Articles by "Shaikh Rasheed"
Showing posts with label Shaikh Rasheed. Show all posts

مالیگاؤں: (5 اکتوبر) مالیگاؤں شہر میں تعمیر و ترقی کے نام سے شہرت اور مالیگاؤں کی سیاست میں منفرد مقام پانے والے شیخ رشید کی خدمات کا اعتراف کرنے کیلئے شہری استقبالیہ کمیٹی کی جانب سے 14 اکتوبر کو نور باغ گراؤنڈ پر عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔اس پروگرام کی تفصیلات پیش کرنے کیلئے منعقدہ پریس کانفرنس سے استقبالیہ کمیٹی کی دعوت پر مدعو سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام کسی ایک سیاسی پارٹی کا نہیں ہے اور نہ ہی صرف ایک لیڈر کا بلکہ یہ شہر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی ایک شخصیت کا پروگرام ہے اس لئے شہریان کو ان استقبالیہ پروگراموں میں شرکت کرنا چاہئے ۔آصف شیخ نے کہا کہ کچھ دنوں سے شہر میں چند افراد فضول تنقید کررہے ہیں جوکہ ہمارے شہر کی تہذیب نہیں ہے ۔اس طرح کی حرکت نہیں ہونا چاہیے شہر کی سیاسی جماعتیں اسکی مخالفت نہ کریں اگر وہ اس پروگرام میں نہ آنا چاہیں تو وہ اسکی مخالفت نہ کریں کیونکہ یہ پروگرام اعتراف خدمات کا ہے اور ایک شخص نے شہر میں بیشمار تعمیری کام انجام دیا ہے جس سے آج شہر مستفیض ہورہا ہے۔آصف شیخ نے کہا کہ ہمارا سیاسی نظریہ الگ ہے لیکن ہر کوئی اس شہر کی تعمیر چاہتا ہے تو کام کرنے والے کی حوصلہ افزائی ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں شہر کے لیڈران جس میں ہارون انصاری، شبیر سیٹھ ،عائشہ آپا اور نہال احمد نے بھی کچھ نہ کچھ تعمیری کاموں سے شہر کو نوازا ہے اور آج شیخ رشید نے مالیگاؤں شہر میں 40 سالہ سیاسی جدوجہد میں ایک دو نہیں بلکہ سیکڑوں تاریخی کاموں کو انجام دیا ہے اس لئے انکا استقبال بھی کیا جانا شہریان کی جانب سے قابل تعریف عمل ہیں ۔ان استقبالیہ تقاریب میں مختلف فلاحی پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔جس میں غرباء، مساکین، فقراء، یتیموں کی داد رسی کرنا اور معذوروں میں کٹ کہ تقسیم، مریضوں میں فروٹ، لڑکیوں کو برقعہ، بزرگوں کو کپڑا، معذوروں کو واکر وغیرہ تقسیم کرنے جیسی فلاحی سرگرمیاں شامل ہیں ۔انہوں نے عوام سے تمام پروگراموں میں شرکت کی گزارش ہے ۔

اس موقع پر استقبالیہ کمیٹی کے چیئرمین عرفان علی نے کہا کہ ہارون انصاری، شبیر سیٹھ ،عائشہ آپا اور نہال احمد نے بھی جہاں شہر میں کچھ نہ کچھ کام کئے ہیں وہیں سب سے زیادہ کام انجام دینے کا سہرا شیخ رشید کے سر جاتا ہے۔عرفان علی نے کہا کہ شیخ رشید کی خدمات اظہر من الشمس ہیں اسی لئے ہم نے تقریب اعتراف خدمات کے انعقاد کا فیصلہ کیا لیکن شہریان کی جانب سے آئی تجاویز پر اسے ہفتہ اعتراف خدمات میں تبدیل کیا گیا ہے ۔اعجاز عمر نے کہا کہ شیخ رشید کی خدمات اس شہر کیلئے واقعی میں قابل قدر ہیں اور اسکے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق شرکت کرنا چاہیے تاکہ کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی خود اس پروگرام میں آکر تعمیر پسندی کا ثبوت دینا چاہیے ۔اعجاز عمر نے کہا کہ شیخ رشید کے مزاج کے مطابق یہ پروگرام بنایا جارہا ہے جو کہ منفرد پروگرام ہوگا اور اس پروگرام میں مستحق افراد کو تحائف تقسیم کیا جائے گا ۔

شکیل بیگ نے اغراض و مقاصد پیش کرتے ہوئے 7 اکتوبر سے 14 اکتوبر کے درمیان ہونے والے تمام پروگراموں کی تفصیلات بتائی. 

7؍اکتوبر بروز جمعہ کے پروگرام

پہلا پروگرام:۔شام4؍ بجے دارالیتٰمیٰ میں شیخ رشید کی دعائیہ تقریب میں شرکت، دوسراپروگرام:شام 5؍ بجے سے6 ؍بجے تک دگڑو آئیل مل میں تصویری نمائش کا افتتاح، تیسرا پروگرام:۔ شام 6بجے اسلم انصاری کےمکان محوی نگر میں شیخ رشیدصاحب کے ہاتھوں 100لڑکیوں کو برقعہ تقسیم کا پروگرام، چوتھا پروگرام: شام6بجکر 15منٹ پرعضباء سوسائٹی کی جانب سے جئے ہند بینک کے پاس شیخ رشید کے ہاتھوں شجر کاری ، پانچواں پروگرام:۔بعد نماز مغرب7بجے عباس نگر چوک میں شیخ رشید کےوزن کے برابر مٹھائی اور فروٹ کی تقسیم، چھٹا پروگرام:۔7بجکر 30منٹ پر رونق آباد مین روڈ پر مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے شیخ رشید کا استقبال۔

8؍ اکتوبر بروز سنیچر کو پہلا پروگرام:دوپہر 12بجے برادران وطن کی جانب سے آگریسن بھون ،وردھمان نگرمیں استقبالیہ و ظہرانہ کا نظم، دوسراپروگرام:۔بعد نماز عصر تا عشاء  نورنگ کالونی کے پاس100فٹی روڈ لوٹس لانس میں شہر کی تعلیمی شخصیات،بزرگ سیاسی شخصیات،ڈاکٹرس،ٹیچرس، انجینئرس،وکلاء،بنکر،بزنس مین،زمین کے کاروبار سے منسلک افراد کی جانب سے شیخ رشید کے اعزاز میں  استقبالیہ تقریب ۔

9؍ اکتوبر بروز اتوار( جشن عید میلاد النبی)پہلا پروگرام:۔دوپہر 12بجے راشٹروادی بھون آگرہ روڈ پر شیخ رشید صاحب کے ہاتھوں غریب، غربا ، مساکین، فقراءاور معذوروں کوتحفے تحائف دیئے جائیں گے اور ظہرانہ کا نظم ہوگا۔دوسرا پروگرام:۔ امن پسندادارے کی جانب سےشام 7 بجے آر کے پٹرول پمپ شہیدعبد الحمید روڈ سے گنیش نگر 60فٹی روڈ تک استقبالیہ ریلی کا نظم۔تیسرا پروگرام:۔ رات 8بجےگنیش نگر 60فٹی روڈ پر شیخ رشید کیلئے استقبالیہ پروگرام میں معذوروں کیلئے 100 واکر، بیواؤں کیلئے 100 ڈریس، 100بزرگوں کو پیدل چلنےکیلئے لکڑی،غریب و غرباء میں100 راشن کٹ یہ تمام چیزیں شیخ رشید کے ہاتھوں تقسیم کی جائیگی۔

10؍ اکتوبر بروز پیر پہلا پروگرام: صبح 11بجے خواتین کی جانب سے ہارون انصاری ہاسپٹل میں پھل فروٹ کی تقسیم، دوسرا پروگرام: شام5 بجے سلیم منشی نگر مین روڈ عبد الشکور عرف سکُو بھائی کے مکان کے پاس شیخ رشید کے وزن کے برابرفروٹ کی تقسیم و استقبالیہ، تیسرا پروگرام:۔ ساڑھے 5بجےجونا آزاد نگر  رفیق بھوریا کی آفس کے پاس شیخ رشید کا استقبال،چوتھا پروگرام:۔ شام6 بجے چمن نگر مین روڈ ،فرحت میڈیکل کے پاس شیخ رشید کے ہاتھوں نثار بھائی راشن والے کی آفس کا افتتاح، پانچواں پروگرام:۔شام6بجکر 30منٹ پرگاندھی نگر چوک میں تراب سیٹھ اور تمام ورکروں کی جانب سےشیخ رشید کااستقبال،چھٹا پروگرام:۔ بعد نماز مغرب شام 7بجےجمہور نالہ مسجد زیتون حجن میں  شیخ رشید کے ہاتھوں مدرسے کے40بچوں کو کپڑے کی تقسیم، ساتواں پروگرام : شام7بجکر30منٹ پرمسجد ضیاء الاسلام ڈپو مین روڈ گلی نمبر1 میں شیخ رشید کے ہاتھوں مظفر غازی کی آفس کا افتتاح،آٹھواںپروگرام:۔ رات8 بجے سیلانی چوک میں گرووار وارڈ کے تمام نوجوانوں اور ہمدردوں اور جاوید فروٹ والے کی جانب سے شیخ رشید کے وزن کے برابر مٹھائیاں اور واکر کی تقسیم،

نواں پروگرام:۔رات8 بجکر 30منٹ پر راجہ نگر زبیر راکیل والے کی جانب سے شیخ رشید کا استقبال،11؍اکتوبر بروز منگل،پہلا پروگرام:۔صبح 11بجےسول ہاسپٹل میں مریضوں میں خواتین کی ہاتھوں فروٹ کی تقسیم، 

12؍ اکتوبر بروز بدھ کے پروگرام:۔وارڈ نمبر20کے بزرگوں اور نوجوانوں کی جانب سے حبیب لانس میں شام7رات 10تک شیخ رشید کے اعزاز میں مشاعرہ عام(شیخ رشید کی حاضری رات8سے9بجے تک)۔

13؍ اکتوبر بروز جمعرات

پہلا پروگرام:۔دوپہر 3بجے سے 5بجے تک لوٹس لانس نورنگ کالونی 100فٹی روڈ پر خواتین کی جانب سے شیخ رشید کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب۔نیز ان پروگراموں میں مزید اضافہ ہوگا جو کہ عوام کو مطلع کردیا جائے گا۔

14 اکتوبر بروز جمعہ کو 

استقبالیہ جلسہ عام با اعزاز عالیجناب شیخ رشید کا انعقاد 

شام7بجے سےرات10بجے تک

کوہ نور آئس فیکٹری کے پیچھے ،سنتوش سائزنگ کے پاس ،نور باغ گراؤنڈ ،مالیگاؤں میں کیا جائے گا ۔ان تمام پروگراموں میں بھی عوام سے شرکت کی گزارش کی گئی ہے ۔

اس پریس کانفرنس میں آصف شیخ کے علاوہ ، عرفان علی ،شکیل بیگ ،اسلم انصاری ،اعجاز عمر ،مستقیم انجینئر ،عقل انصاری، مجیب سر ،شاہد قاضی ،فاروق قریشی، عبدالقیوم حفیظ، رئیس عثمانی ہدایت اللہ وکیل سمیت استقبالیہ کمیٹی کے ذمہ داران موجود تھے.


ہم نے ریاستی سرکار سے 25 کروڑ اور کارپوریشن سے 60 کروڑ روپے کے عوامی کاموں کو منظور کروایا، سرکار کسی کی بھی ہو ہم فنڈ لانے کا ہنر جانتے ہیں: شیخ رشید


مالیگاؤں: (پریس ریلیز) این سی پی کے اجلاس عام سے سابق میئر شیخ رشید نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ گرووار وارڈ شیخ رشید کی رہنمائی میں ڈیولپ ہوا ہے ہم نے عوام کا منہ دیکھ کر فنڈ دیا ہے ۔اس علاقے کے ساتھ مالیگاؤں شہر میں سمینٹ آر ایم سی روڈ کا تصور بھی ہم نے ہی لایا ہے ورنہ لوگ تو صرف اپنا مفاد دیکھتے آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف مجلس اتحاد المسلمین مقامی افراد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ مفاد پرست ہیں کام نکل جائے تو کہتے ہیں کہ تو کون میں کون؟ ان لوگوں نے ہمیشہ اپنا گھر بھرا ہے ۔اپنے آپ کو پڑھے لکھے کہتے ہیں لیکن حرکت جاہلوں جیسی ہیں ۔انہوں نے جہاں جہاں اپنے والد یا والدہ کے نام سے جماعت خانہ بنوایا اس کا کرایہ بھی ہڑپ لیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:..... سپریم کورٹ نے نوپور شرما کی سخت الفاظ میں سرزنش کی 

شیخ رشید نے کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں صرف منہ زوری کرتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم کسی سے ذاتی دشمنی نہیں رکھتے۔ہم کلمہ گو بھائی ہیں ورنہ شیخ رشید سے اچھے اچھے منہ نہیں لگتے یہ ان بچوں کے والد کو بھی پتہ ہے.
شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے کسی کی زمین پر ناجائز یا اپنی طاقت کے بل بوتے پر قبضہ نہیں کیا، کسی سونار، کسی غریب کی زمین اور کارخانے پر قبضہ نہیں کیا ہم نے شفاف کاروبار کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی ہمارا نام زندہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے لیکر گاندھی نگر مالدہ وغیرہ علاقے میں کچھ لوگ صرف اپنا الو سیدھا کرنے اور لوگوں کو ڈرانے کی بات کرتے ہیں ہم انہیں بتا دیتے ہیں کہ اوریجنل دادا ہم ہی ہیں کیونکہ ہم نے کسی غریب پر ظلم نہیں کیا بلکہ جو غریبوں مظلوموں پر ظلم کرتے آیا ہے ایسے ظالم کے خلاف ہم نے دادا گیری کی ہے.
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھی صرف وہ خود ہی رہے کسی دوسرے کو موقع نہیں دیا ۔انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد کے امتیاز جلیل اور مالیگاؤں کے ایم ایل اے کونسی ڈیل کرنے ممبئی گئے تھے؟ انکے پاس تو خود کی کار تھی پھر ٹیکسی میں کیوں گئے؟ حیدرآباد کے یہ دونوں بھائی سمیت ایم آئی ایم بی جے پی کی دلال ہیں ۔مجلس نے مسلمانوں کے نام پر صرف اپنا مفاد حاصل کیا ہے۔انہوں نے مجلس لیڈران پر پھر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں برداشت کا مادہ ضروری ہے۔
شیخ رشید نے دوران تقریر کہا کہ اس شہر کو ترقی کی جانب لیجانا ہے تو مالیگاؤں کارپوریشن چناؤ میں این سی پی کو کامیاب کرنا ضروری ہے ۔کیونکہ پندرہ کروڑ روپے صرف آصف شیخ نے فنڈ لایا، پھر ساڑھے پانچ کروڑ ہم نے ڈی پی ڈی سی سے لایا اور ابھی حال ہی میں پانچ کروڑ روپے فنڈ مزید لایا ہے ۔اور ہم ہی اس شہر کی ترقی کررہے ہیں.
انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں کارپوریشن سے ہم نے گزشتہ سال 60 کروڑ روپے کے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ہم صرف بولنے والے نہیں بلکہ کام کرنے والے ہیں ۔بی جے پی کی سرکار بن بھی گئی ہے تو کیا ہوا ہم اس سے بھی کام کروانے کا ہنر رکھتے ہیں ۔ہم نے ماضی میں بھی بہت فنڈ لاکر شہر کی ترقی کی ہے ۔مالیگاؤں میونسپل انتظامیہ کے ذریعے شہر بھر میں شادی ہال کی تعمیر کا آغاز بھی شیخ رشید کی دین ہے۔اس جلسے میں ریاض علی، مجاھد ساگر ،رئیس عثمانی، بابو ممبر وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ واحد انصاری نے خلیل دادا کے کردار پر نظم پیش کر ماحول کو آبدیدہ کردیا ۔آخر میں رئیس عثمانی نے دعا کی.


