خفیہ اطلاع پر کمبھارواڑا میں مشترکہ کارروائی، آر ٹی او کی مدد سے گاڑیوں کے اصل مالکان کی شناخت جاری

مالیگاؤں: (یکم اگست) مالیگاؤں شہر پولس نے جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کمبھارواڑا علاقے میں قائم ایک مبینہ جگار اڈے پر چھاپہ مار کر 51 موٹر سائیکلیں ضبط کر لی ہیں۔ پولس کے مطابق مذکورہ اڈے پر مٹکا کھیلنے والے افراد اپنی موٹر سائیکلیں رہن رکھ کر رقم حاصل کرتے تھے۔کارروائی کے بعد ضبط شدہ گاڑیوں کی اصل ملکیت کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔اس طرح کی تفصیلات ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس سورج گنجال نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا ۔انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مالیگاؤں ٹریفک برانچ، آر سی پی اور شہر پولس اسٹیشن کی مشترکہ ٹیم نے یہ کارروائی انجام دی۔ چھاپے کے دوران 51 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، جن کے اصل مالکان سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ آر ٹی او کی مدد سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کی جانچ کے بعد آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسی دوران پولیس کو موٹر سائیکل کی چوری کے مقدمات میں بھی اہم کامیابی حاصل ہوئی۔ 17 اور 27 جولائی کو درج مقدمات کی تفتیش کے دوران ایک نابالغ ملزم کو حراست میں لیا گیا، جس سے پوچھ گچھ کے بعد مزید پانچ ملزمان کے نام سامنے آئے۔ ان ملزمان کی نشاندہی پر مجموعی طور پر 12 موٹر سائیکلیں اور ایک سائیکل برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان میں جلیل احمد محمد رئیس (30 سال، مہاڈا پلاٹ)، محمد مجید خلیل احمد (28 سال، عائشہ نگر قبرستان)، عرفات انجم جاوید احمد (25 سال، مہاڈا پلاٹ)، محمد ساجد محمد سلیم (19 سال، گولڈن نگر) اور محمد شہبان سجاد حسین (29 سال، گولڈن نگر) شامل ہیں، جبکہ ایک نابالغ بھی اس معاملے میں زیر حراست ہے۔

پولس کے مطابق برآمد شدہ گاڑیوں میں سے سات موٹر سائیکلوں اور ایک سائیکل کے چوری کے مقدمات کا انکشاف ہو چکا ہے۔ یہ مقدمات مالیگاؤں شہر، رمضان پورہ، پوارواڑی، کیمپ، چھاؤنی اور سٹانہ پولس اسٹیشن کے دائرۂ اختیار سے متعلق ہیں۔ دیگر ضبط شدہ گاڑیوں کے مالکان کی شناخت آر ٹی او کے تعاون سے کی جا رہی ہے تاکہ تصدیق کے بعد انہیں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیا جا سکے۔

تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ بعض ملزمان کے خلاف پہلے سے بھی مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ محمد ساجد محمد سلیم کے خلاف تین، محمد شہبان سجاد حسین کے خلاف دو جبکہ عرفات انجم جاوید احمد کے خلاف ایک مقدمہ پہلے ہی درج ہے۔ پولس نے بتایا کہ گرفتار پانچوں ملزمان کو عدالت نے چار روزہ پولس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔یہ پوری کارروائی ضلعی پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی ایس سوامی کی رہنمائی میں پولس انسپکٹر سندیش پاٹل اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔ کارروائی میں پولیس حوالدار داندگے، ٹھاکر، شیلاوتے، باگل، پولیس نائک پاٹل، پولیس کانسٹیبل بورا اور دیگر افسران نے اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ ضبط شدہ گاڑیوں کی مالیت کے حوالے سے پولس کی جانب سے مزید تفصیلی تصدیق کا عمل جاری ہے، جبکہ تمام قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد اصل مالکان کو ان کی گاڑیاں واپس کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔اس طرح کی اطلاع بھی ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے دی ۔

Axact

TRV

The Name you Know the News you Need

Post A Comment:

0 comments: