Articles by "Mustaqueem Dignity"
Showing posts with label Mustaqueem Dignity. Show all posts

قلعہ, رسول پورہ، باغ محمود، موتی پورہ و اطراف کے ذمہ داران کی مستقیم ڈگنیٹی سے ملاقات 

مالیگاؤں، (30 جولائی) موسم ندی پر واقع مولانا عبدالحمید نعمانیؒ پل کی تعمیر نو میں طویل تاخیر اور حالیہ حادثات کے تناظر میں قلعہ، باغِ محمود، موتی پورہ، اسلام آباد، رسول پورہ اور اطراف کے علاقوں کے باشندوں نے 31 جولائی بروز جمعہ نمازِ عصر کے بعد پل پر ایک عوامی پنچائیت منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق  مذکورہ پل کی ازسرِ نو تعمیر مقامی عوام کا کئی برسوں سے اہم مطالبہ رہی ہے، کیونکہ بارش کے موسم میں موجودہ پل پر آمد و رفت نہایت دشوار ہو جاتی ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس پل سے گرنے سے ایک معصوم بچے کی موت واقع ہوگئی جس کی تلاش کیلئے قلعہ تیراک گروپ اور شکیل تیراک کے درمیان نیا تنازعہ شروع ہوگیا ۔اس ضمن میں باغِ محمود، قلعہ ۔رسول پورہ، موتی پورہ و اطراف کے ذمہ داران نے اس مسئلے کو لے کر سماج وادی پارٹی کے قائد مستقیم ڈگنیٹی سے ملاقات کی اور انہیں اس مسلے کو حل کرنے کی دعوت دیتے ہوئے پنچایتی رواج کے مطابق بطور سردار مدعو کیا ہے۔ موجودہ رکنِ اسمبلی کی جانب سے پل کی تعمیر کرانے کی ذمہ داری لینے کے بعد معاملہ نئی پیش رفت کا منتظر رہا۔ اس دوران مفتی اسمٰعیل کی جانب سے کئی بار تعمیر کے اعلانات اور وعدے کیے گئے، لیکن عملی طور پر کام شروع نہیں ہو سکا۔گزشتہ چار برسوں میں اس پل پر متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں، جبکہ حالیہ دنوں ایک کمسن بچے کے پل سے ندی میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے نے مقامی آبادی کو شدید صدمے اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت متبادل انتظام یا نئی تعمیر عمل میں آتی تو ایسے حادثات سے بچا جا سکتا تھا۔

ان حالات کے پیش نظر علاقہ کے سماجی شخصیات اور مختلف محلوں کے ذمہ داران نے فیصلہ کیا ہے کہ 31 جولائی بروز جمعہ نمازِ عصر کے بعد مولانا عبدالحمید نعمانیؒ پل پر عوامی پنچائیت منعقد کی جائے گی۔اس پنچایت میں سماجوادی پارٹی کے سیکرٹری و کارپوریٹر مستقیم ڈگنیٹی کو پنچایت کے ذمہ داران نے پنچایتی رواج کے مطابق بطور سردار مدعو کیا ہے ۔اس پنچایت میں پل کی تعمیر کے سلسلے میں آئندہ کی حکمتِ عملی، عوامی نمائندوں سے مطالبات اور ممکنہ عوامی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

منتظمین نے روی وار وارڈ اور اطراف کے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم پنچائیت میں بھرپور شرکت کریں تاکہ علاقے کے اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے متفقہ اور مؤثر لائحۂ عمل اختیار کیا جا سکے۔

جنم داخلہ معاملہ صرف چند افراد کا نہیں بلکہ پورے مالیگاؤں کی عزت و ساکھ کا مسئلہ ہے :مستقیم ڈگنیٹی 

مالیگاؤں : مالیگاؤں شہر کے "جنم داخلہ" (برتھ سرٹیفکیٹ) مبینہ معاملہ کے مقدمات میں آج عدالت نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے تین ایجنٹوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ آج معزز جج اشون بھوبے صاحب کی عدالت کے روبرو ان مقدمات کی تفصیلی سماعت ہوئی۔ دفاعی ​وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے تین مبینہ ایجنٹس صغیر ماسٹر، عتیق منا اور فیصل کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کے کیسز میں بھی متعدد ایجنٹس کو عدالت کی جانب سے ضمانت مل چکی ہے۔اس طرح کی تفصیلات ممبئی ہائی کورٹ سے مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے معاون کنوینر مستقیم ڈگنیٹی نے نمائندہ بیباک کو دی ۔انہوں نے بتایا کہ ​غزالہ پروین اور دیپالی دھارنکر کی درخواست کیلئے بھی ہماری کوشش جاری ہے، ​عدالتی کارروائی کے مطابق، اب سب کی نظریں خواتین ملزمان پر مرکوز ہیں۔ غزالہ پروین اور دیپالی دھارنکر کی ضمانت کی درخواستوں پر اب اگلی سماعت 22 جولائی کو شام 5:00 بجے ہوگی۔ مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کی جانب سے قوی امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ انسانی ہمدردی اور قانونی بنیادوں پر انہیں بھی جلد ہی ضمانت مل جائے گی۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی آصف شیخ کی سرپرستی میں قانونی امداد فراہم کررہی ہے ۔

​انہوں نے مزید کہا کہ، اس مقدمے سے جڑے سرکاری ملازمین بشمول عبد التواب شیخ ،دھارنکر، مہاجن اور امبورے کے کیسز کی الگ الگ سماعت 27 جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ​متاثرین کی قانونی امداد کرنے والی مائنارٹی ڈیفنس کمیٹی آصف شیخ کی سربراہی میں اس معاملے میں اول روز سے متحرک ہے اور ​اب تک ہائی کورٹ کے ذریعے 8 افراد کی رہائی عمل میں آ چکی ہے۔

مائناریٹی ​کمیٹی غزالہ پروین، عبدالتواب اور دیگر تمام بے قصور افراد کے مقدمات کی پیروی پوری مضبوطی سے کر رہی ہے۔​کمیٹی کے سرگرم وکیل سدھانشو مہندر  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ​"غزالہ پروین کے معصوم بچہ بھی آج عدالت میں موجود تھا، جن کی حالتِ زار کو دیکھتے ہوئے ہم امید کر رہے ہیں کہ اگلی سماعت پر عدالت انہیں فوری ضمانت کی راحت فراہم کرے گی۔"۔

 ​مائنارٹی ڈیفنس کمیٹی اور کارپوریٹر مستقیم ڈگنیٹی نے اس پورے معاملے کو شہر کی ساکھ پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ

 ابتدائی طور پر اس کیس کو بنگلہ دیشی اور روہنگیا دراندازوں سے جوڑ کر شہر کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) کی رپورٹ کو اب تک عام نہ کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ پولیس کو شہر میں کسی بھی قسم کے بنگلہ دیشی یا روہنگیا باشندے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔کارپوریشن اور تحصیل انتظامیہ اور کلرکوں کی معمولی و تکنیکی غلطیوں کی سزا عام اور غریب شہریوں کو بھگتنی پڑ رہی ہے، جنہیں سنگین دفعات کے تحت جیلوں میں بند کیا گیا۔​مستقیم ڈگنیٹی نے آخر میں عزم ظاہر کیا کہ کمیٹی انصاف کی یہ جنگ آخری دم تک جاری رکھے گی اور ان شاء اللہ بہت جلد تمام بے گناہ شہری اس بحران سے سرخرو ہو کر باہر نکلیں گے۔ یہ مقدمات صرف چند افراد کے نہیں بلکہ پورے مالیگاؤں شہر کی عزت و ساکھ کا مسئلہ ہیں۔

سماجوادی پارٹی کے وفد کی شہر اے ایس پی سورج گنجال سے ملاقات، متنازع زمین کے معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی سخت مذمت

مالیگاؤں : سماجوادی پارٹی کے گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں ایک وفد نے شہر کے اے ایس پی سے ملاقات کرکے حالیہ احتجاج کے دوران لگائے گئے اشتعال انگیز نعروں، نفرت انگیز بیانات اور عوامی جذبات کو مجروح کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وفد میں حاجی اطہر حسین اشرفی یوتھ ونگ کے صدر راحیل حنیف، نائب صدر فیضان رجو، وسیم شیخ، طارق مچھلی والے، ابواللیث انصاری، عارف عطار، اعجاز پاپے، حسین خان، معین اشرف، سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ متنازع زمین کے معاملے کو دانستہ طور پر فرقہ وارانہ رنگ دیا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ زمین کے ریزرویشن سے متعلق تمام کارروائیاں سرکاری سطح پر قانونی طریقۂ کار کے مطابق انجام دی گئی ہیں۔ اس پورے معاملے میں مسلمانوں کو نشانہ بنانا ناانصافی ہے۔ اگر کسی مرحلے پر بے ضابطگی ہوئی ہے تو حکومت غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اور ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔

انہوں نے مالیگاؤں کے عوام، خصوصاً مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ جب تک معاملہ مکمل طور پر واضح نہ ہو، متنازع زمینوں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں، کیونکہ کسی بھی آئندہ قانونی تبدیلی کی صورت میں سب سے زیادہ نقصان عام اور غریب لوگوں کو اٹھانا پڑے گا۔

مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ گزشتہ روز کے احتجاج میں بعض افراد نے قانون اور آئین کی حدود کو پامال کرتے ہوئے اشتعال انگیز نعرے لگائے، گالم گلوچ کی اور ایسی زبان استعمال کی جس سے شہریوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ضروری ہے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شخص امن و امان خراب کرنے کی جرأت نہ کرے۔

انہوں نے بتایا کہ شہر اےایس پی کو پیش کیے گئے مکتوب میں انہی نکات کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔ پولیس حکام نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے، جس پر وفد نے اطمینان کا اظہار کیا۔

مستقیم ڈگنیٹی نے اردو زبان کے حوالے سے کیے گئے اعتراضات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اردو ہندوستان کی مشترکہ تہذیب، ثقافت اور تحریکِ آزادی کی اہم زبان ہے۔ اسے کسی ایک مذہب یا ملک سے جوڑنا نہ صرف تاریخی حقائق سے انکار ہے بلکہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی بھی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی ہر اس کوشش کی مخالفت کرتی رہے گی جو شہر کے امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی غرض سے کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا اعتراض کسی قانونی یا انتظامی عمل پر نہیں بلکہ احتجاج کے دوران اختیار کیے گئے اشتعال انگیز طرزِ عمل، نفرت انگیز نعروں اور عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی زبان پر ہے، جس کے خلاف سخت قانونی کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شان ہند, یحیٰی عبالجبار,راحیل حنیف سمیت 8 امیدواروں کا نام شامل

مالیگاؤں: آج بروز اتوار سماجوادی پارٹی نے کارپوریشن الیکشن کیلئے اپنے 8 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے. اس فہرست میں وارڈ نمبر 3 سے شان ہند نہال احمد, وارڈ نمبر 13 سے پروفیسر احمد ایوبی سر, وارڈ نمبر 14 سے زاہدہ اشفاق احمد اور صبیحہ مزمل صفاتی, وارڈ نمبر 16 سے یحیٰی عبدالجبار, وارڈ نمبر 18 سے انصاری زاہدہ بانو شکیل احمد(مگا ممبر) اور مصدقہ یاسین سردار اور وارڈ نمبر 19 سے راحیل احمد محمد حنیف کے نام شامل ہیں.

یہ بھی پڑھیں:...عبدالباقی راشن والے کے فرزند عمران حادثہ میں جاں بحق

سماجوادی پارٹی کی مقامی صدر نے آج ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کے مذکورہ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا اور امیدواروں سے متعلق میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب دیئے. پروفیسر رضوان خان سر کی امیدواری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شان ہند نے کہا کہ موجودہ الیکشن کسی لیڈر یا پارٹی رکن کے ممبر یا کارپوریٹر بننے کا نہیں بلکہ یہ شہر کے تحفظ اور اس کی شناخت اور بقا کا الیکشن ہے. اس میں پارٹی اراکین کو قربانی دینی پڑتی ہے. اس بات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ رضوان سر کو امیدواری نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے. شان ہند نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا رضوان سر کو امیدواروں کی پہلی فہرست میں جگہ کیوں نہیں دی گئی یا انہیں آئندہ فہرست میں شامل کیا جائے گا یا نہیں....!!!! 

سماجوادی پارٹی کی جاری کردہ امیدواروں کی پہلی فہرست میں جہاں پارٹی کی صدر شان ہند کا نام شامل ہے وہیں چار خواتین کو بھی امیدواری دی گئی ہے.

واضح رہے کہ اس کارپوریشن الیکشن میں انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر المعروف اسلام پارٹی اور سماجوادی پارٹی نے مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے اور سکیولر فرنٹ نامی گٹھ بندھن بنایا ہے. لیکن وارڈ نمبر 16 سے اسلام پارٹی نے اپنے چار امیدوار میدان میں اتارے ہیں, سماجوادی پارٹی نے بھی اس وارڈ سے یحیٰی عبدالجبار کی امیدواری دی ہے. اس تعلق سے شان ہند نے کہا کہ اتحاد کے باوجود وارڈ نمبر 16 سے سماجوادی نے امیدوار میدان میں اتارا ہے, اس وارڈ میں دوستانہ مقابلہ ہوگا. اس کے علاوہ وارڈ نمبر 18 میں اسلام پارٹی سے حافظ انیس احمد اقبال احمد اور محمد عارف محمد شریف امیدواری کررہے ہیں جبکہ اس پینل میں سماجوادی پارٹی سے دو امیدوار انصاری زاہدہ بانو شکیل احمد(مگا ممبر) اور مصدقہ یاسین سردار کو امیدواری دی گئی ہے.

سماجوادی صدر شان ہند نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں پارٹی کے ایک اہم رکن عبدالباقی راشن والے کے فرزند کے انتقال کے سبب امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے میں تاخیر ہوئی اور آج پہلی فہرست جاری کردی گئی ہے آئندہ ایک دو روز میں مزید امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا.

سماجوادی پارٹی کے نہالی ورکروں کی پریس کانفرنس، پولس انتظامیہ سے بھی مداخلت کی اپیل 

مالیگاؤں : گزشتہ چار ستمبر بروز جمعرات کی شب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے اعجاز بیگ نے سماجوادی پارٹی کی صدر اور مستقیم ڈگنیٹی کی بیوی پر جس طرح نازیبا کلمات کا استعمال کیا وہ انتہائی گھٹیا زبان ہے ۔ہم اسکی مذمت کرتے ہیں اور انہیں وقت دیتے ہیں کہ اعجاز بیگ پندرہ دنوں میں عام معافی مانگے ورنہ نہالی انداز میں سخت احتجاج کیا جائے گا اور اعجاز بیگ کا منہ بھی کالا کیا جائے گا اور گوبر بھی لگایا جائے گا ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار آج شب آگرہ روڈ رابطہ آفس پر سماجوادی پارٹی کی منعقدہ پریس کانفرنس سے نہال ورکر شیخ انیس مستری نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اعجاز بیگ نے اس سے پہلے بھی ممبر آف پارلیمنٹ شوبھا تائی بچھاؤ کیخلاف نازیبا کلمات کا استعمال کیا اور انہیں گندی گندی گالیاں بھی دی تھی۔

شیخ انیس مستری نے کہا اعجاز بیگ نے ماضی میں پولس افسران کیخلاف بھی بدزبانی و گالی گلوچ کی تھی۔شیخ انیس مستری نے مزید کہا کہ اعجاز بیگ کی اسی گالی گلوچ کی وجہ سے مالک یونس عیسٰی نے انہیں کارپوریشن میں مارا تھا۔شیخ انیس مستری نے کہا کہ پندرہ دنوں میں معافی مانگے ورنہ نہالی انداز میں احتجاج کرتے ہوئے گوبر بھی لگایا جائے گا اور منہ بھی کالا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پولس ڈپارٹمنٹ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے اعجاز بیگ کی اس حرکت کو نوٹ کریں اور اعجاز بیگ کیخلاف مقدمہ درج کریں۔

اس پریس کانفرنس سے محمد مسلم عرف ڈھانڈے نے کہا کہ ذاتیات پر مبنی سیاست نہ کی جائے ۔سیاست پالیسی پر ہونا چاہیے ۔ہم ساتھی نہال احمد کی طرز پر امن عامہ ،صحت عامہ اور فلاحی کاموں کیلئے جمہوری طریقے سے کام کرتے آئیں ہیں ۔اعجاز بیگ کی اس حرکت پر اگر انہوں نے معافی نہیں مانگی تو ہم نے جو اعلان کیا ہے وہ بھی کرینگے اور جو نہیں بولا وہ بھی کیا جائے گا ۔اس لئے بہتر یہی ہے کہ وہ معافی مانگ لیں ۔اس پریس کانفرنس میں ابو شعیب نہالی ،سلیم گڑبڑ، رمضان عباس ،الطاف ماما، پاپا لائٹ والا، اسرائیل پاپا، رئیس ستارہ، شکیل ٹلو ،محمد انس اور ساجد بابو، انیس سیٹھ،ابو لیث ،عمران موٹو سمیت دیگر افراد موجود تھے ۔