Articles by "Municipal Commissioner"
Showing posts with label Municipal Commissioner. Show all posts


 کارپوریشن میں کمشنر، آصف شیخ، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال اور گٹ نیتا خالد حاجی کی مشترکہ میٹنگ میں اہم فیصلہ 

​مالیگاؤں : مالیگاؤں شہر کو نشہ اور جرائم سے پاک کرنے کی سمت میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے ایک انتہائی اہم اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کے ایسے نوجوان اور بچے جو مختلف قسم کے نشوں (جیسے کتا گولی وغیرہ) کے عادی ہو کر ذہنی توازن کھو چکے ہیں اور بے قابو ہوچکے ہیں، ان کے علاج اور بحالی کیلئے کارپوریشن کی جانب سے ایک جدید نشہ مکتی مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کارپوریشن کے جنرل بجٹ میں باقاعدہ فنڈ کا انتظام  کیا گیا ہے۔اس طرح کی تفصیلات سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ شہریان کے بہتر مستقبل، حفظان صحت اور سیکورٹی کے نقطہ نظر سے بھی آج اہم فیصلہ لیا گیا ۔

آصف شیخ کے مطابق ​اس سلسلے میں دوسرا بڑا فیصلہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ پولس ڈپارٹمنٹ کی تیار کردہ فہرست اور تجویز کے مطابق، شہر کے جن پولس اسٹیشنوں کی حدود میں جرائم کی شرح زیادہ ہے، وہاں کے حساس چوک چوراہوں پر سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس اہم پروجیکٹ کیلئے بجٹ میں 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

​ان دونوں اہم موضوعات پر تفصیلی غور و خوض اور حکمت عملی وضع کرنے کیلئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال، ڈپٹی کمشنر کماوت میڈم اور اسلام پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ و کارپوریٹر خالد حاجی کے درمیان ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں شہر کی فلاح و بہبود اور نوجوان نسل کو نشے کے دلدل سے نکالنے کیلئے ان دونوں منصوبوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے کا فیصلہ ظاہر کیا گیا۔

شہر میں صفائی، پانی سپلائی اور روشنی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا مطالبہ

ماہِ مقدس رمضان المبارک کا آغاز ہونے والا ہے، رمضان میں شہر کے عوام کو بہتر سہولیات مہیا ہوں اس تناظر میں سماج وادی پارٹی کے ایک نمائندہ وفد نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں میونسپل کمشنر رویندر جادھو سے خصوصی ملاقات کی۔ وفد نے اس دوران رمضان المبارک کے دوران عوامی سہولیات اور انتظامات سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی اور چند اہم مطالبات بھی پیش کیے۔

وفد نے رمضان المبارک کے دوران شہر میں خصوصی صفائی مہم چلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ روزانہ صبح کے اوقات میں ہونے والی معمول کی صفائی کے ساتھ ساتھ افطار کے بعد بھی شہر کے اہم علاقوں، مساجد کے اطراف، گلیوں اور بازاروں میں اضافی صفائی عملہ متعین کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی گندگی اور بدبو کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رمضان میں عوامی مقامات پر بروقت صفائی کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے، کیونکہ اس دوران بازاروں میں بھیڑ بڑھ جاتی ہے اور عوام رات دیر تک خریداری اور عبادات میں مصروف رہتے ہیں۔

اسی کے ساتھ کارپوریشن سے پانی سپلائی کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا.

وفد نے اس اہم مسئلے کی جانب بھی میونسپل کمشنر کی توجہ مبذول کرائی کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں پانی کی سپلائی نہ ہو کیونکہ خواتین سحری اور افطار کی تیاریوں میں مصروف رہا کرتی ہیں اس وقت پانی سپلائی سے خواتین کو  مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔  

رمضان کے دوران پانی سپلائی کا شیڈول جاری کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ عوام کو دشواریوں سے بچایا جا سکے۔

اسکے علاوہ  لائٹ کے انتظامات بہتر بنانے کی اپیل بھی کی گںئ چونکہ رمضان کے دوران عبادات کا خاص اہتمام ہوتا ہے اور رات کے اوقات میں عوامی آمدورفت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے، اس لیے وفد نے مطالبہ کیا کہ تمام اہم شاہراہوں، مساجد کے راستوں، بازاروں اور گلیوں میں اسٹریٹ لائٹس کو فوری درست کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں اضافی لائٹس نصب کی جائیں۔ خاص طور پر تراویح اور شب بیداری کے دوران مکمل روشنی کا انتظام انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی یا عدم تحفظ کا احساس نہ ہو۔

میونسپل کارپوریشن کمشنر رویندر جادھو نے وفد کے تمام نکات اور مطالبات کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو طلب کرکے رمضان المبارک کے دوران خصوصی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔ کمشنر جادھو نے یقین دلایا کہ رمضان کے دوران شہر میں صفائی، پانی اور روشنی کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

سماج وادی پارٹی کے وفد نے امید ظاہر کی ہے کہ کارپوریشن انتظامیہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں عوامی سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گی۔

 

بامبے ہائی کورٹ کے معزز ایکٹنگ چیف جسٹس نتن جامدار و جج سندیپ مارنڈے کی ڈبل بینچ میں 21 جون کو میونسپل کمشنر و دیگر پانچ حکام کو حاضر کا حکم جاری, معین الدین اور اسلم انصاری کی عرضداشت پر میونسپل کمشنر و دیگر پانچ فریقین کو نوٹس 

مالیگاؤں (نامہ نگار) انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کے پانچ سو کروڑ روپے کے ٹینڈر میں بیشمار خامیاں اجاگر کرتے ہوئے سابقہ دنوں پریس کانفرنس لیکر اسلم انصاری و آصف شیخ رشید نے کمشنر کی نیت پر کئی شکوک و شبہات اور الزامات مع دستاویزات عائد کئے تھے اور اعلان کیا تھا کہ اگر شہر کو کھنڈر بنانے سے کمشنر باز نہیں آئے اور انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کے ٹینڈر میں سخت شرائط و ضوابط نافذ نہیں کئے گئے تو ہم ممبئی ہائی کورٹ میں پی آئی ایل داخل کریں گے ۔اسی نقطہ کو لیکر بروز جمعہ 16 جون کو ممبئی ہائی کورٹ میں پٹیشنرس انصاری محمد اسلم خلیل احمد اور معین الدین نظام الدین نے ایک مفاد عامہ کی عرضداشت دائر کی ہے جسکا نمبر SD15830/23 

بتایا گیا ہے ۔اسطرح کی تفصیلات ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے آصف شیخ رشید اور اسلم انصاری نے کہا کہ مالیگاؤں کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر و کمشنر بھالچندر گوساوی مالیگاؤں شہر کو کھنڈر بنانے اور اپنا الو سیدھا کرنے کی گھناؤنی کوشش کررہے ہیں۔انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کیلئے پانچ سو کروڑ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔جن مقامات پر گٹر کی تعمیر کیلئے کھدائی کی جائے گی وہاں پر برائے نام پیچ ورک کا ذکر کیا گیا ہے جبکہ اس مقام پر نئے سرے سے سمینٹ کانکریٹ روڈ کی تعمیر کرنے کی ضرورت ہے لیکن اسکا کوئی ذکر نہیں، شہر بھر میں جگہ جگہ مین ہول صفائی کیلئے بنائے جائیں گے لیکن اس پر کور کا ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔اس اسکیم کیلئے پروجیکٹ مینیجمینٹ کنسلٹنٹ کے طور پر مہاراشٹر جیون پرادھیکرن کو منتخب کیا گیا لیکن اس ایجنسی نے آفس میں بیٹھ کر اسٹیمیٹ بنایا جبکہ انڈر گراؤنڈ گٹر کی تعمیر کیلئے آبادی کے لحاظ سے مکمل طور پر واضح سروے کرنا ضروری تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ٹینڈر جلد بازی میں جاری کیا گیا جس میں بہت ساری فاش غلطیاں کی گئی ۔اس کے سبب شہریان کے کروڑوں روپے کے ٹیکس کا نقصان ہوگا ۔اتنا ہی نہیں عوام کو سالوں تک آمد و رفت کیلئے پریشانی و تکالیف کا سامنا بھی کرنا پڑے گا ۔اور کوئی پرسان حال نہیں ہوگا ۔اسی طرح کئی سو کروڑ روپے کے بجٹ سے شہر میں سمینٹ کانکریٹ روڈ کی تعمیر جاری ہے اور کئی سڑکیں تعمیر ہوچکی ہیں ۔ان کروڑوں روپے کی تعمیر شدہ سڑکوں کو دوبارہ کھودا جائے گا جس سے عوامی املاک کو نقصان پہنچے گا، کروڑوں روپے کا بیجا اصراف ہوگا اور شہریان مالیگاؤں کو حد درجہ تکالیف و پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ٹینڈر حاصل کرنے کے خواہش مند مکتے دار جو پچھلے پانچ سالوں میں 150 کروڑ روپے کا سالانہ ٹرن اوور رکھتے ہیں کو بھی حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔جبکہ اس کام کیلئے کم از کم ایک ہزار کروڑ روپے کا ٹرن اوور رکھنے والے مضبوط مکتے دار کا ذکر کرنا لازمی تھا ۔تاکہ دی گئی مدت میں کام مکمل ہوسکے ۔اس کام کیلئے پانچ سو کروڑ روپے کا اثاثہ رکھنے والے ٹھیکہ دار کا ہونا ضروری ہے لیکن کمشنر نے 25 کروڑ روپے کا اثاثہ رکھنے والے ٹھیکہ دار کو بھی ٹینڈر میں حصّہ لینے کی اجازت دے دی جو کہ کام کی نوعیت کے لحاظ سے نہایت ہی کم ہے ۔اس کام کو 24 مہینوں میں کام مکمل کرنے کی شرط رکھی گئی ہے ۔اس کے علاوہ ممبئی ہائی کورٹ میں درج پٹیشن میں معزز کورٹ سے کہا گیا ہے کہ فوری سماعت اور موجودہ مفاد عامہ کی عرضی کو حتمی طور پر نمٹانے کے لیے معزز عدالت میونسپل کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ،ممبر سیکرٹری مہاراشٹر جیون پرادھیکرن ممبئی ،چیف انجینئر ناسک ڈیوژن مہاراشٹر جیون پرادھیکرن ، پرنسپل سیکرٹری وزارت شہری ترقیات منترالیہ اور حکومت مہاراشٹر کو ہدایات دی جائے کہ 5 جون 2023 کے ‏G.R کے مطابق (انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم) زیر زمین سیوریج سسٹم پروجیکٹ اور واٹر سپلائی پروجیکٹ کے فیز-2 کے کام کو مزید آگے بڑھنے سے روکا جائے۔ ٹینڈر کی شرائط میں عبوری/اشتہاری ریلیف دی جا سکتی ہے اور انصاف کے اس عمل کے لیے درخواست گزاروں کو راحت دینے کیلئے ذمہ دار آفیسران کو بطور ڈیوٹی پابند بنایا جائے ۔عرضداشت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ معزز عدالت جواب دہندہ نمبر 1 سے 5 کو ہدایت دے کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی میونسپل حدود کے اندر کھدائی اور اس کے بعد ترقیاتی سرگرمیوں کے ذریعے سڑک کو کنکریٹائز کرنے(سمینٹ روڈ بنانے) کے لیے سائنسی اور درست طریقہ کار کو تیار کرنے، اپنانے، نافذ کرنے کیلئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن حدود میں ہی مکمل کیا جائے ۔ معزز عدالت سے رٹ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ معزز عدالت متعلقہ آفیسران کو حکم، ہدایات یا عرضی گزاروں کی نوعیت میں کوئی اور مناسب رٹ جاری کرنے کا مجاز رکھے ۔جواب دہندہ نمبر 1 سے 5 کو مزید ترقیاتی کام جاری کرنے یا ٹینڈر جاری کرنے اور ورک آرڈر جاری کرنے پر روک لگائی جائے۔ اس ضمن میں ممبئی ہائی کورٹ نے مالیگاؤں کارپوریشن کے کمشنر سمیت پانچ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جون کو صبح دس بجے ممبئی ہائی کورٹ میں حاضر رہنے کا حکم دیا ہے ۔

 

قبرستان کیلئے زمین مختص نہ کئے جانے کی صورت میں سخت احتجاج کا انتباہ، میونسپل کمشنر نے جنرل بورڈ میٹنگ میں عنوان شامل کرنے کا یقین دلایا

