اسلام پارٹی کے تمام کارپوریٹرس کو خود کو 15 دنوں کیلئے SIR مہم کیلئے وقف کرنے کی ہدایت
مالیگاؤں: مالیگاؤں شہر کے سابق رکن اسمبلی و اسلام پارٹی کے رہنما آصف شیخ رشید نے آج پرانت آفیسر نتن سدگیر سے ملاقات کرکے شہر میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) مہم اور انومریشن فارموں کے ڈیجیٹائزیشن عمل کا جائزہ لیا۔ ملاقات کے دوران حاصل ہونے والی معلومات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے عوام اور بی ایل اوز (BLOs) سے فوری تعاون کی اپیل کی۔آصف شیخ نے بتایا کہ پرانت آفیسر کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اب تک SIR فارموں کے ڈیجیٹائزیشن کا صرف 42 فیصد کام مکمل ہو سکا ہے، جبکہ 38 فیصد شہریوں نے فارم حاصل کرنے کے باوجود اپنے BLO کے واپس جمع نہیں کرائے اور 20 فیصد افراد ایسے ہیں جنہوں نے ابھی تک اپنے متعلقہ بی ایل او سے فارم وصول ہی نہیں کیا ہے۔انہوں نے شہر کے تمام ووٹرس سے اپیل کی کہ وہ دیگر مصروفیات کو مؤخر کرکے فوری طور پر اپنے بی ایل او سے رابطہ کریں، انومریشن فارم حاصل کریں، درست معلومات کے ساتھ اسے پُر کریں اور بلا تاخیر واپس جمع کرائیں تاکہ کسی بھی شہری کا ووٹ ڈیلیٹ نہ ہوسکے۔
آصف شیخ نے کہا کہ بیشتر بی ایل اوز اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر انہیں مزید تیز رفتاری سے وارڈ وائز گھر گھر پہنچ کر فارم تقسیم کرنے، جمع کرنے اور ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر کسی بی ایل او کو رضاکارانہ مدد درکار ہو تو اسلام پارٹی کے کارپوریٹرس اور کارکن ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں شہریوں کے جمہوری حق، یعنی حقِ رائے دہی کے تحفظ کیلئے سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر اس عمل سے محروم نہ رہ جائے۔
دریں اثنا، آصف شیخ رشید اور اسلام پارٹی کے صدر نوید خطیب احمد نے پارٹی کے تمام کارپوریٹرس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ 15 دنوں تک اپنی تمام سیاسی سرگرمیوں کو مؤخر کرکے صرف SIR مہم پر توجہ دیں۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ہر کارپوریٹر اپنے اپنے وارڈ میں عوام کو فارم حاصل کرنے، اسے درست طریقے سے بھرنے اور متعلقہ بی ایل او کے پاس جمع کرانے تک مکمل رہنمائی اور تعاون فراہم کرے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے مہاراشٹر سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں 30 جون سے SIR سروے کا آغاز کیا گیا ہے، جو 8 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران ووٹرس کے انومریشن فارم بھرے جا رہے ہیں، اور اسلام پارٹی نے اپنے تمام منتخب نمائندوں کو عوام کے ووٹنگ کے حق کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔


Post A Comment:
0 comments: