری ہے۔ ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں لیے بغیر یہ جنگ قانون کے دائرے میں لڑیں گے۔ کوئی بھی پارٹی مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر بات نہیں کر رہی ہے۔ ہم ناانصافی کے متاثرین کے لیے کھل کر سیاسی اور قانونی جنگ لڑیں گے۔ اے آئی ایم آئی ایم حکمران جماعتوں سے ہاتھ ملا کر اپنے سیاسی انگاروں کو جلا رہی ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم مسلم ووٹوں کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے اورنگ آباد میں ایک اسکول کا افتتاح کیا، لیکن اسکول شروع نہیں ہوا، وہ زمین بیچ کر کھا گئے۔ مالیگاؤں میں بھی ایسا ہی ہوا جہاں ایک اسپتال بننا تھا۔ یہاں کے لوگوں نے ایم ایل اے اور ایم پی کو منتخب کیا لیکن نہ صرف شہر کی ترقی نہیں ہوئی بلکہ امتیاز جلیل نے اپنا بنگلہ بنایا۔ وہ شہر کا نام بدلنے سے نہیں روک سکا۔ اب شہر کے عوام ان کے فریب کا شکار نہیں ہوں گے بلکہ اسلام پارٹی متبادل کے طور پر سامنے آئی ہے۔ وہ تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کے مسائل کو اٹھا کر پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کریں گے۔ آصف شیخ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئی ایگزیکٹو اچھا کام کرے گی۔ انہوں نے میڈیا پر خبروں کی ویڈیو دکھا کر ایم آئی ایم پارٹی کس طرح حکمراں جماعتوں کی حمایت کرتی ہے اس کا پردہ فاش کرنے کی کوشش کی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ایم آئی ایم پارٹی اس پر کیا ردعمل دیتی ہے۔موصوف کٹ کٹ گیٹ میں عہدیداران میں تقرری نامہ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس بار انہوں نے اپنی تقریر میں بی جے پی اور ایم آئی ایم پارٹی پر حملہ کیا۔ 

اس پروگرام میں نومنتخب سٹی صدر رفعت یارخان، نوجوان سٹی صدر ابوالحسن ہاشمی، ترجمان عارف حسینی، ظفر بلڈر، سلیم پٹیل بورگاونکر، غازی سعدالدین، شکیلہ پٹھان، ندیم رانا، مہرنیسہ خان عرف موتے بھابھی، جمیل خان، اظہر پٹھان، ابو لالہ ہاشمی، جلیل خان، اظہر پٹیل، شیخ عبدالعزیز، عبدالعزیز، شیخ رشید اور دیگر نے شرکت کی۔ پٹھان اور بڑی تعداد میں عہدیداران اور کارکنان پلیٹ فارم پر موجود تھے۔


موجودہ حالات میں ملسم لیڈران کی خاموشی پر آصف شیخ سنسنی خیز انکشافات کرینگے 

اورنگ آباد : مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر اقتدار حاصل کرنے والی انڈین سیکولر لارجسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر (اسلام پارٹی) نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کو ریاست کے مختلف اضلاع تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں پارٹی کے کارپوریٹرس اور سرکردہ قائدین پر مشتمل ایک وفد نے مراٹھواڑہ کا دورہ شروع کیا ۔اورنگ آباد، جالنہ ، ناندیڑ اور امراوتی سمیت اورنگ آباد ضلع و مراٹھواڑہ میں اسلام پارٹی کا دورہ جاری ہے ۔اس سلسلے میں وفد نے مذکورہ علاقوں میں اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے میٹنگ کی ۔ نادیڑ کے دیگلور ناکہ پر ڈے لائٹ فنکشن ہال میں منعقدہ میٹنگ میں اسلام پارٹی کے ناندیڑ کوآرڈی نیٹر سید حیدر پٹیل اور ان کی ٹیم کے اراکین سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔جس میں ناندیڑ سمیت مراٹھواڑہ کے سیاسی حالات، مقامی عوامی مسائل اور اقلیتی علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی قائدین نے ناندیڑ میں اسلام پارٹی کے تئیں عوامی دلچسپی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے یہاں پارٹی کو بڑے پیمانے پر لانچ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ’ اسلام‘ پارٹی کے بانی اور مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید بارہ جون بروز جمعہ کو مراٹھواڑہ کا دورہ کریں گے۔12 جون کو اورنگ آباد کے کھٹ کھٹ گیٹ پر واقع سہارا لانس و سہارا ہال میں ایک انقلابی جلسہ عام کا انعقاد جائے گا جس کے ذریعے پارٹی اپنی پالیسی، پروگرام اور عوامی ایجنڈا کو عوام کے سامنے پیش کرے گی۔ پارٹی ذمہ داران نے کہا کہ’ اسلام‘ پارٹی صرف انتخابی سیاست تک محدود نہیں ہے بلکہ دبے کچلے اور بنیادی سہولیات سے محروم طبقات کی آواز بننے کی کوشش کررہی ہے۔ ان کے مطابق کئی مسلم اکثریتی علاقوں میں آج بھی پکی سڑکوں، صاف پینے کے پانی، ڈرینج لائنوں اورصاف صفائی جیسی بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے جبکہ عوام برسوں سے مسائل کا سامنا کررہے ہیں ۔ مالیگاؤں سے آئے ہوئے قائدین نے اسلام پارٹی کے بانی آصف شیخ رشید کو ایک بے باک، متحرک اور عوامی مسائل کے تئیں سنجیدہ لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مالیگاؤں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اسلام پارٹی کے نمائندے بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے اور پارٹی کارپوریشن میں اقتدار حاصل کرتے ہوئے اپنا میئر منتخب کرانے میں بھی کامیاب رہی۔ پارٹی قائدین نے واضح کیا کہ جس طرح مالیگاؤں میں اسلام پارٹی نے اپنی مضبوط سیاسی شناخت قائم کی ہے، اسی طرز پر اب مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے دیگر شہروں میں بھی پارٹی اپنی موجودگی مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔ خاص طور پر اقلیتی اکثریتی علاقوں میں تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کرنے اور نوجوانوں کو سیاست میں فعال کردار دینے پر توجہ دی جائے گی، اسی طرح موجودہ حالات میں ملسم لیڈران کی خاموشی، ندا خان معاملہ ،گئو ونش، وقف قانون وغیرہ پر آصف شیخ سنسنی خیز انکشافات کرینگے ۔ پارٹی کے ذمہ داران نے مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کی کارکردگی پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناندیڑ جالنہ اور اورنگ آباد کی عوام نے مجلس کو بڑی امیدوں کے ساتھ سیاسی حمایت دی تھی، مگر عوامی توقعات کے مطابق مسائل کے حل کیلئے مؤثر کام نہیں ہوسکا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج بھی کئی مسلم بستیاں بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے عوام ایک متبادل سیاسی قیادت کی تلاش میں ہیں ۔ پارٹی قائدین نے مراٹھواڑہ کے نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ’ اسلام‘ پارٹی سے وابستہ ہوکر سماجی اور سیاسی تبدیلی کی اس تحریک کا حصہ بنیں۔خیال رہے مراٹھواڑہ کی عوام میں اسلام پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے سیاسی عہدوں کی تقسیم بھی کی جائے گی ۔یہاں شہری و ضلعی صدور، سیکرٹری اور ترجمان وغیرہ ذمہ داران کے نام کا اعلان بھی کیا جائے گا ۔

بریج عوام کیلئے شروع کیا جائے، آصف شیخ کی وفد کے ساتھ کمشنر سے ملاقات و مطالبہ 

مالیگاؤں (پریس ریلیز) 2014 سے 2019 تک رکن اسمبلی رہے آصف شیخ کی جدوجہد اور ریاستی حکومت کے فنڈ سے مالیگاؤں شہر کے اولڈ آگرہ روڈ نیو بس اسٹینڈ کے پاس ایک فلائی اوور بریج کی منظوری کے بعد تعمیری کام کا آغاز کیا گیا تھا لیکن مالیگاؤں شہر سے اسمبلی کی قیادت میں تبدیلی آنے سے اس فلائی اوور کی تعمیر میں سست روی پائی گئی اور تقریباً پانچ سال کے عرصے میں اس فلائی اوور کی تعمیر نہیں ہوسکی ۔اب جبکہ یہ بریج مکمل ہونے جارہا ہے تو اسے فوری طور پر عوام کیلئے کھولا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :... سولار بجلی پینل کی منظوری پر مسجد عبدالعزیز بیچئی کے ٹرسٹیان نے آصف شیخ کا استقبال کیا

اس بریج کو سابق میئر مرحوم شیخ رشید نے اپنی جانب سے تجویز پیش کرتے ہوئےجنرل بورڈ میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمتہ اللہ علیہ کے نام سے منسوب کرنے کو منظوری دی تھی ۔لہٰذا مالیگاؤں کارپوریشن آگرہ روڈ پر زیر تعمیر فلائی اوور بریج کو جلد از جلد عوام کیلئے کھولے اور اس پر حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمتہ اللہ علیہ کے نام کا بورڈ آویزاں کریں ۔اس طرح کا تفصیلی مطالبہ آصف شیخ رشید نے آج مالیگاؤں کارپوریشن کے کمشنر و پرشاشک رویندر جادھو سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آصف شیخ کی قیادت میں نمائندہ وفد سے کمشنر نے کہا کہ ہم آپکے مطالبہ پر ہر ممکن کارروائی کرتے ہوئے جلد از جلد فلائی اوور بریج کو عوام کیلئے شروع کرینگے اور اسکا نام بھی آپکی تجویز کے مطابق لکھا جائے گا۔

اگر مفتی اسمٰعیل بغیر سوچے سمجھے گمراہ کن بیان نہیں دیتے تو آج شہر کی تین سو سے زائد مساجد و مدارس میں سولار سسٹم لگانے کی منظوری حاصل کرلیتے: آصف شیخ

مالیگاؤں (پریس ریلیز) شہر کی 110 مساجد و مدارس میں سولار سسٹم نصب کرنے کی منظوری اور پانچ کروڑ روپے فنڈ دستیاب کروانے والے آصف شیخ رشید کی کامیاب جدوجہد پر آج محوی نگر میں واقع مسجد عبد العزیز بیچئی کے ٹرسٹیان و ذمہ داران نے آصف شیخ کا استقبال کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں نیک خواہشات پیش کی ۔اس موقع پر مولانا افتخار سالک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسجد عبد العزیز بیچئی کے پاور بل کی ادائیگی کی ذمہ داری حاجی عبد العزیز بیچئی کے خاندان نے اپنے ذمہ لی ہے اور اب تک مسجد کا بل انکے فرزند عتیق احمد ہی ادا کرتے آرہے ہیں لیکن جولائی کے مہینے میں جیسے ہی آصف شیخ نے اعلان کیا تھا کہ ہم مسجد و مدرسہ میں سولار سسٹم کی منظوری مہاراشٹر سرکار سے لاکر دینگے، عتیق احمد نے مسجد کے ذمہ داران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آصف شیخ کی اپیل پر توجہ دیکر اس اسکیم کا فائدہ حاصل کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بس یوں ہی خانہ پری سمجھ کر آصف شیخ کو مسجد کے پاور بل کا زیراکس دے دیا تھا اور ہم بھول گئے تھے کہ یہ کام اتنی آسانی سے ہوگا ۔لیکن ہماری توقع کیخلاف آصف شیخ نے چند دنوں میں ہی شہر کی 110 مسجد و مدرسہ میں سولار پینل کی منظوری اجیت پوار سے بات چیت کرتے ہوئے جی آر میں ترمیم کر کے حاصل کرلی ۔اس پر ہمیں بہت خوشی و حیرانی ہوئی اور اب مسجد میں سولار سسٹم نصب کرنے کیلئے پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر جائزہ لینے بھی پہنچ گئے ہیں ۔مولانا افتخار سالک نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہوتا ہے اور مسجد کے کسی بھی کار خیر میں حصہ لینے والے کو اللہ تعالیٰ اجر عظیم عطا فرماتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شیخ آصف کے والد اور انکی والدہ بھی نیک فعال تھیں ۔انہوں نے بھی مسجد و مدرسہ کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا ہم ان کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے مرحومین کے حق میں دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انکے درجات کو بلند فرمائے ۔مولانا افتخار سالک نے مسجد عبد العزیز بیچئی کے ذمہ داران کی جانب سے آصف شیخ رشید کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر آصف شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے اجیت دادا پوار سے ملاقات کرتے ہوئے بات چیت کی کہ ہمیں ڈاکٹر ذاکر حسین مدرسہ بورڈ کے کئی نقاط سے ہٹ کر جس طرح مائناریٹی و پلاننگ ڈپارٹمنٹ سے فنڈ دستیاب ہوتا ہے اسی طرح سادہ سادہ فنڈ فراہم کریں تاکہ مستقبل میں مسجد و مدرسہ کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس پر اجیت پوار نے جی آر میں ترمیم کیا اور ہمیں مسجد و مدرسہ کیلئے سولار نصب کرنے کی منظوری دیتے ہوئے پانچ کروڑ روپے کا خطیر فنڈ بھی فراہم کیا ۔آصف شیخ نے کہا کہ ہم نے ابھی دوسری یادی میں 80 مساجد و مدارس کا عریضہ اجیت پوار کو دیا ہے اور ابھی مزید سو سے زائد عریضے بھی موصول ہوگئے ہیں ہم ان عریضوں کو بھی اجیت پوار کے سامنے رکھ کر منظوری حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔آصف شیخ نے کہا کہ اگر الیکشن ڈکلیئر نہیں ہوا تو ان سب کی منظوری حاصل کی جائے گی ورنہ ان عریضوں کو الیکشن بعد منظور کروا کر دیا جائے گا ان شاء اللہ ۔آصف شیخ نے کہا کہ جس دن ہم نے اعلان کیا تھا اگر اسی درمیان مفتی اسمٰعیل بغیر سوچے سمجھے گمراہ کن بیان نہیں دیتے تو آج شہر کی تقریباً تین سو سے زائد مساجد و مدارس میں سولار سسٹم لگانے کی منظوری حاصل کرلیتے ۔آصف شیخ نے اس موقع پر مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا بھی شکریہ ادا کیا ۔آصف شیخ نے مستقبل میں مزید کاموں کو انجام دینے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔یہاں مسجد عبد العزیز بیچئی کے ٹرسٹیان کے علاوہ مصلیان مسجد و محلہ کے سرکردہ افراد موجود تھے ۔

 

بامبے ہائی کورٹ کے معزز ایکٹنگ چیف جسٹس نتن جامدار و جج سندیپ مارنڈے کی ڈبل بینچ میں 21 جون کو میونسپل کمشنر و دیگر پانچ حکام کو حاضر کا حکم جاری, معین الدین اور اسلم انصاری کی عرضداشت پر میونسپل کمشنر و دیگر پانچ فریقین کو نوٹس 

مالیگاؤں (نامہ نگار) انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کے پانچ سو کروڑ روپے کے ٹینڈر میں بیشمار خامیاں اجاگر کرتے ہوئے سابقہ دنوں پریس کانفرنس لیکر اسلم انصاری و آصف شیخ رشید نے کمشنر کی نیت پر کئی شکوک و شبہات اور الزامات مع دستاویزات عائد کئے تھے اور اعلان کیا تھا کہ اگر شہر کو کھنڈر بنانے سے کمشنر باز نہیں آئے اور انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کے ٹینڈر میں سخت شرائط و ضوابط نافذ نہیں کئے گئے تو ہم ممبئی ہائی کورٹ میں پی آئی ایل داخل کریں گے ۔اسی نقطہ کو لیکر بروز جمعہ 16 جون کو ممبئی ہائی کورٹ میں پٹیشنرس انصاری محمد اسلم خلیل احمد اور معین الدین نظام الدین نے ایک مفاد عامہ کی عرضداشت دائر کی ہے جسکا نمبر SD15830/23 

بتایا گیا ہے ۔اسطرح کی تفصیلات ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے آصف شیخ رشید اور اسلم انصاری نے کہا کہ مالیگاؤں کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر و کمشنر بھالچندر گوساوی مالیگاؤں شہر کو کھنڈر بنانے اور اپنا الو سیدھا کرنے کی گھناؤنی کوشش کررہے ہیں۔انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کیلئے پانچ سو کروڑ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔جن مقامات پر گٹر کی تعمیر کیلئے کھدائی کی جائے گی وہاں پر برائے نام پیچ ورک کا ذکر کیا گیا ہے جبکہ اس مقام پر نئے سرے سے سمینٹ کانکریٹ روڈ کی تعمیر کرنے کی ضرورت ہے لیکن اسکا کوئی ذکر نہیں، شہر بھر میں جگہ جگہ مین ہول صفائی کیلئے بنائے جائیں گے لیکن اس پر کور کا ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔اس اسکیم کیلئے پروجیکٹ مینیجمینٹ کنسلٹنٹ کے طور پر مہاراشٹر جیون پرادھیکرن کو منتخب کیا گیا لیکن اس ایجنسی نے آفس میں بیٹھ کر اسٹیمیٹ بنایا جبکہ انڈر گراؤنڈ گٹر کی تعمیر کیلئے آبادی کے لحاظ سے مکمل طور پر واضح سروے کرنا ضروری تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ٹینڈر جلد بازی میں جاری کیا گیا جس میں بہت ساری فاش غلطیاں کی گئی ۔اس کے سبب شہریان کے کروڑوں روپے کے ٹیکس کا نقصان ہوگا ۔اتنا ہی نہیں عوام کو سالوں تک آمد و رفت کیلئے پریشانی و تکالیف کا سامنا بھی کرنا پڑے گا ۔اور کوئی پرسان حال نہیں ہوگا ۔اسی طرح کئی سو کروڑ روپے کے بجٹ سے شہر میں سمینٹ کانکریٹ روڈ کی تعمیر جاری ہے اور کئی سڑکیں تعمیر ہوچکی ہیں ۔ان کروڑوں روپے کی تعمیر شدہ سڑکوں کو دوبارہ کھودا جائے گا جس سے عوامی املاک کو نقصان پہنچے گا، کروڑوں روپے کا بیجا اصراف ہوگا اور شہریان مالیگاؤں کو حد درجہ تکالیف و پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ٹینڈر حاصل کرنے کے خواہش مند مکتے دار جو پچھلے پانچ سالوں میں 150 کروڑ روپے کا سالانہ ٹرن اوور رکھتے ہیں کو بھی حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔جبکہ اس کام کیلئے کم از کم ایک ہزار کروڑ روپے کا ٹرن اوور رکھنے والے مضبوط مکتے دار کا ذکر کرنا لازمی تھا ۔تاکہ دی گئی مدت میں کام مکمل ہوسکے ۔اس کام کیلئے پانچ سو کروڑ روپے کا اثاثہ رکھنے والے ٹھیکہ دار کا ہونا ضروری ہے لیکن کمشنر نے 25 کروڑ روپے کا اثاثہ رکھنے والے ٹھیکہ دار کو بھی ٹینڈر میں حصّہ لینے کی اجازت دے دی جو کہ کام کی نوعیت کے لحاظ سے نہایت ہی کم ہے ۔اس کام کو 24 مہینوں میں کام مکمل کرنے کی شرط رکھی گئی ہے ۔اس کے علاوہ ممبئی ہائی کورٹ میں درج پٹیشن میں معزز کورٹ سے کہا گیا ہے کہ فوری سماعت اور موجودہ مفاد عامہ کی عرضی کو حتمی طور پر نمٹانے کے لیے معزز عدالت میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ،ممبر سیکرٹری مہاراشٹر جیون پرادھیکرن ممبئی ،چیف انجینئر ناسک ڈیوژن مہاراشٹر جیون پرادھیکرن ، پرنسپل سیکرٹری وزارت شہری ترقیات منترالیہ اور حکومت مہاراشٹر کو ہدایات دی جائے کہ 5 جون 2023 کے ‏G.R کے مطابق (انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم) زیر زمین سیوریج سسٹم پروجیکٹ اور واٹر سپلائی پروجیکٹ کے فیز-2 کے کام کو مزید آگے بڑھنے سے روکا جائے۔ ٹینڈر کی شرائط میں عبوری/اشتہاری ریلیف دی جا سکتی ہے اور انصاف کے اس عمل کے لیے درخواست گزاروں کو راحت دینے کیلئے ذمہ دار آفیسران کو بطور ڈیوٹی پابند بنایا جائے ۔عرضداشت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ معزز عدالت جواب دہندہ نمبر 1 سے 5 کو ہدایت دے کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی میونسپل حدود کے اندر کھدائی اور اس کے بعد ترقیاتی سرگرمیوں کے ذریعے سڑک کو کنکریٹائز کرنے(سمینٹ روڈ بنانے) کے لیے سائنسی اور درست طریقہ کار کو تیار کرنے، اپنانے، نافذ کرنے کیلئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن حدود میں ہی مکمل کیا جائے ۔ معزز عدالت سے رٹ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ معزز عدالت متعلقہ آفیسران کو حکم، ہدایات یا عرضی گزاروں کی نوعیت میں کوئی اور مناسب رٹ جاری کرنے کا مجاز رکھے ۔جواب دہندہ نمبر 1 سے 5 کو مزید ترقیاتی کام جاری کرنے یا ٹینڈر جاری کرنے اور ورک آرڈر جاری کرنے پر روک لگائی جائے۔ اس ضمن میں ممبئی ہائی کورٹ نے مالیگاؤں کارپوریشن کے کمشنر سمیت پانچ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جون کو صبح دس بجے ممبئی ہائی کورٹ میں حاضر رہنے کا حکم دیا ہے ۔

کارکنان نے آتش بازی کی اور جشن منایا، پوار نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کیلئے وقت مانگا

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ کے طور پر شرد پوار کا استعفیٰ متفقہ طور پر مسترد کر دیا گیا. پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے آج ممبئی میں پارٹی کارکنان کے جذباتی احتجاج کے پس منظر میں میٹنگ کی۔

 ایک بار پھر، 82 سالہ این سی پی لیڈر شرد پوار نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ انہیں پارٹی کے سربراہ کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھنے سے متعلق سوچنے کے لیے وقت درکار ہے. واضح رہے کہ 1999 میں شرد پوار نے راشٹروادی کانگریس پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:... این سی پی کا اگلا صدر کون؟؟؟ اجیت پوار،سپریا سولے یا پرفل پٹیل؟؟؟؟

 شرد پوار کی بیٹی سپریا سولے اور بھتیجے اجیت پوار اس میٹنگ میں موجود تھے جس میں سینئر این سی پی لیڈر پرفل پٹیل کی قیادت میں پینل نے جانشینی کے کسی بھی منصوبے کو ابھی کے لیے روک دیا۔

کمیٹی نے آج کے اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی ہے۔  قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شرد پوار کی صدارت برقرار رہنا چاہیے۔ پرفل پٹیل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ صدر کے عہدے سے دستبردار ہونے کے شرد پوار کے فیصلے کی سبھی نے متفقہ طور پر مخالفت کی ہے۔ہم سب چاہتے ہیں کہ شرد پوار پارٹی صدر کے طور پر برقرار رہیں۔ انہیں ہم جیسے لاکھوں لوگوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہئے اور انہیں بحیثیت صدر اپنی خدمات جاری رکھنا چاہئے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے شرد پوار کو کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ انہیں اس فیصلے پر غور کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔

تین دنوں میں جب سے شرد پوار نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا ہے تب سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ سپریا سولے صدر کا عہدہ سنبھالیں گی اور اجیت پوار مہاراشٹر میں پارٹی کا چہرہ ہوں گے۔  تاہم، اجیت پوار کے لیے واضح کردار کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی، جن کی بی جے پی کے ساتھ گٹھ جوڑ کو شرد پوار کے حیران کن اقدام کے پیچھے ایک اہم عنصر سمجھا جاتا تھا۔  بہت سے لوگوں نے کہا کہ شرد پوار اجیت پوار اور پارٹی میں پھوٹ کو روکنا چاہتے ہیں جو اس کے بعد ہو سکتا ہے۔

آج کا فیصلہ مسٹر پوار کے اپنی پارٹی پر غلبہ کی تصدیق کرتا ہے اور اب گیند پوار کے پالے میں ہے۔

کمیٹی کے مذکورہ فیصلے کے بعد این سی پی کارکنوں کی طرف سے آتش بازی کی گئی اور جشن منایا گیا جنہوں نے اپنے شرد پوار سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی تھی۔

پرفل پٹیل نے کہا کہ اس دن شرد پوار نے جو کچھ بھی کہا وہ ہم سب کے لیے چونکا دینے والا تھا۔  ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ شرد پوار اس پروگرام میں ایسے کسی فیصلے کا اعلان کریں گے۔  آپ سب نے دیکھا کہ ان کے اعلان کے بعد کیا ہوا، لوگوں نے کس طرح اپنے جذبات کا اظہار کرنے کی کوشش کی۔  پروگرام کے بعد بھی، پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں نے شرد پوار سے کئی بار ملاقات کی اور ہم ان سے مسلسل درخواست کرتے رہے ہیں کہ ملک، ریاست اور پارٹی سب یہ چاہتے ہیں کہ آپ صدارت پر برقرار رہیں اور آپ ہی ہماری رہنمائی کر سکتے ہیں.

جتیندر اوہاڑنے بھی جنرل سکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دیا، نئے صدر کے انتخاب کیلئے یشونت راؤ چوہان سینٹر میں 15 رکنی کمیٹی کی میٹنگ جاری

بدھ کو شرد پوار کے این سی پی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے اعلان کے ایک دن بعد، جتیندر اوہاڑنے بھی جنرل سکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔  ذرائع کے مطابق مزید کئی عہدیدار استعفیٰ دےسکتے ہیں۔  82 سالہ این سی پی سربراہ شرد پوار نے منگل کو اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا تھا اور ان کے بھتیجے اجیت پوار نے کہا تھا کہ شرد پوار کا فیصلہ بدلنے والا نہیں ہے۔ اس پریس کانفرنس کے دوران ہی پارٹی لیڈران اور کارکنوں نے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا اور استعفیٰ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔  شرد پوار نے آج صبح کہا کہ ان پر استعفیٰ واپس لینے کے لیے بہت دباؤ ہے۔ ممبئی کے یشونت راؤ چوہان سینٹر میں 15 رکنی کمیٹی کی میٹنگ جاری ہے، جسے نئے صدر کے انتخاب کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔  صدارت کی دوڑ میں اجیت پوار، سپریا سولے اور پرفل پٹیل کے نام سب سے آگے ہیں۔

بدھ کی صبح اجیت پوار کے گھر پر پارٹی ایم ایل ایز کی میٹنگ ہوئی۔  دوسری طرف راجندر سنگھانے، امیش پاٹل اور پراجکت کانپورے شرد پوار سے ملنے ان کی رہائش سلور اوک پہنچے۔  شرد پوار آج صبح 10:30 بجے پارٹی دفتر پہنچے۔ انہوں نے دوپہر ایک بجے تک یہاں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کی۔ اسی دوران اجیت پوار، سپریا اور پرفل پٹیل بھی پارٹی دفتر پہنچے۔ پارٹی کے ترجمان امیش پاٹل نے کہا کہ میں پوار صاحب سے مل کر آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بہت غور و فکر کے بعد کیا گیا ہے۔ قیادت اور صدارت دو الگ چیزیں ہیں۔ پارٹی کا صدر کوئی بھی ہو قیادت ہمیشہ میری ہی رہے گی۔ این سی پی لیڈر چھگن بھجبل نے کہا ہے کہ شرد پوار کی تشکیل کردہ کمیٹی نئے صدر کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

این سی پی میں جاری کشمکش پر مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ این سی پی صدر کے طور پر شرد پوار کے استعفیٰ سے مہاوکاس اگھاڑی اتحاد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ یہ این سی پی کا اندرونی معاملہ ہے۔ شیوسینا (ادھو ٹھاکرے) رہنما سنجے راؤت نے شرد پوار کے استعفیٰ پر کہا کہ ان کا استعفیٰ ملک کی سیاست کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ اگر انہوں نے یہ فیصلہ لیا ہے تو ملک اور مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل مچ جانا فطری ہے۔ آنے والے دنوں میں ہمیں کیا کرنا ہے اس پر جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ ہم حالات پرنظر رکھے ہوئے ہیں۔

آصف شیخ نے کیا استقبال، مل کر کام کرنے اور مالیگاؤں آوٹر میں پارٹی کو مضبوط کرنے کا عزم

مالیگاؤں (پریس ریلیز) مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کی کمان جب سے آصف شیخ رشید کے ہاتھوں میں آئی ہے تب سے مالیگاؤں شہر میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے لوگ مسلسل راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، تقریباً دو سال قبل آصف شیخ رشید نے راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی بعد شہر کی ایک بڑی تعداد نے راشٹروادی سے جڑنا شروع کیا اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے آج 19 مارچ بروز اتوار دوپــہــــر 3 بجے راشٹروادی بھون پر یوتھ وِنگ کے کارگذار صدر منموہن شیواڑے کی موجودگی میں آصف شیخ رشید کی صدارت میں ایک مختصر پروگرام منعقد کیا گیا جہاں مالیگاؤں آؤٹر حلقہ اسمبلی نوجوانوں نے آصف شیخ رشید کے کاموں کو دیکھتے ہوئے راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی جہاں آصف شیخ رشید نے تمام نوجوانوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی مبارکباد پیش کی ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ آؤٹر میں راشٹروادی کانگریس پارٹی مضبوطی کے ساتھ الیکشن لڑے گی آپ لوگوں کے ساتھ سے پارٹی اور مضبوط ہوگی آپ کو اور ہمیں مل کر کام کرنا ہے، اسی کے ساتھ شیخ آصف نے کہا کہ مالیگاؤں سینٹرل میں ہم پوری طاقت کے ساتھ اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑینگے اور مالیگاؤں سینٹرل کے ساتھ ساتھ آؤٹر میں بھی محنت جاری رکھنا ہے. علاوہ ازیں اس پروگرام میں آصف شیخ رشید  نے بتایا کہ ہم نے ہمیشہ سے سب کو ساتھ لیکر سب مذہب کے ماننے والوں کو ساتھ لیکر کام کیا ہے اور کررہے ہیں اسی لئے لوگ ہمارے ساتھ مسلسل جڑتے ہیں اور آگے بھی جڑیں گے ان شاء اللّہ، آصف شیخ نے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے نوجوان اگر عہدہ پر رہ کر پارٹی کا کام کرنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں عہدہ بھی دینگے تاکہ وہ پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے کوشاں رہیں 

اس موقع پر سجیت پوار، درووا کاپڑنیس ،گجانن گوہرے،آتش بھامرے، پرتیک پاٹل،روہیت بھوجالی،آدتیہ موہیتے ،روہن گائکواڑ سمیت سینکڑوں نوجوان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی.

انتخابات کیلئے این سی پی کی حکمت عملی اور نیشنل ہائی وے نمبر 3 سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال

نئی دہلی  (پریس ریلیز) آئندہ سال ہونے جارہے لوک سبھا اور اسمبلی چناؤ میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کی حکمت عملی اور کامیابی کیلئے جہاں شرد پوار سرگرم ہیں وہیں انہوں نے این سی پی لیڈران کو بھی اس چناؤ کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا ہے ۔اس کے علاوہ دھولیہ مالیگاؤں لوک سبھا چناؤ میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کی حکومت عملی کیا رہے گی اس پر آج دہلی میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی صدر شردپوار سے سابق رکن اسمبلی و مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید نے ملاقات کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا. انہوں نے دھولیہ مالیگاؤں لوک سبھا چناؤ کے متعلق امیدوار کے انتخاب اور چناؤ پر بات چیت کی وہیں آصف شیخ نے مالیگاؤں سینٹرل اسمبلی کے ساتھ ساتھ مالیگاؤں آؤٹر حلقہ اسمبلی کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا اور کئی دیگر امور پر گفتگو کی ۔اس درمیان شرد پوار نے کہا کہ مہاراشٹر کے تمام اضلاع کے این سی پی مائناریٹی صدور نے آصف شیخ کو مہاراشٹر کا مائناریٹی صدر نامزد کرنے کی تجویز پیش کی ہے لہذا آپ مائناریٹی کے ریاستی صدر کا عہدہ سنبھالیں ۔اس پر آصف شیخ رشید نے کہا کہ لوک سبھا، اسمبلی اور کارپوریشن چناؤ کے سبب مصروفیات زیادہ رہیں گی اس لئے فی الحال یہ عہدہ کسی اور کو دیا جائے یا آئندہ انتخابات تک روک دیا جائے ۔اس موقع پر شرد پوار اور آصف شیخ کے بیچ مالیگاؤں کے سیاسی،سماجی، مذہبی،تعلیمی اور کاروباری شخصیات، تنظیموں کے خیالات و کارکردگی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ۔اس موقع پر آصف شیخ نے شرد پوار کو مالیگاؤں سے گزرنے والی نیشنل ہائی وے نمبر 3 کے مسائل بھی پیش کئے جسے شرد پوار نے نتن گڈکری سے پارلیمنٹ میں ملاقات کرتے ہوئے حل کروانے کا تیقن دیا ۔

 گیارہ دسمبر تک مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 12 دسمبر کو دھڑک مورچہ، غریبوں کیساتھ ناانصافی برداشت نہیں

مالیگاؤں (پریس ریلیز) مالیگاؤں شہر میں غریب شہریوں کی بڑی تعداد ہے اور 40 سے 50 ہزار خاندان سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ شہر میں 1 لاکھ سے زیادہ کیسری راشن کارڈ ہولڈر ہیں اور انہیں غذائی قلت کا سامنا ہے اور انہیں کسی قسم کا اناج نہیں مل رہا ہے۔ ریاست میں کئی مقامات پر ایسے شہری جن کی سالانہ آمدنی 59 ہزار سے کم ہے غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ ایسے کیسری کارڈ ہولڈروں کو اناج دیا جا رہا ہے۔ پھر مالیگاؤں شہر کی عوام کو اناج کیوں نہیں۔ نیز یہ تمام کیسری کارڈ ہولڈر حکومت کی طرف سے فراہم کردہ مفت اناج سے بھی محروم ہیں۔لہٰذا اس جانب توجہ دی جائے اور کیسری کارڈ ہولڈرس کو اناج دیا جائے ۔اسطرح کا مطالبہ آج تیسری بار آصف شیخ نے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے پرانت آفیسر وجئے آنند شرما سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔مطالبات پیش کرتے ہوئے آصف شیخ نے 

ڈیمانڈ لیٹر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ مالیگاؤں شہر میں کل 1,1900,00 کیسری راشن کارڈ ہولڈر ہیں، جن کی سالانہ آمدنی 59 ہزار سے کم ہے۔ ایسے تمام کیسری کارڈ ہولڈروں کو فوری طور پر اناج دیا جائے۔ شہر میں کل(انتیودئے) ترجیحی فیملی بینیفشری راشن کارڈ ہے، یہ تمام کارڈ 1998 میں جاری کیے گئے تھے اور آج ان کارڈوں کی حالت بہت خراب ہے۔ بہت سے کارڈز پر درست نام نہیں ہیں اور کارڈ مکمل طور پر پھٹے ہوئے ہیں۔ ایسے تمام کارڈ ہولڈرز کو فوری طور پر نئے کارڈ جاری کیے جائیں۔ آن لائن سسٹم کے ذریعے (انتیودئے) ترجیحی فیملی بینیفشری راشن فارم اور درستی کرنے کا عمل اناج ڈسٹری بیوشن آفیسر کے دفتر میں مسدود ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس لیے آن لائن سسٹم کے ذریعے نام کی تصحیح کے لیے فوری کارروائی شروع کی جانی چاہیے۔پرانت آفس میں نام بڑھانے/کم کرنا/نیا کارڈ/ثانوی کارڈ فراہم کرنے کے انتظامات کئے جائیں ۔شہر کے تمام سستے اناج کی دکانوں سے راشن کارڈ ہولڈروں کو دیئے جانے والے اناج کی رسیدیں جاری کرنے کا انتظام کیا جائے۔انتیودئے کارڈ ہولڈرز کو کئی سالوں سے چینی نہیں مل رہی ہے۔ اس دسمبر-2022 سے سب کو چینی دینے کے لیے کارروائی کی جائے۔ شہر کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں سستے اناج کی دکانوں کی تعداد بڑھانے کے لیے کارروائی کی جائے۔

آصف شیخ نے ان مطالبات کی یکسوئی کرنے کیلئے پرانت آفیسر کو 12 دسمبر کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذکورہ اوقات میں ہمارے مطالبات 11 دسمبر تک تسلیم نہیں کئے گئے تو   12 دسمبر کو دوپہر 3 بجے ایک عوامی مورچہ مالیگاؤں شہر کی غریب عوام کیساتھ پرانت آفس لایا جائے گا ۔ براہ کرم اسے نوٹ کریں ۔آصف شیخ نے کہا کہ مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی شہر کی غریب عوام کیساتھ میونسپل مراٹھی اسکول، اشوکا لاج، آگرہ روڈ سے پرانت آفس تک ایک دھڑک مہا مورچہ نکالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کیساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی ۔اس مکتوب کی ایک کاپی ضلع کلکٹر، ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر، ناسک، اناج ڈسٹری بیوشن آفیسر، مالیگاؤں سٹی کو روانہ کی گئی ہے ۔اس سلسلے میں 4 دسمبر بروز اتوار کو ہزار کھولی رابطہ آفس پر شیخ رشید کی صدارت میں این سی پی کے ورکروں اور عہدیداران کیا ایک ہنگامی میٹنگ کا انعقاد بھی لیا جارہا ہے ۔اس وفد میں رئیس عثمانی، ایوب خان، عاصم راکی،نثار راشن والا، عبدالقیوم، سمیت این سی پی کے عہدیداران موجود تھے ۔

نشہ آور اشیاء پر قدغن لگانے ،سماجی برائیوں کی روک تھام اور امن امان برقرار رکھنے کیلئے پولس شفاف کردار ادا کرے

مالیگاؤں(پریس ریلیز) ناسک ضلع دیہی پولس ایس پی شاہ جی امپ نے آج مالیگاؤں کا دورہ کیا ۔انہوں نے پولس کنٹرول روم میں واقع ایڈیشنل ایس پی دفتر پہنچ کر پولس انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔وہیں ضلع ایس پی شاہ جی امپ نے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ضلعی صدر آصف کو مدعو کرتے ہوئے ان سے شہری حالات پر تفصیلی گفتگو کی ۔اس ضمن میں آصف شیخ نے شاہ جی امپ کا استقبال کیا اور ان سے ہوئی طویل گفتگو میں کہا کہ مالیگاؤں شہر امن امان کا گہوارہ ہے ۔یہاں قانون کی پاسداری کی جاتی ہیں، غریب بستیوں میں زیادہ آبادی رہتی ہیں ۔ہر کوئی دو وقت کی روزی روٹی کیلئے اپنی جائز جدوجہد میں مصروف رہا کرتا ہے لیکن گزرے کچھ سالوں سے دیکھنے میں آرہا ہے کہ شہر میں کچھ بدمعاشوں نے حالات کو پراگندہ کرنے کی مذموم کوششیں کی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ شہر میں نشہ آور اشیاء کا استعمال بڑھ گیا ہے، کتا گولی، جوا سٹہ، گانجہ کے کاروبار اندرونی راستوں سے جاری ہیں، چوریاں، لوٹ مار، ڈکیتی شباب پر ہیں، معصوموں اور غریبوں پر ظلم بڑھا رہا ہے ۔ان تمام سماجی برائیوں کی روک تھام کیلئے پولس انتظامیہ کو سختی سے کارروائی کرنا چاہئے اور شہر میں امن امان برقرار رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا چاہیے ۔اس کے علاوہ ضلع ایس پی شاہ جی امپ نے آصف شیخ سے تقریباً آدھے گھنٹے سے زائد طویل گفتگو کی ۔ضلع ایس پی نے بھی آصف شیخ سے تعاون کی گزارش کی ہے کہ وہ بھی شہر کے حق میں اپنا کردار ادا کریں ۔

مہاراشٹر کے بلدیاتی انتخابات سمیت قومی سیاست پر تبادلہ خیال

ممبئی (پریس ریلیز) اندھیری ایسٹ ضمنی انتخاب کیلئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے اسٹار پرچارک لیڈران کی فہرست میں نام شامل کرنے پر مالیگاؤں شہر کے سابق رکن اسمبلی و راشٹروادی کانگریس کے ضلعی صدر آصف شیخ رشید نے این سی پی کے قومی صدر شرد پوار سے ملاقات کرتے ہوئے خصوصی طور شکریہ ادا کیا ۔آصف شیخ نے آج ممبئی کے یشونت راؤ چوہان پرتشٹھان میں شرد پوار سے انکی آفس میں ملاقات کی ۔ انتہائی گرم جوشی سے شرد پوار نے آصف شیخ کا استقبال کیا ۔ شرد پوار اور آصف شیخ کے درمیان مہاراشٹر کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال ہوا ۔آصف شیخ نے شرد پوار سے کہا کہ آئندہ ہونے جارہے مہاراشٹر کے میونسپل کارپوریشن چناؤ اور ضلع پریشد چناؤ میں مہاراشٹر کے مسلمان اپنی ووٹ مہا وکاس اگھاڑی کو دینے کیلئے اپنا من بنا چکے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس مرتبہ ووٹوں کی تقسیم کا گراف کم ہوگا ۔شرد پوار نے بھی کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی سرکار نے اپنا دو ڈھائی سالہ اقتدار انتہائی کامیابی سے گزارا اور سب کو ساتھ لیکر بہتر کام کیا ۔شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر انکی آخری رسومات میں جب میں یوپی گیا تو وہاں ملائم سنگھ کی آخری رسومات میں بھی مسلمانوں کی تعداد زیادہ دیکھی ۔اس سے مجھے ایسا لگا کہ ہندوستان کا مسلمان بی جے پی کے خلاف من بنا چکا ہے اور سیکولر پارٹیوں کیساتھ رہیگا ۔شرد پوار اور آصف شیخ کی سیاسی حالات پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔اسی طرح شرد پوار نے شیخ رشید کی 40 سالہ سیاسی و تعمیری خدمات کے اعتراف میں منعقد ہوئے استقبالیہ اجلاس کی کامیابی پر اہلیان مالیگاؤں کا شکریہ ادا کیا اور شیخ رشید و آصف شیخ کو مبارکباد بھی پیش کی۔ اس کے علاوہ آصف شیخ نے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار کو دیوالی کی پیشگی مبارکباد بھی دی ۔شرد پوار سے کی گئی ملاقات میں آصف شیخ کے ساتھ زاہد سر بھی موجود تھے ۔

شردپوار، پرفل پٹیل ،اجیت پوار ،سپریہ سولے ،جینت پاٹل ، بھجبل اور آصف شیخ اندھیری چناؤ کی تشہیری مہم میں حصہ لینگے 

ممبئی (پریس ریلیز) اندھیری ضمنی انتخابات کیلئے سیاسی پارٹیوں نے جہاں اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں وہیں اس سلسلے میں مہاراشٹر راشٹروادی کانگریس پارٹی نے بھی این سی پی کے اسٹار پرچارک کی فہرست (اسٹار کمپینرز) جاری کی ہے ۔اس فہرست میں اول نمبر پر پارٹی کے قومی صدر شرد پوار، پرفل پٹیل ،اجیت پوار ،جینت پاٹل ،سپریہ سولے ،چھگن بھجبل اور آصف شیخ سمیت 20 اسٹار پرچارک لیڈران کی فہرست الیکشن کمیشن کو روانہ کی گئی ہے ۔راشٹروادی کانگریس پارٹی کے جنرل سیکرٹری شیواجی راؤ گرجے نے چیف الیکشن کمشنر کے نام مکتوب جاری کرتے ہوئے اندھیری ضمنی انتخاب کیلئے تشہیر کرنے والے لیڈران کے نام پیش کئے ہیں ۔ گرجے نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اندھیری ایسٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کی تشہیر کیلئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے اسٹار پرچارک تشہیری مہم میں شامل ہوتے ہوئے دورہ کریں گے۔ شیواجی راؤ گرجے نے کہا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 77 کی ذیلی دفعہ (1) اور 1(a) کی وضاحت کیساتھ  الیکشن کمیشن کو مطلع کیا ہے کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے درج ذیل رہنما مذکورہ بالا انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ خیال رہے کہ مہاراشٹرا ریاست میں اندھیری ایسٹ اسمبلی حلقہ ضمنی الیکشن میں مہاوکاس اگھاڑی (شیوسینا - ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے امیدوار کے لیے راشٹروادی کانگریس تشہیری مہم میں حصہ لیگی۔


مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ سے سوند گاؤں پھاٹا پرسروس روڈ کیلئے نمائندگی کا تیقن

مالیگاؤں : 13 اکتوبر (پریس ریلیز) آل انڈیا راشٹر وادی کانگریس مہیلا ونگ کی صدر فوزیہ خان نے آج مالیگاؤں کا دورہ کیا. شیخ رشید کے سیاسی کرئیر کے 40 سالہ جشن کے موقع پر شہر راشٹریہ وادی کانگریس مہیلا ونگ کے زہر اہتمام پروگرام میں شرکت کے بعد آصف شیخ نے فوزیہ خان کے ساتھ سوند گاؤں پھاٹا ہائے وے کا دورہ کیا. آصف شیخ نے فوزیہ خان کو بتایا کہ اس مقام پر مسلسل حادثات ہوتے ہیں اور متعدد جانیں جا چکی ہیں. اس ہائے وے پر سروس روڈ کی اشد ضرورت ہے. آصف شیخ کے مطالبہ پر فوزیہ خان نے ہائے وے کا جائزہ لیا اور اس بات کا تقین دیا کہ وہ اس معاملے میں جلد ہی مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے بات کریں گی. انہوں نے کہا کہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد مجھے خود اس بات کا احساس ہوا کہ اس مقام پر سروس روڈ کی اشد ضرورت ہے. اس اس معاملے کو سنجیدگی سے اعلی حکام تک پہنچائیں گی. فوزیہ خان نے مزید کہا کہ مالیگاؤں کا زورہ کرکے احساس ہوا کہ مالیگاؤں کے عوام بہت پیارے ہیں. جس طرح سے مقامی سطح پر راشٹروادی کانگریس اور شیخ آصف کام کررہے ہیں ہمیں کافی اطمنان ہے اور انہیں ہر طریقے سے مدد کرنے کو تیار ہیں.