Articles by "Malegaon Crime"
Showing posts with label Malegaon Crime. Show all posts

جئے کھیڑا، سٹانہ اور کیمپ پولس کی مشترکہ کارروائی، ناکہ بندی توڑ کر فرار ہونے والی گاڑی سے دو گائے سمیت چھ مویشی برآمد

مالیگاؤں: آدھی رات کے وقت ایک مشتبہ گاڑی کے تعاقب کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا، جس میں جئے کھیڑا، سٹانہ اور مالیگاؤں کیمپ پولس اسٹیشن کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا، جبکہ دو ملزمان پولس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے گاڑی کو ضبط کرتے ہوئے اس میں موجود دو گائے سمیت چار مویشیوں کو برآمد کیا ہے۔پولس سے موصولہ اطلاع کے مطابق رات کے وقت مشتبہ گاڑی کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے فوری طور پر ناکہ بندی شروع کی۔ جئے کھیڑا پولیس اسٹیشن کی حدود میں گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم ڈرائیور نے ناکہ بندی توڑ دی اور گاڑی سٹانہ کی سمت لے گیا۔

سٹانہ پولس نے بھی گاڑی کو روکنے کے لیے ناکہ بندی کی، لیکن مشتبہ گاڑی نے وہاں بھی پولس کو چکمہ دیتے ہوئے ناکہ بندی توڑ دی اور مالیگاؤں کی جانب فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس کے بعد کیمپ پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے بھی ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں تینوں پولیس اسٹیشنوں کی ٹیمیں گاڑی کے تعاقب میں سرگرم ہوگئیں۔کافی دیر تک جاری رہنے والے اس تعاقب کے بعد پولیس ٹیموں نے بالآخر گاڑی کو مالیگاؤں کیمپ پولیس اسٹیشن کی حدود میں قابو کرلیا۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر اس میں دو گائے سمیت چار بیل یعنی کل چھ مویشی پائے گئے، جنہیں پولس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

پولس کارروائی کے دوران گاڑی میں موجود افراد میں سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ دو دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ گرفتار شخص کی شناخت شیخ شریف شیخ شیخ یونس کے طور پر بتائی گئی ہے۔پولس کے مطابق فرار ملزمان میں محسن سیلانی، ساکن مالیگاؤں اور معین شیخ، ساکن قصاب باڑہ شامل ہیں، جبکہ تیسرے شخص کے طور پر شعیب خان، ساکن مالیگاؤں کا نام بھی بتایا گیا ہے۔پولس کی جانب سے فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اس معاملے میں جئے کھیڑا پولیس اسٹیشن میں بی این ایس کی دفعات 109، 281، 309 اور 324، اینمل ایکٹ 1960 کی دفعات 5 اور 9 اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 184 کے تحت مقدمہ درج کیے جانے کی اطلاع ہے۔پولس نے ضبط شدہ گاڑی اور برآمد مویشیوں کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔پولس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ مویشی کہاں سے لائے گئے تھے اور انہیں کہاں لے جایا جارہا تھا۔ معاملے میں فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔

دو ملزمین گرفتار، رمضان پورہ پولس کی بڑی کارروائی 

مالیگاؤں: مالیگاؤں شہر کے دیانا علاقے میں رمضان پورہ پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے دونوں کے قبضے سے 53 گرام سفید رنگ کا مشتبہ ایم ڈی (ایم ڈی ایم اے) پاؤڈر برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی تخمینی مالیت تقریباً ایک لاکھ 59 ہزار روپے ہے۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی 24 اگست 2026 کی شب تقریباً 11 بجے کھڑکی روڈ پر گنیش نگر سے اسلام کے ہوٹل کی جانب جانے والے راستے پر الیکٹرک ڈی پی کے قریب انجام دی گئی۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران پولیس نے مشتبہ افراد کو روک کر تلاشی لی، جس میں 53 گرام سفید رنگ کا ایم ڈی پاؤڈر برآمد ہوا۔کارروائی کے دوران منشیات کے علاوہ ایک ہیرو ایچ ایف ڈیلکس موٹر سائیکل اور تقریباً تین ہزار روپے مالیت کی الیکٹرانک وزن کرنے والی مشین بھی ضبط کی گئی۔ پولیس کے مطابق تمام ضبط شدہ اشیاء کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً ایک لاکھ 92 ہزار روپے ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت انیس قریشی (22 سال)، ساکن دریگاؤں شیوار مالیگاؤں اور حنیف شیخ غفران، ساکن کمال پورہ، مالیگاؤں کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر ایم ڈی پاؤڈر غیر قانونی فروخت کے مقصد سے اپنے قبضے میں رکھا ہوا تھا۔اس معاملے میں رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعہ 8 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور منشیات کی خرید و فروخت کے ممکنہ نیٹ ورک سمیت دیگر پہلوؤں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔اس کارروائی میں اے پی آئی مالی، پی ایس آئی چوہان اور اے ایس آئی ٹی اے سونونے سمیت پولیس اہلکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔ پولیس کی جانب سے جاری تحقیقات کے بعد معاملے میں مزید انکشافات اور کارروائی متوقع ہے۔

پانچ ملزمان گرفتار، دو فرار،عدالت میں پیشی ،کیس کی ہر زاویے سے تفتیش جاری

مالیگاؤں: مالیگاؤں کے 60 فٹی روڈ پر پیش آئے سنسنی خیز قتل کیس میں پوارواڑی پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دو دیگر ملزمان ابھی تک فرار ہیں۔ پولیس نے گرفتار افراد کو مقامی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اور فرار ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ ماری جاری ہے۔

پولیس کے مطابق یہ خونی واردات 14 اگست کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے نائرا پیٹرول پمپ کے سامنے ایک خالی ٹرالی پر پیش آئی۔ متوفی محمد زبیر محمد امین انصاری اپنے بھائی عبید کے ساتھ وہاں موجود تھے کہ اسی دوران حملہ آور اچانک وہاں پہنچے اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر کے زبیر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔قتل کی اطلاع ملتے ہی پوارواڑی پولیس حرکت میں آ گئی اور خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کی تلاش شروع کی گئی۔ پولیس انسپکٹر راہل کھتاڑ کی نگرانی میں ڈی بی ٹیم نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان رضوان شاہ حسن شاہ، عرفان شاہ حسن شاہ، عمر فاروق، اسلم شاہ اور واحد کالیا کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں سے پانچ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دو ملزمان اب بھی قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ ان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد گرفتاری کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔یہ مقدمہ پوارواڑی پولیس اسٹیشن میں جرائم رجسٹر نمبر 231/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی دفعہ 103 (قتل) کے تحت درج کیا گیا ہے۔تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ 13 اگست کو دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جسے علاقے کے بزرگوں نے مداخلت کرکے ختم کرا دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں گالی گلوچ اور تنازع دوبارہ شدت اختیار کر گیا، جس کا انجام قتل کی اس خونریز واردات کی صورت میں سامنے آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں فریقوں کے خلاف ماضی میں بھی بعض مقدمات درج رہ چکے ہیں۔پوارواڑی پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے اور فرار ملزمان کو جلد گرفتار کرکے پورے معاملے سے پردہ اٹھایا جائے گا۔

ڈی وائے ایس پی سدھارتھ باروال کی قیادت میں منشیات، اسلحہ، جوئے،گٹکھے،غیر قانونی ذبیحہ اور جرائم کے خلاف سخت کارروائیاں

مالیگاؤں : مالیگاؤں شہر کے ڈی وائے ایس پی سدھارتھ باروال کی قیادت میں گزشتہ ایک سال (8 اگست 2025 تا 8 اگست 2026) کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اور فیصلہ کن مہم چلائی گئی۔ اس عرصے میں پولس نے مجموعی طور پر 477 چھاپے مارے، 710 ملزمان کو گرفتار کیا اور 3 کروڑ 9 لاکھ 55 ہزار 42 روپے مالیت کا غیر قانونی سامان ضبط کرکے جرائم پیشہ عناصر پر لگام لگانے کی کوشش کی۔

منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 32 کارروائیوں میں 63 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ پولیس نے 183 بوتلیں کوڈین فاسفیٹ، 19 ہزار 761 الپرازولم گولیاں، 244.82 گرام ایم ڈی پاؤڈر، 7 ہزار 420 کلو گانجا کے علاوہ 13 موبائل فون، ایک کار، دو اسکوٹر اور چھ موٹر سائیکلیں ضبط کیں۔

اسلحہ مافیا کے خلاف کارروائی۔۔۔۔۔۔۔۔

آرمز ایکٹ کے تحت 54 چھاپوں میں 80 ملزمان گرفتار کیے گئے۔اس کارروائی کے دوران 19 دیسی پستول، 20 کارتوس، تین تلواریں، آٹھ چاقو، پانچ چاپرز، ایک گوپتی، ایک چھرا اور دو موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 5 لاکھ 80 ہزار 700 روپے ہے۔

غیر قانونی ذبیحہ اور مویشی نقل و حمل پر شکنجہ............

اینیمل ایکٹ کے تحت 131 کارروائیوں میں 177 افراد گرفتار کیے گئے۔ پولس نے 310 زندہ مویشی، 11 ہزار 900 کلو گوشت، آٹھ پک اپ، 12 آٹو، 13 رکشے اور دو کاریں ضبط کیں، جن کی مجموعی مالیت 1 کروڑ 96 لاکھ 14 ہزار 700 روپے ہے۔

جوئے اور گٹکھا مافیا بھی نشانے پر.........

جوئے کے خلاف 100 چھاپوں میں 274 ملزمان گرفتار کیے گئے اور 6 لاکھ 79 ہزار 329 روپے نقد کے ساتھ مٹکا جوئے کا سامان ضبط کیا گیا۔ گٹکھے کی غیر قانونی تجارت کے خلاف 34 کارروائیوں میں 44 افراد گرفتار ہوئے جبکہ 27 لاکھ 56 ہزار 769 روپے مالیت کا گٹکھا، ایک پک اپ، ایک رکشا، دو موٹر سائیکلیں اور تین کاریں ضبط کی گئیں۔

 اشیائے ضروریہ اور غیر قانونی سرگرمی ..........

شراب کے خلاف بھی سختی........

پولس کی جانب سے ضروری اشیا ایکٹ کے تحت 32 کارروائیوں میں 45 ملزمان گرفتار کیے گئے اور 70 گیس سلنڈر، تین موٹرز، 29 وزن کے آلات، 18 مسافر رکشے اور دو بیٹریاں ضبط ہوئیں، جن کی مالیت 36 لاکھ 96 ہزار 550 روپے ہے۔ پابندی ایکٹ کے تحت 66 چھاپوں میں 66 افراد گرفتار کیے گئے اور 823 لیٹر دیسی شراب، 34 بوتلیں اور ایک موٹر سائیکل ضبط کی گئی۔ اسی طرح کاٹپا ایکٹ کے تحت 28 کارروائیوں میں 28 افراد گرفتار ہوئے اور سگریٹ، تمباکو اور پان مصالحہ برآمد کیا گیا۔

تہوار اور انتخابات مکمل پرامن.......

پولس کی مؤثر منصوبہ بندی کے باعث مالیگاؤں میں عید میلاد النبی ﷺ،  گنیش اتسو، گھٹ استھاپنا، وجیا دشمی، شبِ برات، رمضان عید اور گڑھ یاترا سمیت تمام اہم مذہبی و سماجی تقریبات مکمل امن و امان کے ساتھ منعقد ہوئیں اور کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

اسی طرح 2026 کے میونسپل انتخابات کے دوران مالیگاؤں کے پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل بھی مکمل پرامن انداز میں انجام پایا اور قانون و نظم و ضبط کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔

منشیات مافیا کے خلاف مکوکا کی کارروائی.........

پوارڈی پولیس اسٹیشن کے جرم نمبر 50/2026 (این ڈی پی ایس) کے تحت شہر میں بڑھتی ہوئی منشیات کی تجارت پر قابو پانے کے لیے متعلقہ ملزمان کے خلاف مکوکا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کو بھی تجویز ارسال کی گئی ہے۔ مزید برآں، 2025-26 کے دوران 14 خطرناک مجرموں کو ضلع ناسک سے جلاوطن کیا گیا۔

پولیس کا عزم........

مالیگاؤں شہر کے ڈی وائے ایس پی  نے واضح کیا ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آئندہ بھی اسی شدت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس طرح کی تفصیلات ایک پریس ریلیز میں مالیگاؤں پولس انتظامیہ نے جاری کی ہے ۔

تین ملزمان اور ایک نابالغ گرفتار ،چھاؤنی پولس کی کارروائی،ایڈیشنل ایس پی کی پریس بریفنگ 

مالیگاؤں: مالیگاؤں چھاؤنی پولس نے سٹانہ روڈ پر چاقو کی نوک پر راہگیروں سے موبائل فون چھیننے والے ایک پیشہ ور گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین ملزمان اور ایک نابالغ کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولس نے کارروائی کے دوران مختلف کمپنیوں کے 24 موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی ایک بجاج پلسر موٹر سائیکل سمیت مجموعی طور پر 3 لاکھ 48 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا ہے۔پولس کے مطابق یہ واردات 11 جولائی 2026 کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے پیش آئی تھی۔ شکایت کے مطابق شنکر دلیپ پوار، ساکن پمپل گاؤں دابھاڑی، اپنی موٹر سائیکل پر سٹانہ روڈ سے گزر رہے تھے۔ بچھاؤ سرکل کے قریب ممتا سویٹ کے سامنے دو نامعلوم افراد نے انہیں روک کر چاقو دکھاتے ہوئے دھمکایا اور ان کے قبضے سے 12 ہزار 500 روپے مالیت کا ریڈمی کمپنی کا موبائل فون زبردستی چھین کر فرار ہو گئے۔

اس واقعے کے بعد چھاؤنی پولس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) 2023 کی دفعات 309(4) اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ جرم کی سنگینی کے پیش نظر پولس نے فوری طور پر تفتیش شروع کرتے ہوئے کرائم برانچ کو متحرک کیا اور خفیہ معلومات اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزمان کا سراغ لگایا۔پولس نے کارروائی کرتے ہوئے اتروا عرف بنٹی راجندر دھنواتے (22 سال، ساکن سٹانہ روڈ، مالیگاؤں)، پردیپ دادا جی ڈھیورے (18 سال، ساکن لکھماپور، تعلقہ سٹانہ )، پریم بھٹو دیورے (18 سال، ساکن کرانتی پھولے نگر، مالیگاؤں) اور ایک 17 سالہ نابالغ کو حراست میں لیا۔ پولس کے مطابق ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا۔

تفتیش کے دوران ملزمان کی جانب سے شہر میں موبائل چوری اور چھیننے کی متعدد دیگر وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا۔ ان کی نشاندہی پر پولس نے ریڈمی، سیمسنگ، ویوو، ون پلس، پوکو، ریئل می اور جیو سمیت مختلف کمپنیوں کے 24 استعمال شدہ موبائل فون، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 58 ہزار روپے ہے، برآمد کیے۔ اس کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی سیاہ رنگ کی بجاج پلسر 220 سی سی موٹر سائیکل (رجسٹریشن نمبر: MH-41-BZ-4681) بھی ضبط کر لی گئی، جس کی مالیت تقریباً 90 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 3 لاکھ 48 ہزار روپے کا سامان ضبط کیا گیا۔پولس نے شکایت کنندہ شنکر دلیپ پوار کا موبائل فون انہیں واپس کر دیا ہے جبکہ برآمد ہونے والے دیگر موبائل فون کے اصل مالکان کا پتہ لگانے کے لیے ان کی پولس تحویل پانچ دنوں کیلئے طلب کی گئی جس میں تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولس کے مطابق گرفتار نابالغ کو قانونی کارروائی کے تحت چلڈرنس ہوم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ کارروائی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ناسک دیہی) ڈاکٹر ڈی ایس سوامی، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گنجال اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سدھارتھ باروال کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ کارروائی میں چھاؤنی پولس کے پولس انسپکٹر سبھاش سانپ، اسسٹنٹ پولس انسپکٹر یوگیش پاٹل، اے ایس آئی روہیداس ہیرے اور دیگر پولیس اہلکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔

139

 گرام ایم ڈی پاؤڈر برآمد، تقریباً 11 لاکھ روپے کا مال ضبط 

چاندوڑ: (یکم اگست) چاندوڑ پولیس نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ممبئی سے مالیگاؤں آنے والی ایک کار سے 139 گرام ایم ڈی (میفیڈرون) پاؤڈر برآمد کر لیا اور مالیگاؤں کے تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے نشہ آور مادہ، کار اور دیگر سامان سمیت تقریباً 10 لاکھ 78 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا ہے۔

پولیس کے مطابق یکم اگست، بروز سنیچر کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر چاندوڑ ٹول پلازہ پر ممبئی سے مالیگاؤں کی جانب آنے والی کیا کار (MH 41 BL 2720) کو روک کر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے 139 گرام ایم ڈی پاؤڈر برآمد ہوا، جس کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 78 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

اس کارروائی کی قیادت چاندوڑ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر واگھ اور مالیگاؤں کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گنجال کی خصوصی ٹیم نے کی۔ کارروائی میں پولیس کانسٹیبل راکیش اوبالے، راکیش جادھو، دینیش شراوٹے، اکشے چودھری اور رام میسال نے حصہ لیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالرحمن شیخ اکبر (23 سال، رونق آباد، مالیگاؤں)، شیخ ریان شیخ شفیع الدین (32 سال، سلامت آباد، مالیگاؤں) اور شیخ شیبان شیخ نثار (21 سال، عباس نگر، مالیگاؤں) کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف این ڈی پی ایس (NDPS) ایکٹ کے تحت چاندوڑ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ناسک دیہی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ڈی۔ ایس۔ سوامی اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گنجال کی ہدایات پر انجام دی گئی، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

خفیہ اطلاع پر کمبھارواڑا میں مشترکہ کارروائی، آر ٹی او کی مدد سے گاڑیوں کے اصل مالکان کی شناخت جاری

مالیگاؤں: (یکم اگست) مالیگاؤں شہر پولس نے جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کمبھارواڑا علاقے میں قائم ایک مبینہ جگار اڈے پر چھاپہ مار کر 51 موٹر سائیکلیں ضبط کر لی ہیں۔ پولس کے مطابق مذکورہ اڈے پر مٹکا کھیلنے والے افراد اپنی موٹر سائیکلیں رہن رکھ کر رقم حاصل کرتے تھے۔کارروائی کے بعد ضبط شدہ گاڑیوں کی اصل ملکیت کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔اس طرح کی تفصیلات ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس سورج گنجال نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا ۔انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مالیگاؤں ٹریفک برانچ، آر سی پی اور شہر پولس اسٹیشن کی مشترکہ ٹیم نے یہ کارروائی انجام دی۔ چھاپے کے دوران 51 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، جن کے اصل مالکان سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ آر ٹی او کی مدد سے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کی جانچ کے بعد آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسی دوران پولیس کو موٹر سائیکل کی چوری کے مقدمات میں بھی اہم کامیابی حاصل ہوئی۔ 17 اور 27 جولائی کو درج مقدمات کی تفتیش کے دوران ایک نابالغ ملزم کو حراست میں لیا گیا، جس سے پوچھ گچھ کے بعد مزید پانچ ملزمان کے نام سامنے آئے۔ ان ملزمان کی نشاندہی پر مجموعی طور پر 12 موٹر سائیکلیں اور ایک سائیکل برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان میں جلیل احمد محمد رئیس (30 سال، مہاڈا پلاٹ)، محمد مجید خلیل احمد (28 سال، عائشہ نگر قبرستان)، عرفات انجم جاوید احمد (25 سال، مہاڈا پلاٹ)، محمد ساجد محمد سلیم (19 سال، گولڈن نگر) اور محمد شہبان سجاد حسین (29 سال، گولڈن نگر) شامل ہیں، جبکہ ایک نابالغ بھی اس معاملے میں زیر حراست ہے۔

پولس کے مطابق برآمد شدہ گاڑیوں میں سے سات موٹر سائیکلوں اور ایک سائیکل کے چوری کے مقدمات کا انکشاف ہو چکا ہے۔ یہ مقدمات مالیگاؤں شہر، رمضان پورہ، پوارواڑی، کیمپ، چھاؤنی اور سٹانہ پولس اسٹیشن کے دائرۂ اختیار سے متعلق ہیں۔ دیگر ضبط شدہ گاڑیوں کے مالکان کی شناخت آر ٹی او کے تعاون سے کی جا رہی ہے تاکہ تصدیق کے بعد انہیں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیا جا سکے۔

تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ بعض ملزمان کے خلاف پہلے سے بھی مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ محمد ساجد محمد سلیم کے خلاف تین، محمد شہبان سجاد حسین کے خلاف دو جبکہ عرفات انجم جاوید احمد کے خلاف ایک مقدمہ پہلے ہی درج ہے۔ پولس نے بتایا کہ گرفتار پانچوں ملزمان کو عدالت نے چار روزہ پولس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔یہ پوری کارروائی ضلعی پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی ایس سوامی کی رہنمائی میں پولس انسپکٹر سندیش پاٹل اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔ کارروائی میں پولیس حوالدار داندگے، ٹھاکر، شیلاوتے، باگل، پولیس نائک پاٹل، پولیس کانسٹیبل بورا اور دیگر افسران نے اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ ضبط شدہ گاڑیوں کی مالیت کے حوالے سے پولس کی جانب سے مزید تفصیلی تصدیق کا عمل جاری ہے، جبکہ تمام قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد اصل مالکان کو ان کی گاڑیاں واپس کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔اس طرح کی اطلاع بھی ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے دی ۔

اعجاز عرف وٹھل قتل کیس میں تین دوست پولس حراست میں، تفتیش جاری 

مالیگاؤں : پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں سید اعجاز سید یاسین عرف وٹھل کانیا (ساکن گلاب پارک) کے قتل کے معاملے میں تین قریبی دوستوں کو حراست میں لے کر تفتیش تیز کر دی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق 22 جولائی 2026 کے قریب ریلائبل کمپاؤنڈ کے قریب نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کر کے مقتول کے پیٹ اور سینے پر زخم پہنچائے، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔ مقدمہ پرانا دفعہ 302 اور نیا بھارتی ضابطہ فوجداری (بی این ایس 2023) کی دفعہ 103 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

حراست میں لیے گئے افراد میں حفظ الرحمن شیخ عرفان (عمر 18 سال)، ساکن پاک پنجتن چوک؛ شہزاد خان اشفاق خان (عمر 18 سال)، ساکن اقصٰی کالونی؛ اور ایک نابالغ۔ تینوں مقتول کے قریبی دوست بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کا امکان ہے۔اس کیس کی جانچ کانسٹیبل گوتم تائڈے کر رہے ہیں جبکہ پوارواڑی پولیس اسٹیشن انچارج راہل کھتال کی نگرانی میں مختلف ذرائع سے تحقیقات جاری ہیں۔


سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 24 گھنٹے کے اندر ملزم گرفتار، تعزیرات ہند کی دفعہ 103/1 کے تحت پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج

مالیگاؤں: 14 مئی بروز بدھ شہر میں ایک 25 سالہ نوجوان محمد طارق محمد اسلم قریشی کا بہیمانہ قتل ہوا. اس معاملے میں شہر ایڈیشنل ایس پی تیگبیر سنگھ سندھو اور ڈی وائے ایس پی سورج گنجال کی رہنمائی میں پوار واڑی پولیس انسپکٹر سدھیر پاٹل نے تندہی دکھاتے ہوئے کرائم برانچ کو فوراً متحرک کیا اور اس معاملے کی جانچ کا آغاز کیا اور محض 24 گھنٹے کے اندر محمد طارق قریشی کے قتل کے الزام میں کمالپورہ کے ساکن محمد سلطان عبدالمنان نامی 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا.
اس معاملے میں محمد سلطان کے خلاف پوار واڑی اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 103/1 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے. اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور موقع واردات پر پائی گئی چپل کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے. سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی دے رہا ہے کہ مقتول سائیکل چلا رہا ہے جب کہ محمد سلطان نامی نوجوان سائیکل کی پچھلی سیٹ پر بیٹھا ہوا ہے، کچھ دیر بعد محمد سلطان نامی نوجوان عجلت میں دوڑتے ہوئے واپس ہوتا دکھائی دے رہا ہے. پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے. مزید تفتیش جاری ہے. جس میں اس بہیمانہ قتل کے پچھے چھپے کئی راز عیاں ہونے کے امکانات ہیں.
غیر قانونی طور پر فروخت کے مقصد سے لائی جارہی تلواروں کا ذخیرہ ضبط، تین افراد گرفتار جبکہ ایک فرار, پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج
مالیگاؤں: ممبئی آگرہ قومی شاہراہ نمبر 3 پر واقع مڈڈے ہوٹل کے قریب خصوصی پولیس دستے کی کارروائی میں 40 تیز دھار تلواریں ضبط کی گئی ہیں۔ اس کارروائی میں خصوصی پولیس دستے نے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔مذکورہ کارروائی کل بروز منگل شام پانچ بجے کی گئی۔ایڈیشنل سپریٹنڈنٹ آف پولیس چند کانت کھنڈوی کو ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ شہر میں کچھ نوجوان غیرقانونی طور فروخت کے مقصد سے اسلحہ لے جارہے ہیں۔موصولہ اطلاعات کی بنا پر ایڈیشنل سپریٹنڈنٹ آف پولیس چند کانت کھنڈوی نے خصوصی پولیس دستے کے سربراہ سب انسپکٹر آر کے گھوگے کو کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی۔سب انسپکٹر گھوگے نے قومی شاہراہ پر مڈڈے ہوٹک کے قریب کھلے میدان میں جال بچھایا۔ایک مشتبہ رکشا نمبر ایم ایچ 41 اے ٹی 0907 کو روک کر تلاشی لی گئی تو تیز دھار تلواریں برآمد ہوئیں۔رکشا میں بیٹھے ہوئے محمد آصف شاکر احمد، عرفان احمد حبیب احمد اور عتیق احمد سلیم احمد کو گرفتار کرلیا گیا۔جبکہ محمد محمود عبدالرشید نامی شخص موقع سے فرار ہوگیا۔رکشا کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے 44 ہزار روپے مالیت کی 40 تیز دھار تلواریں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے تلواروں سمیت 50 ہزار روپے کی رکشا، 14 ہزار روپے مالیت کے دو موبائل اور مجموعی طور پر ایک لاکھ 8 ہزار روپے مالیت کی اشیاء ضبط کرلی۔پولیس اہلکاروں پنکج بھوئے، پرکاش بنکر، بھوشن خیرنار اور سندیپ راٹھوڑ نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔  اس سلسلے میں پوارواڑی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