مالیگاؤں:(پریس ریلیز )گرو وار وارڈ مالدہ قبرستان سنگھرش کے وفد نے سابق رکن اسمبلی و قبرستان سنگھرش سمیتی کے کنوینر آصف شیخ کی قیادت میں میونسپل کمشنر بھالچندر گوساوی سے ملاقات کی ۔میونسپل میئر طاہرہ شیخ کو بھی مکتوب دیا گیا۔ کانفرنس ہال میں اس علاقے کی سرکردہ تعلیمی، مذہبی وہ سماجی شخصیت کی موجودگی میں آصف شیخ نے میونسپل کمشنر کو مطالباتی مکتوب پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالدہ گٹ 44 میں ساڑھے آٹھ ایکر زمین خالی ہے اور وہ زمین کسی کی نجی ملکیت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ۔۔۔پولیس محکمہ میں ملازمت کے دوران داڑھی رکھنا، کیا کہتا ہے دستور کا آرٹیکل-25؟-25-of-the-Constitution-say.html

لیکن اتنی بڑی زمین اس علاقے میں کارپوریشن کے پاس بھی نہیں ہے اس لئے کارپوریشن اس پرائیویٹ زمین کو قبرستان کیلئے ریزرو کرے اور اسکی موجودہ قیمت زمین مالک کو ادا کرے کیونکہ اس علاقے میں تقریبا سوا لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں۔

گرووار وارڈ سے لگ کر اطراف میں دیڑھ سے دو تین کلو میٹر تک قبرستان نہیں ہے ۔نیشنل ہائی وے کے اس پار بھی مالدہ شیوار میں ایک آبادی بڑی آبادی ہے اور انہیں اپنے اقرباء کے انتقال پر تدفین کیلئے قبرستان کی سہولیت مہیا نہیں ہے ۔میت کی تدفین کیلئے دور دراز کا راستہ عبور کر شہر کے مرکزی حصہ میں آنا پڑتا ہے اس لئے کارپوریشن اس زمین کو اکوائر کرے ۔شیخ آصف نے کہا کہ اگر کارپوریشن نے اس مطالبہ کو بروقت حل نہیں کیا اور مالدہ کے ڈیولپمینٹ پلان میں قبرستان کیلئے زمین مختص نہیں کی تو سخت تحریک چلائی جائے گی۔ وفد کے مطالبات کو بغور سننے کے بعد کمشنر نے تیقن دیا کہ آئندہ ہونے والی جنرل بورڈ میٹنگ میں اس عنوان کو شامل کیا جائے گا اور آنے والے دنوں میں اس تجویز پر مثبت فیصلہ لیا جائے گا ۔ایسا ہی بیان میئر طاہرہ شیخ نے دیا اور کہا کہ ہم جنرل بورڈ میٹنگ میں اس عنوان کو شامل کریں گے ۔

مستقیم ڈگنٹی اور شان ہند نے کمشنر سے ملاقات کی، مسائل حل کرنے اور عوام کے جذبات سمجھتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا

مالیگاؤں: رمضان پورہ وارڈ نمبر3 میں سڑک کی خستہ حالی، گڑھوں اور پانی جمع ہونے سے پریشان عوام نے آج کمشنر سے ملاقات کی، اور اپنے مسائل کمشنر کے گوش گزار کئے۔رمضان پورہ وارڈ نمبر 3 کی متعدد خواتین، بزرگ اور نوجوان اس وفد میں شامل تھے۔کمشنر آفس کے باہر کافی انتظار کے بعد وفد میں شامل افراد کا غصہ پھوٹ پڑا اور انہوں نے کارپوریشن میں موجود کرسیوں اور ٹیبل کو نقصان پہنچایا۔جس کے بعد پولیس انتظامیہ نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے حالات کو قابو کیا۔اس موقع پر شہر جنتا دل جنرل سکریٹری مستقیم ڈگنٹی اور جنتا دل کارگزار صدر شان ہند نے کمشنر سے اس معاملے پر بات چیت کی اور عوام کے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔ کمشنر سے ملاقات کے بعد مستقیم ڈگنٹی نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ رمضان پورہ وارڈ نمبر 3 کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ راستے اس قدر خستہ حالی کا شکار ہیں کہ لوگوں کا گزرنا دوبھر ہوگیا ہے، حتی کہ میت لے جانا بھی دشوار ہوگیا ہے۔اگر عوام اتنی تکالیف کا شکار ہے تو ان کا غصہ کہیں نہ کہیں پھوٹے گا۔عوام نے زیادہ ہنگامہ نہیں کیا ہے، معمولی سا اپنا غصہ ظاہر کیا ہے اور کچھ کرسیوں اور ٹیبلوں کو دھکے دیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:۔۔۔۔نعیم سلیم سر کی تحریر "پریس" ، مالیگاؤں کے صحافیوں کیلئے دعوت فکر

اس معاملے پولیس کو معتدل رویہ اختیار کرنا چاہیے۔محلے کے سرکردہ افراد گذشتہ دو ماہ سے اس تعلق سے کمشنر سے مسلسل رابطے میں ہیں انہوں نے مطالبہ بھی کیا تھا کہ وہاں مرُم ڈالا جائے اور کچی گٹروں کو پختہ بنا کر نکاسی کے بہتر انتظامات کئے جائیں۔کمشنر نے اس کام کیلئے ایگزیکٹیو انجینئر اور متعلقہ افسران کو اس کام کی ذمہ داری دی تھی۔ 

یہ بھی پڑھیں:۔۔۔۔کسمبا روڈ ملن ہوٹل کے قریب قاتلانہ حملہ میں نوجوان کی موت

لیکن دو ماہ گزرنے کے بعد بھی کام نہیں ہوا۔جس کے بعد آج اہلیان محلہ کارپوریشن آئے، انہوں نے دیڑھ گھنٹہ انتظار کیا، اس وفد میں شامل بچوں نے کچھ ہنگامہ کیا،جس کے بعد پولیس انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر مداخلت کی اور حالات کو قابو کیا۔مستقیم ڈگنٹی نے کہا کہ پولیس انتظامیہ نے اس طرح کا ماحول بنا دیا کہ کوئی بہت بڑا ہنگامہ ہوگیا ہے۔ہمارا موقف یہ ہے کہ ہم اس طرح کے کسی بھی عمل کی حمایت نہیں کرتے جس سے شہر کا لاء اینڈ آرڈر خراب ہو۔ لیکن کارپوریشن کو لوگوں کے جذبات کو سمجھنا چاہیے اور کارپوریشن کو اقدامات کرنے چاہیے۔واضح رہے کہ مذکورہ علاقہ ریاستی وزیر اور آؤٹر رکن اسمبلی دادا بھسے کا حلقہ ہے۔آج اس علاقے میں عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے، میت لے جانے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی سے اب تک ایسے حالات اکثر پیدا ہوتے رہے ہیں لیکن لوگ اپنے حق کیلئے آواز اٹھاتے ہیں اور ہنگامہ آرائی بھی ہوتی ہے، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور ضرروی اقدامات کئے جانے چاہیے۔تاکہ مستقبل میں ایسے حالات پیدا نہ ہوں۔

سات دنوں میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کا حکم، بعد ازاں سخت کارروائی کا انتباہ 

مالیگاؤں: ندی کے کنارے آباد مکینوں کو کارپوریشن کی جانب سے انتباہی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ سات دنوں میں ناجائز تجاؤزات ہٹانے کا حکم بھی دیا گیا۔ جاری ماہ میں تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کے سبب شہر مالیگاؤں کے کئی علاقوں میں درخت گرنے اور الیکٹرک پول گرنے کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ شہری حدود میں واقع موسم ندی, گرنا ندی اور اواڑی نالے کے اطراف بڑی تعداد میں مکانات، جانوروں کے طبیلے اور بستیاں آباد ہوچکی ہیں۔ برسات میں اکثر اوقات ان ندیوں میں طغیانی کیفیت آتی ہے اس صورتحال کے پیش نظر مونسپل کارپوریشن کمشنر بھالچبدر گوساوی نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام ندیوں اور نالہ کے اطراف کے ساکنین غیر قانونی اور غیر منظور شدہ جھوپڑپٹیوں کو ہٹا لیں اور ان جگہوں کو پوری طرح سے صاف کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو سات دنوں کی مہلت دی جاتی ہے۔اگر سات دنوں میں ناجائز تجاؤزات ہٹائے نہیں گئے تو کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے ان پر کاروائی کی جائے گی۔ 

ان غیر قانونی قبضہ جات کو صاف کرنے کے بعد اس کے اخراجات متعلقین سے وصول کئے جائیں گے۔اس کے بعد بھی اس طرح کے ناجائز تجاؤزات صاف نہیں ہوتے اور مستقبل میں کوئی نقصان ہوتا ہے تو کارپوریشن اس کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔شہریان اس بات کو نوٹ کرلیں اور قبل از وقت اپنے تجاوزات کو صاف کرلیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ کچھ ماہ قبل قلعہ کے اطراف ناجائز قبضہ کے خلاف لوک آیوکت (ممبئی) میں شکایت کے بعد ضلع کلکٹر سورج مانڈھرے نے مالیگاؤں کے زمینی قلعہ کا دورہ کیا تھا۔جس کے بعد شہر کے سیاسی حلقوں میں بے چینی کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔

کل شام 4 بجے میونسپل کمشنر سے ملاقات طے، صدر سٹی مالیگاؤں کرکٹ ایسوسی ایشن نے سیاسی نظریات و مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہریان سے شرکت کی اپیل کی

مالیگاؤں: عزیز کلو اسٹیڈیم کی زمین سے متعلق ایسے اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں کہ کارپوریشن عزیز کلو اسٹیڈیم پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔ایسی اطلاعات بھی ہیں کارپوریشن اسٹیڈیم کی زمین کا کچھ حصہ دیگر مصارف کیلئے استعمال میں لینے اور ڈمپنگ گراؤنڈ بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو اسٹیڈیم کے اطراف گنجان آبادی والے علاقوں میں رہنے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور صحت سے متعلق خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔لہذا ایسی درخواست کی گئی ہے کہ اہلیان محلہ و سماجی کارکنان اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے غیر سیاسی طور پر حل کرنے کی کوشش کریں۔تاکہ اطراف کے بچے جو اس میدان میں کرکٹ اور دوسرے کھیل کھیلتے ہیں اس میدان سے محروم نہ ہوجائیں سٹی مالیگاؤں کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کل بروز بدھ شام 4 بجے کارپوریشن کمشنر سے ملاقات کر کے عزیز کلو اسٹیڈیم میں کچرا ڈمپنگ گراؤنڈ بنانے کے منصوبوں کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی جائے گی۔شہر کی عوام اس بات سے واقف ہے کہ اب شہر میں ایک واحد کھیل کا میدان بچا ہوا ہے جہاں نوجوان اور بچے دیگر کھیل کھیلتے ہیں اور کسی بھی قیمت پر اس سے دست بردار نہیں ہوا جاسکتا۔صد سٹی مالیگاؤں کرکٹ ایسوسی ایشن انصاری محمد آمین محمد فاروق نے کہا کہ میونسپل کمشنر سے ملاقات کیلئے کل شام 4 بجےکا وقت طے ہوا ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ آہر کے باشعور اور بیدار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں ہمارا ساتھ دیں اور عزیز کلو اسٹیڈیم کو ڈمپنگ گراؤنڈ بننے بچائیں۔سیاسی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔محمد آمین نے درخواست کی کہ مختلف ٹیموں کے کپتان اپنی ٹیم سے چار چار کھلاڑیوں کو لے بدھ کی شام 4 بجے کارپوریشن پہنچیں اور متحدہ طور پر اپنے مطالبات کو کمشنر کے سامنے پیش کریں۔ اس پلے گراؤنڈ کو کسی دوسری مد میں استعمال کئے جانے کی مخالفت کریں۔ہم یہ قطعی نہیں چاہتے کہ گنجان آبادی سے گھرے ہوئے اس پلے گراؤنڈ پر کسی بھی طرح کی گندگی کی جائے جس سے اطراف کے عوام کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوں اور لوگ بیماریوں میں مبتلاء ہوں۔

درخواست کنندہ: انصاری محمد آمین محمد فاروق
تائید و حمایت: جمال ناصر گروپ وارڈ نمبر 14
فیضان رجو۔۔۔۔۔ادارہ ستارۂ ہند ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی