Articles by "Ravindra Jadhav"
Showing posts with label Ravindra Jadhav. Show all posts

ناسک ضلع کلکٹر کو میونسپل کمشنر کا اضافی چارج سونپنے کی منظوری

مالیگاؤں: مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر رویندر جادھو کی جانب سے پیش کردہ درخواست پر مہاراشٹر حکومت کے شہری ترقیات محکمہ نے انہیں 9 روزہ ارجنٹ رخصت منظور کرلی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔جاری کردہ حکم نامے کے مطابق کمشنر رویندر جادھو کو 17 اگست 2026 سے 25 اگست 2026 تک رخصت منظور کی گئی ہے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ مدت میں آنے والی 17، 22، 23 اور 24 اگست کی تعطیلات بھی رخصت کی مدت میں شامل ہوں گی۔حکومتی حکم کے مطابق یہ رخصت دیو درشن (مذہبی زیارت) کے مقصد سے منظور کی گئی ہے۔ کمشنر کو رخصت کی مدت کے دوران ہیڈکوارٹر چھوڑنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔کمشنر رویندر جادھو کی غیر موجودگی میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے انتظامی امور کو جاری رکھنے کے لیے ناسک کے ضلع کلکٹر کو میونسپل کمشنر کے عہدے کا اضافی چارج سونپنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس طرح کمشنر کی رخصت کے دوران کارپوریشن کے اہم انتظامی و سرکاری امور کی نگرانی اضافی چارج سنبھالنے والے افسر کے ذریعے کی جائے گی۔

یہ حکم نامہ مہاراشٹر حکومت کے شہری ترقی محکمہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی گورنرِ مہاراشٹر کے احکامات کے تحت عمل میں لائی گئی ہے اور محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی جانب سے حکم جاری کیا گیا ہے۔حکم نامے میں کمشنر رویندر جادھو کے لیے رخصت سے متعلق انتظامی ضابطوں کی پابندی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ انہیں رخصت پر روانگی کے وقت اور رخصت مکمل ہونے کے بعد دفتر میں دوبارہ حاضر ہونے پر عہدہ و ذمہ داری کی منتقلی کا سرٹیفکیٹ متعلقہ دفتر میں پیش کرنا ہوگا۔سرکاری حکم نامے کے مطابق کمشنر کی رخصت کی مدت 25 اگست 2026 تک مقرر ہے، جس کے بعد وہ اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالیں گے۔


 کارپوریشن میں کمشنر، آصف شیخ، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال اور گٹ نیتا خالد حاجی کی مشترکہ میٹنگ میں اہم فیصلہ 

​مالیگاؤں : مالیگاؤں شہر کو نشہ اور جرائم سے پاک کرنے کی سمت میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے ایک انتہائی اہم اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کے ایسے نوجوان اور بچے جو مختلف قسم کے نشوں (جیسے کتا گولی وغیرہ) کے عادی ہو کر ذہنی توازن کھو چکے ہیں اور بے قابو ہوچکے ہیں، ان کے علاج اور بحالی کیلئے کارپوریشن کی جانب سے ایک جدید نشہ مکتی مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کارپوریشن کے جنرل بجٹ میں باقاعدہ فنڈ کا انتظام  کیا گیا ہے۔اس طرح کی تفصیلات سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ شہریان کے بہتر مستقبل، حفظان صحت اور سیکورٹی کے نقطہ نظر سے بھی آج اہم فیصلہ لیا گیا ۔

آصف شیخ کے مطابق ​اس سلسلے میں دوسرا بڑا فیصلہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ پولس ڈپارٹمنٹ کی تیار کردہ فہرست اور تجویز کے مطابق، شہر کے جن پولس اسٹیشنوں کی حدود میں جرائم کی شرح زیادہ ہے، وہاں کے حساس چوک چوراہوں پر سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس اہم پروجیکٹ کیلئے بجٹ میں 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

​ان دونوں اہم موضوعات پر تفصیلی غور و خوض اور حکمت عملی وضع کرنے کیلئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال، ڈپٹی کمشنر کماوت میڈم اور اسلام پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ و کارپوریٹر خالد حاجی کے درمیان ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں شہر کی فلاح و بہبود اور نوجوان نسل کو نشے کے دلدل سے نکالنے کیلئے ان دونوں منصوبوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے کا فیصلہ ظاہر کیا گیا۔