موجودہ حالات میں ملسم لیڈران کی خاموشی پر آصف شیخ سنسنی خیز انکشافات کرینگے 

اورنگ آباد : مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر اقتدار حاصل کرنے والی انڈین سیکولر لارجسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر (اسلام پارٹی) نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کو ریاست کے مختلف اضلاع تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں پارٹی کے کارپوریٹرس اور سرکردہ قائدین پر مشتمل ایک وفد نے مراٹھواڑہ کا دورہ شروع کیا ۔اورنگ آباد، جالنہ ، ناندیڑ اور امراوتی سمیت اورنگ آباد ضلع و مراٹھواڑہ میں اسلام پارٹی کا دورہ جاری ہے ۔اس سلسلے میں وفد نے مذکورہ علاقوں میں اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے میٹنگ کی ۔ نادیڑ کے دیگلور ناکہ پر ڈے لائٹ فنکشن ہال میں منعقدہ میٹنگ میں اسلام پارٹی کے ناندیڑ کوآرڈی نیٹر سید حیدر پٹیل اور ان کی ٹیم کے اراکین سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔جس میں ناندیڑ سمیت مراٹھواڑہ کے سیاسی حالات، مقامی عوامی مسائل اور اقلیتی علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی قائدین نے ناندیڑ میں اسلام پارٹی کے تئیں عوامی دلچسپی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے یہاں پارٹی کو بڑے پیمانے پر لانچ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ’ اسلام‘ پارٹی کے بانی اور مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید بارہ جون بروز جمعہ کو مراٹھواڑہ کا دورہ کریں گے۔12 جون کو اورنگ آباد کے کھٹ کھٹ گیٹ پر واقع سہارا لانس و سہارا ہال میں ایک انقلابی جلسہ عام کا انعقاد جائے گا جس کے ذریعے پارٹی اپنی پالیسی، پروگرام اور عوامی ایجنڈا کو عوام کے سامنے پیش کرے گی۔ پارٹی ذمہ داران نے کہا کہ’ اسلام‘ پارٹی صرف انتخابی سیاست تک محدود نہیں ہے بلکہ دبے کچلے اور بنیادی سہولیات سے محروم طبقات کی آواز بننے کی کوشش کررہی ہے۔ ان کے مطابق کئی مسلم اکثریتی علاقوں میں آج بھی پکی سڑکوں، صاف پینے کے پانی، ڈرینج لائنوں اورصاف صفائی جیسی بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے جبکہ عوام برسوں سے مسائل کا سامنا کررہے ہیں ۔ مالیگاؤں سے آئے ہوئے قائدین نے اسلام پارٹی کے بانی آصف شیخ رشید کو ایک بے باک، متحرک اور عوامی مسائل کے تئیں سنجیدہ لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مالیگاؤں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اسلام پارٹی کے نمائندے بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے اور پارٹی کارپوریشن میں اقتدار حاصل کرتے ہوئے اپنا میئر منتخب کرانے میں بھی کامیاب رہی۔ پارٹی قائدین نے واضح کیا کہ جس طرح مالیگاؤں میں اسلام پارٹی نے اپنی مضبوط سیاسی شناخت قائم کی ہے، اسی طرز پر اب مراٹھواڑہ سمیت ریاست کے دیگر شہروں میں بھی پارٹی اپنی موجودگی مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔ خاص طور پر اقلیتی اکثریتی علاقوں میں تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کرنے اور نوجوانوں کو سیاست میں فعال کردار دینے پر توجہ دی جائے گی، اسی طرح موجودہ حالات میں ملسم لیڈران کی خاموشی، ندا خان معاملہ ،گئو ونش، وقف قانون وغیرہ پر آصف شیخ سنسنی خیز انکشافات کرینگے ۔ پارٹی کے ذمہ داران نے مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کی کارکردگی پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناندیڑ جالنہ اور اورنگ آباد کی عوام نے مجلس کو بڑی امیدوں کے ساتھ سیاسی حمایت دی تھی، مگر عوامی توقعات کے مطابق مسائل کے حل کیلئے مؤثر کام نہیں ہوسکا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج بھی کئی مسلم بستیاں بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے عوام ایک متبادل سیاسی قیادت کی تلاش میں ہیں ۔ پارٹی قائدین نے مراٹھواڑہ کے نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ’ اسلام‘ پارٹی سے وابستہ ہوکر سماجی اور سیاسی تبدیلی کی اس تحریک کا حصہ بنیں۔خیال رہے مراٹھواڑہ کی عوام میں اسلام پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے سیاسی عہدوں کی تقسیم بھی کی جائے گی ۔یہاں شہری و ضلعی صدور، سیکرٹری اور ترجمان وغیرہ ذمہ داران کے نام کا اعلان بھی کیا جائے گا ۔

Axact

TRV

The Name you Know the News you Need

Post A Comment:

0 comments: