Articles by "Crime News"
Showing posts with label Crime News. Show all posts

دو ملزمین گرفتار، رمضان پورہ پولس کی بڑی کارروائی 

مالیگاؤں: مالیگاؤں شہر کے دیانا علاقے میں رمضان پورہ پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے دونوں کے قبضے سے 53 گرام سفید رنگ کا مشتبہ ایم ڈی (ایم ڈی ایم اے) پاؤڈر برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی تخمینی مالیت تقریباً ایک لاکھ 59 ہزار روپے ہے۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی 24 اگست 2026 کی شب تقریباً 11 بجے کھڑکی روڈ پر گنیش نگر سے اسلام کے ہوٹل کی جانب جانے والے راستے پر الیکٹرک ڈی پی کے قریب انجام دی گئی۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران پولیس نے مشتبہ افراد کو روک کر تلاشی لی، جس میں 53 گرام سفید رنگ کا ایم ڈی پاؤڈر برآمد ہوا۔کارروائی کے دوران منشیات کے علاوہ ایک ہیرو ایچ ایف ڈیلکس موٹر سائیکل اور تقریباً تین ہزار روپے مالیت کی الیکٹرانک وزن کرنے والی مشین بھی ضبط کی گئی۔ پولیس کے مطابق تمام ضبط شدہ اشیاء کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً ایک لاکھ 92 ہزار روپے ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت انیس قریشی (22 سال)، ساکن دریگاؤں شیوار مالیگاؤں اور حنیف شیخ غفران، ساکن کمال پورہ، مالیگاؤں کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر ایم ڈی پاؤڈر غیر قانونی فروخت کے مقصد سے اپنے قبضے میں رکھا ہوا تھا۔اس معاملے میں رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعہ 8 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور منشیات کی خرید و فروخت کے ممکنہ نیٹ ورک سمیت دیگر پہلوؤں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔اس کارروائی میں اے پی آئی مالی، پی ایس آئی چوہان اور اے ایس آئی ٹی اے سونونے سمیت پولیس اہلکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔ پولیس کی جانب سے جاری تحقیقات کے بعد معاملے میں مزید انکشافات اور کارروائی متوقع ہے۔

ایف ڈی اے حکام کی موجودگی میں گٹکے کی فہرست تیار، معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری

مالیگاؤں: مالیگاؤں پولس کی لوکل کرائم برانچ (ایل سی بی) نے غیر قانونی گٹکے کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے نمبر 3 پر ایک ٹرک سے تقریباً 62 لاکھ روپے مالیت کا غیر قانونی گٹکا ضبط کیا ہے۔ اس کارروائی میں تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کا ٹرک بھی قبضے میں لیا گیا، جس کے بعد ضبط شدہ مال کی مجموعی مالیت تقریباً 82 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ایل سی بی کی ٹیم نے نیشنل ہائی وے نمبر 3 پر شاہی گولڈن ہوٹل کے قریب واقع اسٹار ہوٹل کے سامنے مشتبہ ٹرک کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں غیر قانونی گٹکا برآمد ہوا، جس کے بعد پولس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے گٹکا اور ٹرک کو ضبط کر لیا۔

کارروائی کی اطلاع ملتے ہی فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے افسران بھی موقع پر پہنچے۔ پولس اور ایف ڈی اے حکام نے مشترکہ طور پر ضبط شدہ گٹکے کی جانچ اور فہرست تیار کرنے کا عمل مکمل کیا۔ پولس کے مطابق برآمد شدہ گٹکے کی اندازاً مالیت 62 لاکھ روپے ہے، جبکہ ٹرک کی قیمت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ گٹکا مہاراشٹر میں غیر قانونی طور پر لایا گیا تھا۔ تاہم، گٹکا کہاں سے لایا گیا، اسے کہاں پہنچایا جانا تھا اور اس کھیپ کا اصل مالک کون ہے، اس بارے میں ابھی مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔اس معاملے میں کارروائی کے وقت تک کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ پولس کی جانب سے ٹرک کے مالک، ڈرائیور، گٹکے کی کھیپ کے اصل سپلائر اور اسے وصول کرنے والے افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا اس کھیپ کا تعلق کسی بڑے غیر قانونی نیٹ ورک سے ہے یا نہیں۔

یہ کارروائی ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سوامی اور مالیگاؤں کے ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ سورج گنجال کی نگرانی میں ضلعی لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے انجام دی۔

پولس کی تفتیش فی الحال جاری ہے۔ ضبط شدہ گٹکے اور ٹرک سے متعلق قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔ تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ اس معاملے میں مزید اہم انکشافات اور ممکنہ ملزمان کے نام سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

300 کروڑ کا ٹینڈر دینے کا جھانسہ، 6 ملزمان گرفتار، پولس تفتیش جاری 

​ناسک/مالیگاؤں: سنگھستھ کمبھ میلے کے نام پر جعلی ٹینڈر اور جعلی ورک آرڈر دے کر رقم بٹورنے والے گینگ کی جعل سازی کا دائرہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ تازہ ترین واقعہ میں مالیگاؤں (سوئے گاؤں) کے ایک سڑک تعمیراتی کنٹریکٹر اور تاجر سریش مہندر پوار سے کمبھ میلے کے کام دلانے کا جھانسا دے کر 35 لاکھ روپے ہڑپ لیے گئے۔ اس معاملے میں ناسک روڈ پولیس اسٹیشن میں پانچواں مقدمہ (FIR) درج کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جامنیر (ضلع جلگاؤں) سے تعلق رکھنے والے شکیل احمد شیخ، تنئے مہاجن اور نریندر مہاجن نامی افراد نے کنٹریکٹر سریش پوار سے رابطہ کیا تھا۔ ملزمان نے انہیں کمبھ میلے کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے لیے 300 کروڑ روپے کے ٹینڈر نکلنے کا جھانسا دیا اور کام دلانے کی یقین دہانی کرائی۔ اعتماد حاصل کرنے کے لیے ملزمان نے حکومتِ ہند کا قومی نشان (راج مدرا) والا جعلی لیٹر ہیڈ، ناسک میونسپل کارپوریشن کا ٹینڈر نوٹس نمبر، اور کمبھ میلہ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر پروین گوڈام کی جعلی ڈیجیٹل دستخط والے فرضی ورک آرڈرز دکھائے۔  

ٹینڈر منظور کرانے اور کارروائی کے نام پر ملزمان نے کانٹریکٹر سے مرحلہ وار 50 لاکھ روپے وصول کیے۔ جب کافی وقت گزرنے کے بعد بھی کام شروع نہیں ہوا اور ٹھیکہ دار کو ان پر شک ہوا تو انہوں نے اپنی رقم واپس مانگنی شروع کی۔ ملزمان نے اپنے اکاؤنٹنٹ کے ذریعے تاجر کو 15 لاکھ روپے تو واپس کر دیے، لیکن بقایا 35 لاکھ روپے لوٹانے کے بجائے ٹال مٹول کرنے لگے۔ بالآخر سریش پوار نے پولس سے رجوع کر کے باقاعدہ شکایت درج کرائی۔  

ناسک پولیس اب تک اس گروہ کے چھ ملزمان (تنئے مہاجن، نریندر مہاجن، شعیب احمد شیخ، عبد الرئیس شیخ، شکیل احمد شیخ اور محمد وسیم) کو جلگاؤں کے جامنیر سے گرفتار کر چکی ہے۔ تمام ملزمان کی پولس کسٹڈی ختم ہونے پر انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس ریکیٹ میں اور بھی لوگ شامل ہو سکتے ہیں اور معاملے کی مزید گہرائی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پانچ ملزمان گرفتار، دو فرار،عدالت میں پیشی ،کیس کی ہر زاویے سے تفتیش جاری

مالیگاؤں: مالیگاؤں کے 60 فٹی روڈ پر پیش آئے سنسنی خیز قتل کیس میں پوارواڑی پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دو دیگر ملزمان ابھی تک فرار ہیں۔ پولیس نے گرفتار افراد کو مقامی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اور فرار ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ ماری جاری ہے۔

پولیس کے مطابق یہ خونی واردات 14 اگست کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے نائرا پیٹرول پمپ کے سامنے ایک خالی ٹرالی پر پیش آئی۔ متوفی محمد زبیر محمد امین انصاری اپنے بھائی عبید کے ساتھ وہاں موجود تھے کہ اسی دوران حملہ آور اچانک وہاں پہنچے اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر کے زبیر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔قتل کی اطلاع ملتے ہی پوارواڑی پولیس حرکت میں آ گئی اور خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کی تلاش شروع کی گئی۔ پولیس انسپکٹر راہل کھتاڑ کی نگرانی میں ڈی بی ٹیم نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان رضوان شاہ حسن شاہ، عرفان شاہ حسن شاہ، عمر فاروق، اسلم شاہ اور واحد کالیا کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے پانچ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دو ملزمان اب بھی قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ ان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد گرفتاری کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔یہ مقدمہ پوارواڑی پولیس اسٹیشن میں جرائم رجسٹر نمبر 231/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی دفعہ 103 (قتل) کے تحت درج کیا گیا ہے۔تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ 13 اگست کو دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جسے علاقے کے بزرگوں نے مداخلت کرکے ختم کرا دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں گالی گلوچ اور تنازع دوبارہ شدت اختیار کر گیا، جس کا انجام قتل کی اس خونریز واردات کی صورت میں سامنے آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں فریقوں کے خلاف ماضی میں بھی بعض مقدمات درج رہ چکے ہیں۔پوارواڑی پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے اور فرار ملزمان کو جلد گرفتار کرکے پورے معاملے سے پردہ اٹھایا جائے گا۔

تین ملزمان اور ایک نابالغ گرفتار ،چھاؤنی پولس کی کارروائی،ایڈیشنل ایس پی کی پریس بریفنگ 

مالیگاؤں: مالیگاؤں چھاؤنی پولس نے سٹانہ روڈ پر چاقو کی نوک پر راہگیروں سے موبائل فون چھیننے والے ایک پیشہ ور گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین ملزمان اور ایک نابالغ کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولس نے کارروائی کے دوران مختلف کمپنیوں کے 24 موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی ایک بجاج پلسر موٹر سائیکل سمیت مجموعی طور پر 3 لاکھ 48 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا ہے۔پولس کے مطابق یہ واردات 11 جولائی 2026 کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے پیش آئی تھی۔ شکایت کے مطابق شنکر دلیپ پوار، ساکن پمپل گاؤں دابھاڑی، اپنی موٹر سائیکل پر سٹانہ روڈ سے گزر رہے تھے۔ بچھاؤ سرکل کے قریب ممتا سویٹ کے سامنے دو نامعلوم افراد نے انہیں روک کر چاقو دکھاتے ہوئے دھمکایا اور ان کے قبضے سے 12 ہزار 500 روپے مالیت کا ریڈمی کمپنی کا موبائل فون زبردستی چھین کر فرار ہو گئے۔

اس واقعے کے بعد چھاؤنی پولس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) 2023 کی دفعات 309(4) اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ جرم کی سنگینی کے پیش نظر پولس نے فوری طور پر تفتیش شروع کرتے ہوئے کرائم برانچ کو متحرک کیا اور خفیہ معلومات اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزمان کا سراغ لگایا۔پولس نے کارروائی کرتے ہوئے اتروا عرف بنٹی راجندر دھنواتے (22 سال، ساکن سٹانہ روڈ، مالیگاؤں)، پردیپ دادا جی ڈھیورے (18 سال، ساکن لکھماپور، تعلقہ سٹانہ )، پریم بھٹو دیورے (18 سال، ساکن کرانتی پھولے نگر، مالیگاؤں) اور ایک 17 سالہ نابالغ کو حراست میں لیا۔ پولس کے مطابق ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا۔

تفتیش کے دوران ملزمان کی جانب سے شہر میں موبائل چوری اور چھیننے کی متعدد دیگر وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا۔ ان کی نشاندہی پر پولس نے ریڈمی، سیمسنگ، ویوو، ون پلس، پوکو، ریئل می اور جیو سمیت مختلف کمپنیوں کے 24 استعمال شدہ موبائل فون، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 58 ہزار روپے ہے، برآمد کیے۔ اس کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی سیاہ رنگ کی بجاج پلسر 220 سی سی موٹر سائیکل (رجسٹریشن نمبر: MH-41-BZ-4681) بھی ضبط کر لی گئی، جس کی مالیت تقریباً 90 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 3 لاکھ 48 ہزار روپے کا سامان ضبط کیا گیا۔پولس نے شکایت کنندہ شنکر دلیپ پوار کا موبائل فون انہیں واپس کر دیا ہے جبکہ برآمد ہونے والے دیگر موبائل فون کے اصل مالکان کا پتہ لگانے کے لیے ان کی پولس تحویل پانچ دنوں کیلئے طلب کی گئی جس میں تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولس کے مطابق گرفتار نابالغ کو قانونی کارروائی کے تحت چلڈرنس ہوم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ کارروائی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ناسک دیہی) ڈاکٹر ڈی ایس سوامی، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گنجال اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سدھارتھ باروال کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ کارروائی میں چھاؤنی پولس کے پولس انسپکٹر سبھاش سانپ، اسسٹنٹ پولس انسپکٹر یوگیش پاٹل، اے ایس آئی روہیداس ہیرے اور دیگر پولیس اہلکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔

139

 گرام ایم ڈی پاؤڈر برآمد، تقریباً 11 لاکھ روپے کا مال ضبط 

چاندوڑ: (یکم اگست) چاندوڑ پولیس نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ممبئی سے مالیگاؤں آنے والی ایک کار سے 139 گرام ایم ڈی (میفیڈرون) پاؤڈر برآمد کر لیا اور مالیگاؤں کے تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے نشہ آور مادہ، کار اور دیگر سامان سمیت تقریباً 10 لاکھ 78 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا ہے۔

پولیس کے مطابق یکم اگست، بروز سنیچر کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر چاندوڑ ٹول پلازہ پر ممبئی سے مالیگاؤں کی جانب آنے والی کیا کار (MH 41 BL 2720) کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے 139 گرام ایم ڈی پاؤڈر برآمد ہوا، جس کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 78 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

اس کارروائی کی قیادت چاندوڑ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر واگھ اور مالیگاؤں کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گنجال کی خصوصی ٹیم نے کی۔ کارروائی میں پولیس کانسٹیبل راکیش اوبالے، راکیش جادھو، دینیش شراوٹے، اکشے چودھری اور رام میسال نے حصہ لیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالرحمن شیخ اکبر (23 سال، رونق آباد، مالیگاؤں)، شیخ ریان شیخ شفیع الدین (32 سال، سلامت آباد، مالیگاؤں) اور شیخ شیبان شیخ نثار (21 سال، عباس نگر، مالیگاؤں) کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف این ڈی پی ایس (NDPS) ایکٹ کے تحت چاندوڑ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ناسک دیہی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ڈی۔ ایس۔ سوامی اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گنجال کی ہدایات پر انجام دی گئی، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

خفیہ اطلاع پر کمبھارواڑا میں مشترکہ کارروائی، آر ٹی او کی مدد سے گاڑیوں کے اصل مالکان کی شناخت جاری

مالیگاؤں: (یکم اگست) مالیگاؤں شہر پولس نے جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کمبھارواڑا علاقے میں قائم ایک مبینہ جگار اڈے پر چھاپہ مار کر 51 موٹر سائیکلیں ضبط کر لی ہیں۔ پولس کے مطابق مذکورہ اڈے پر مٹکا کھیلنے والے افراد اپنی موٹر سائیکلیں رہن رکھ کر رقم حاصل کرتے تھے۔کارروائی کے بعد ضبط شدہ گاڑیوں کی اصل ملکیت کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔اس طرح کی تفصیلات ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس سورج گنجال نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا ۔انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مالیگاؤں ٹریفک برانچ، آر سی پی اور شہر پولس اسٹیشن کی مشترکہ ٹیم نے یہ کارروائی انجام دی۔ چھاپے کے دوران 51 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، جن کے اصل مالکان سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ آر ٹی او کی مدد سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کی جانچ کے بعد آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسی دوران پولیس کو موٹر سائیکل کی چوری کے مقدمات میں بھی اہم کامیابی حاصل ہوئی۔ 17 اور 27 جولائی کو درج مقدمات کی تفتیش کے دوران ایک نابالغ ملزم کو حراست میں لیا گیا، جس سے پوچھ گچھ کے بعد مزید پانچ ملزمان کے نام سامنے آئے۔ ان ملزمان کی نشاندہی پر مجموعی طور پر 12 موٹر سائیکلیں اور ایک سائیکل برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان میں جلیل احمد محمد رئیس (30 سال، مہاڈا پلاٹ)، محمد مجید خلیل احمد (28 سال، عائشہ نگر قبرستان)، عرفات انجم جاوید احمد (25 سال، مہاڈا پلاٹ)، محمد ساجد محمد سلیم (19 سال، گولڈن نگر) اور محمد شہبان سجاد حسین (29 سال، گولڈن نگر) شامل ہیں، جبکہ ایک نابالغ بھی اس معاملے میں زیر حراست ہے۔

پولس کے مطابق برآمد شدہ گاڑیوں میں سے سات موٹر سائیکلوں اور ایک سائیکل کے چوری کے مقدمات کا انکشاف ہو چکا ہے۔ یہ مقدمات مالیگاؤں شہر، رمضان پورہ، پوارواڑی، کیمپ، چھاؤنی اور سٹانہ پولس اسٹیشن کے دائرۂ اختیار سے متعلق ہیں۔ دیگر ضبط شدہ گاڑیوں کے مالکان کی شناخت آر ٹی او کے تعاون سے کی جا رہی ہے تاکہ تصدیق کے بعد انہیں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیا جا سکے۔

تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ بعض ملزمان کے خلاف پہلے سے بھی مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ محمد ساجد محمد سلیم کے خلاف تین، محمد شہبان سجاد حسین کے خلاف دو جبکہ عرفات انجم جاوید احمد کے خلاف ایک مقدمہ پہلے ہی درج ہے۔ پولس نے بتایا کہ گرفتار پانچوں ملزمان کو عدالت نے چار روزہ پولس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔یہ پوری کارروائی ضلعی پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی ایس سوامی کی رہنمائی میں پولس انسپکٹر سندیش پاٹل اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔ کارروائی میں پولیس حوالدار داندگے، ٹھاکر، شیلاوتے، باگل، پولیس نائک پاٹل، پولیس کانسٹیبل بورا اور دیگر افسران نے اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ ضبط شدہ گاڑیوں کی مالیت کے حوالے سے پولس کی جانب سے مزید تفصیلی تصدیق کا عمل جاری ہے، جبکہ تمام قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد اصل مالکان کو ان کی گاڑیاں واپس کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔اس طرح کی اطلاع بھی ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے دی ۔

اعجاز عرف وٹھل قتل کیس میں تین دوست پولس حراست میں، تفتیش جاری 

مالیگاؤں : پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں سید اعجاز سید یاسین عرف وٹھل کانیا (ساکن گلاب پارک) کے قتل کے معاملے میں تین قریبی دوستوں کو حراست میں لے کر تفتیش تیز کر دی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق 22 جولائی 2026 کے قریب ریلائبل کمپاؤنڈ کے قریب نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کر کے مقتول کے پیٹ اور سینے پر زخم پہنچائے، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔ مقدمہ پرانا دفعہ 302 اور نیا بھارتی ضابطہ فوجداری (بی این ایس 2023) کی دفعہ 103 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

حراست میں لیے گئے افراد میں حفظ الرحمن شیخ عرفان (عمر 18 سال)، ساکن پاک پنجتن چوک؛ شہزاد خان اشفاق خان (عمر 18 سال)، ساکن اقصٰی کالونی؛ اور ایک نابالغ۔ تینوں مقتول کے قریبی دوست بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کا امکان ہے۔اس کیس کی جانچ کانسٹیبل گوتم تائڈے کر رہے ہیں جبکہ پوارواڑی پولیس اسٹیشن انچارج راہل کھتال کی نگرانی میں مختلف ذرائع سے تحقیقات جاری ہیں۔

 پانچ افراد زخمی، ایک کی حالت نازک، 13 حراست میں، ویڈیو وائرل

ممبئی: جنوبی ممبئی کے گنجان آباد علاقے ناگپاڑہ میں جمعرات کی رات دو مقامی گروپوں کے درمیان شدید پرتشدد جھڑپ پیش آئی، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 13 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ممبئی پولیس کے مطابق، یہ جھگڑا مبینہ طور پر مالی لین دین کے تنازع سے شروع ہوا، جو پہلے تلخ کلامی اور بعد ازاں شدید مارپیٹ میں تبدیل ہو گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ اس قدر بگڑ گیا کہ دونوں طرف سے لاٹھیاں اور لوہے کی سلاخیں استعمال کی گئیں۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں سڑک پر دو افراد کو بے ہوشی کی حالت میں پڑا دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دیگر افراد کھلے عام لاٹھیوں اور راڈز کے ساتھ ایک دوسرے پر حملہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

تشدد میں زخمی ہونے والے پانچ سے چھ افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق، بیشتر زخمیوں کی حالت مستحکم ہے، تاہم ایک شخص آئی سی یو میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے اور واقعے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر مزید افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔


سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 24 گھنٹے کے اندر ملزم گرفتار، تعزیرات ہند کی دفعہ 103/1 کے تحت پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج

مالیگاؤں: 14 مئی بروز بدھ شہر میں ایک 25 سالہ نوجوان محمد طارق محمد اسلم قریشی کا بہیمانہ قتل ہوا. اس معاملے میں شہر ایڈیشنل ایس پی تیگبیر سنگھ سندھو اور ڈی وائے ایس پی سورج گنجال کی رہنمائی میں پوار واڑی پولیس انسپکٹر سدھیر پاٹل نے تندہی دکھاتے ہوئے کرائم برانچ کو فوراً متحرک کیا اور اس معاملے کی جانچ کا آغاز کیا اور محض 24 گھنٹے کے اندر محمد طارق قریشی کے قتل کے الزام میں کمالپورہ کے ساکن محمد سلطان عبدالمنان نامی 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا.
اس معاملے میں محمد سلطان کے خلاف پوار واڑی اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 103/1 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے. اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور موقع واردات پر پائی گئی چپل کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے. سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی دے رہا ہے کہ مقتول سائیکل چلا رہا ہے جب کہ محمد سلطان نامی نوجوان سائیکل کی پچھلی سیٹ پر بیٹھا ہوا ہے، کچھ دیر بعد محمد سلطان نامی نوجوان عجلت میں دوڑتے ہوئے واپس ہوتا دکھائی دے رہا ہے. پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے. مزید تفتیش جاری ہے. جس میں اس بہیمانہ قتل کے پچھے چھپے کئی راز عیاں ہونے کے امکانات ہیں.

مختلف ٹرسٹوں، کمپنیوں اور افراد کے نام پر رجسٹر، اب تک 61.72 کروڑ روپے کے اثاثے صبط

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کی روک تھام قانون (پی ایم ایل اے) 2002 کی دفعات کے تحت مبینہ طور پر پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سے منسلک 56.56 کروڑ روپے مالیت کی 35 غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔ ضبط شدہ اثاثے مختلف ٹرسٹوں، کمپنیوں اور افراد کے نام پر ہیں لیکن مبینہ طور پر پی ایف آئی کی ملکیت ہیں۔

ان جائیدادوں میں سے 16 اکتوبر کو 35.43 کروڑ روپے مالیت کی 19 جائیدادیں ضبط کی گئی تھیں جبکہ 16 اپریل 2024 کو 21.13 کروڑ روپے مالیت کی 16 جائیدادیں ضبط کی گئی تھیں۔ ای ڈی کی یہ کارروائی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے درج ایف آئی آر کی بنیاد پر کی گئی تحقیقات کے بعد کی گئی ہے، مالیاتی تحقیقاتی ایجنسی نے جمعہ کو یہ بات کہی۔

ضبط کی گئی جائیدادوں میں منجری میں ستیہ سرانی ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ، کوزی کوڈ میں اوبیلسک پراپرٹیز اینڈ ڈویلپرز، کرونا ایجوکیشن اینڈ سوشل چیریٹیبل ٹرسٹ، کیرالہ میں رحمت ایجوکیشن چیریٹیبل ٹرسٹ اور دیگر ٹرسٹوں کے نام پر موجود زمین اور عمارتیں شامل ہیں۔ ان جائیدادوں کو مبینہ طور پر پی ایف آئی سے متعلق مختلف سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا گیا تھا ، جس میں مذہب کی تبدیلی اور میٹنگیں بھی شامل تھیں۔

اس سے پہلے ای ڈی نے پی ایف آئی سے منسلک 5.16 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کی تھی جس میں 23 بینک کھاتے بھی شامل تھے۔ کل ضبطی اب 61.72 کروڑ روپے ہے۔


 پانچ کروڑ ادا نہیں کئے تو بابا صدیقی سے برا حال ہوگا، دھمکی آمیز پیغام بھیجنے والے کا دعویٰ

بابا صدیقی کے قتل نے ہر کسی کو حیران کردیا تھا وہیں بابا کے قریبی دوست فلم اسٹار سلمان خان اب تک ان کی موت کے صدمے میں ہیں. سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے.

یہ بھی پڑھیں:... این سی پی (شرد چندر پوار) سے وزیراعلیٰ کا چہرہ کون؟

لارینس بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی مرڈر کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سلمان خان سے ان کی گہری دوستی کو اس قتل کی وجہ بتائی ہے.

بابا صدیقی کے قتل کے بعد پولیس مسلسل اس معاملے میں تفتیش کررہی ہے اسی دوران سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی اور 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے. دھمکی آمیز پیغام ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ پر بھیجا گیا. اے این آئی کے ایک ٹوئیٹ کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ نمبر پر دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا جس میں فلم اداکار سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے. پیغام بھیجنے والے نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے معمولی نہ سمجھیں، اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں تو انہیں 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے. اگر روپے ادا نہیں کئے گئے تو سلمان خان کا حال بابا صدیقی سے بھی برا ہوگا.

مذکورہ دھمکی آمیز پیغام اور اسے بھیجنے والے کا پتہ لگانے کے لئے ممبئی پولیس نے تفتیش جاری کردی ہے. اس سے قبل بھی سلمان خان کو متعدد دھمکیاں مل چکی ہیں، گذشتہ ماہ گیلیکسی اپارٹمنٹ سلمان کی رہائش کے باہر فائرنگ بھی ہوئی تھی. پولیس نے اس خاطی کو. پکڑ لیا تھا. لیکن بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کے حفاظتی انتظامات پر زبردست توجہ دی جارہی ہے.

آرین خان کو کروز ڈرگز کیس میں ملوث نہ کرنے کے لیے 25 کروڑ رشوت طلب کرنے کا الزام

سی بی آئی نے آج  جمعہ کو ممبئی این سی بی کے سابق چیف سمیر وانکھیڈے کے گھر پر چھاپہ مارا،جنہوں نے شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو کروز ڈرگز کیس میں گرفتار کیا تھا۔  تفتیشی ایجنسی کے ذرائع نے بتایا کہ سمیر نے آرین خان کو کروز ڈرگز کیس میں ملوث نہ کرنے کے لیے 25 کروڑ کی رشوت طلب کی تھی۔  اس معاملے میں سمیر کے ایک ساتھی نے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے لیے تھے۔  اس معاملے میں سی بی آئی نے سمیر وانکھیڈے سمیت 4 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔  ایجنسی نے ممبئی، دہلی، رانچی اور کانپور میں ان کے 29 مقامات پر چھاپے مارے۔

یہ بھی پڑھیں:..... این سی پی پینل نے شرد پوار کا استعفیٰ مسترد کردیا

واضح رہے کہ سمیر وانکھیڈے نے 2 اکتوبر 2021 کو ممبئی سے گوا جانے والی کورڈیلیا کروز میں ریو پارٹی کی اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا تھا۔ آرین خان کو یہاں سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد آرین 26 دن تک پولیس کی حراست میں رہا، اس دوران اسے آرتھر روڈ جیل بھی بھیجا گیا۔ آرین کے خلاف ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے عدالت نے انہیں 28 اکتوبر کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔اس معاملے میں گرفتار ارباز مرچنٹ نے عدالت میں گواہی دی تھی کہ آرین کے پاس منشیات نہیں تھی اور اس نے ارباز کو بھی منشیات لے جانے سے منع کیا تھا۔


خودکشی کی لائیو اسٹریمنگ کرتے ہوئے نوجوان نے اپنا درد بیان کیا، پولیس نے حادثاتی موت کا اندراج کیا، مزید تفتیش جاری

مہاراشٹر: گرل فرینڈ نے شادی سے انکار کیا تو ایک 27 سالہ نوجوان نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے کہا کہ گرل فرینڈ کی جانب سے انکار سن کر نوجوان نے خودکشی کرلی اور اپنے آخری لمحات کو فیس بک پر لائیو اسٹریم کیا۔ایک افسر نے کہا کہ کلیان کے ساکن انکُش پوار نے اس وقت خودکشی کرلی جب اس کی گرل فرینڈ نے اس سے شادی سے انکار کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:۔۔۔۔نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اسپتال میں بطور وارڈ بوائے خدمات انجام دینے والے 27 سالہ نوجوان انکش پوار نے فیس بک پر اپنی خودکشی کی لائیو اسٹریمنگ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین سال سے اس کے ایک خاتون سے تعلقات تھے، اپنی بچت سے اس نے خاتون کو رقم بھی دی تھی۔ایک افسر نے کہا کہ دونوں میں کئی معاملات پر اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا، جمعرات کے روز کافی جھگڑے اور بحث کے بعد خاتون نے مبینہ طور پر اسے مر جانے کو کہا، جس کے بعد اس نے غصے میں آکر خودکشی کرلی۔ایم ایف سی پولیس نے حادثاتی موت کا اندراج کرلیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔


مالیگاؤں:ایک سال کے عرصے میں 22 پستول اور 57 کارتوس ضبط،ملزمین پر آرم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

مالیگاؤں(نامہ نگار) پولیس کنٹرول روم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مالیگاؤں میں کل مختلف مقامات پر پولیس کی کارروائی میں بڑی تعداد میں پستول اور کارتوس ضبط کئے گئے ہیں۔ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی نے نمائندے کو ان کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر میں گذشتہ دنوں کل ملا کر مختلف مقامات پر پولیس کے عملہ نے قانونی کارروائی، پولیس کی حکمت عملی اور مستعدی کے سبب مختلف مقامات سے 22 پستول اور 57 کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔ملزمین کے خلاف آرم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ویڈیو: ایڈیشنل ایس پی چندرکانت کھانڈوی کا بیان

ملزمین کے خلاف کورٹ سے رجوع ہوکر ٹھوس اقدامات اور کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی نے مزید کہا کہ گذشتہ چند روز سے کافی سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ شہر میں مجرمانہ سرگرمیوں پر قدغن لگایا جاسکے، واضح رہے کہ مالیگاؤں پولیس عملہ، ڈی بی اور ڈی ایس بی کے ساتھ ساتھ متعدد پی آئی کی نگرانی میں جال بچھا کر پولیس نے کمال ہوشیاری سے قانونی کارروائی کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