بروز سنیچر دوپر 12 بجے کسمبا روڈ اور آگرہ روڈ کی تعمیر نو کی افتتاحی تقریب، شیخ رشید نے عوام سے شرکت کی گزارش کی

مالیگاؤں(پریس ریلیز) بدھ کے روز دوپہر 3 بجے ہزار کھولی رابطہ آفس پر منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق میئر شیخ رشید نے اطلاع دی کہ 17 کروڑ روپے تخمینہ سے کسمبا روڈ اور آگرہ روڈ کی تعمیر نو کی افتتاحی تقریب سنیچر کو 12 بجے منعقد کی جائے گی۔ جس میں 10 کروڑ روپے تخمینہ سے آگرہ روڈ اور 7 کروڑ تخمینہ سے کسمبا روڈ کی تعمیر نو شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ہماری کوششوں سے 9 کروڑ کے فنڈ سے بس اسٹینڈ سے انصار پترا تک آگرہ روڈ کی تعمیر کا کام مکمل ہوا اب مزید 10 کروڑ کے فنڈ سے انصار پترا سے دیوی کا ملّہ تک روڈ کی تعمیر کی جائے گی۔ جس کی افتتاحی تقریب بروز سنیچر 12 بجے مہاراشٹر سائزنگ مینارہ ہوٹل(آگرہ روڈ) کے پاس ممعقد کی جائے گی۔ سابق میئر نے کہا کہ اسی روز اپسرا لاج سے کریم ناکہ تک کسمبا روڈ کی سمینٹ کانکریٹ تعمیر کی افتتاحی تقریب کا بھی انعقاد ہوگا۔
شیخ رشید نے بتایا کہ مارچ سے قبل انشاء اللہ دونوں سڑکوں کا کام مکمل ہوجائے گا۔اس کے علاوہ خلیل حافظ جی کے مکان سے ساٹھ فٹی روڈ، سول اسپتال تا کلو کٹی روڈ سمیت کئی اہم سڑکوں کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔آئندہ دنوں میں شہر کے دیگر اہم راستوں کو بھی معیاری طرز پر تعمیر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ کوالیٹی اور معیار پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تعمیری کام کاج میں ناکام ہے۔
 بارہ نومبر جمعہ کو مالیگاؤں بند کے موقع پر ہونے والے تشدد سے متعلق شیخ رشید نے شرپسندوں کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ کی ستائش کی اور عوام سے امن وامان بحال رکھنے کی اپیل کی۔انہوں نے اپوزیشن پر اس معاملے کو سیاسی مفاد حاصل کرنے کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے ایک گھناؤنا عمل بتایا اور کہا کہ ان کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔ 
سابق میئر شیخ رشید نے عوام سے آگرہ روڈ اور کسمبا روڈ کی تعمیر کی افتتاحی تقاریب میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ اس کے علاوہ پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے وارڈ نمبر 19 میں اسلم انصاری کی کوششوں سے پایۂ تکمیل تک پہنچے ایک جم خانہ کا افتتاح بھی کیا۔
ریاستی صدر نانا پٹولے کو بذریعہ ای میل مکتوب روانہ، 20 اکتوبر کو ممبئی میں میٹنگ
مالیگاؤں :( 13 اکتوبر ) مالیگاؤں شہر ضلع کانگریس پارٹی کے صدر شیخ رشید نے اپنے عہدہ صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے موصوف نے ایک لیٹر ناناجی پٹولے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کو ای میل کیا گیا ہے اور مکتوب کی کاپی 20 اکتوبر کو صابر گوہر ممبئی پردیش کانگریس کمیٹی کی میٹنگ میں پیش کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے  استعفیٰ نامہ میں لکھا ہے کہ میں شیخ رشید شیخ شفیع ، مالیگاؤں سٹی (ڈسٹرکٹ) کانگریس پارٹی کا موجودہ صدر آپ کو مطلع کرنا چاہوں گا کہ میں 1985 سے 2002 تک انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے تین بار میونسپل کارپوریٹر رہا ہوں ، 1994 میں میونسپلٹی میں صدر بلدیہ کے فرائض انجام دیا ہوں اور  1999 سے 2009 تک دو بار ایم ایل اے رہا ہوں ۔شیخ رشید نے مزید لکھا ہے کہ میرے پیر کی تقریبا  8 سرجری ہوچکی ہیں اور میرے بیٹے آصف شیخ رشید (سابق ایم ایل اے) نے کانگریس پارٹی چھوڑ دی ہے اور دوسری پارٹی میں کام کر رہا ہے۔ چونکہ میری صحت ٹھیک نہیں ہے ، میں رضاکارانہ طور پر پارٹی صدر کے عہدے سے استعفی دے رہا ہوں۔  میں کانگریس پارٹی کے ایک عام کارکن اور سینئر کانگریس لیڈروں اور عہدیداروں کے احکامات کے بعد پارٹی کے وفادار کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا۔  تاہم  ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اس رضاکارانہ استعفیٰ کو ہمدردی کے ساتھ قبول کریں۔ بیباک کی خبر کے مطابق کانگریس ترجمان صابر گوہر نے اس کی اطلاع دی۔ شیخ رشید کے استعفیٰ کے مکتوب کی خبر سے کانگریس پارٹی کے مقامی کارکنان کے ساتھ ساتھ ریاستی عہدے داروں میں بھی تشویش پائی جارہی ہیں ۔ایک اطلاع کے مطابق گمان کیا جارہا ہے کہ ریاستی عہدیداران  20 اکتوبر کو ہونے والی پارٹی میٹنگ میں اہم فیصلہ لینگے ۔جسے پر شہریان کی نظریں لگی ہوئی ہیں ۔

ہم اپنے انتخابی منشور کے پابند، شہر کی اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 100 کروڑ روپے گرانٹ حاصل کرنے کا منصوبہ

مالیگاؤں: 7 اکتوبر (نامہ نگار) آئندہ میونسپل کارپوریشن انتخابات سے متعلق لائحہ عمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ اور مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے 9 اکتوبر 2021ء بروز سنیچر کو کانگریس رابطہ آفس ہزار کھولی میں شیخ رشید کے چاہنے والوں اور ہمدردوں و عہدیداران اور کارکنان سے مشورہ کرنے کیلئے ایک مشاورتی میٹنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اسی کے ساتھ اگر ہمیں اکثریت ملتی ہیں تو میونسپل کارپوریشن پر میئر بھی ہمارا۔ اسطرح کا اظہار شہر کانگریس پارٹی کی جانب سے اردو میڈیا سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سےکانگریس صدر شیخ رشید نے کیا ۔

یہ بھی پڑھیں: ۔۔۔اترپردیش کے بارہ بنکی میں اہدوہناک سڑک حادثہ، 9ہلاک 27زخمی

موصوف نے آئندہ ہفتے کانگریس پارٹی عہدیداران و کارکنان کی ایک مشاورتی میٹنگ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سنیچر کو کانگریس رابطہ آفس ہزار کھولی میں منعقد کی جانے والی میٹنگ میں میونسپل کارپوریشن انتخابات سے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔کئی اہم امور پر پارٹی عہدیداران اور کارکنان سے تبادلۂ خیال کیا جائے گا اور انکے مشوروں سے فیصلہ کیا جائے گا ۔سابق میئر شیخ رشید نے آگرہ روڈ کی تعمیر دوبارہ جاری ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ بارش اور دیگر وجوہات کی بنا پر آگرہ روڈ کا کام رک گیا تھا جس پر شہر میں مختلف باتیں بنائی جارہی تھیں لیکن اب کام دوبارہ جاری ہوگیا ہے اور جس طرح سڑک کے ایک جانب کا کام مکمل ہوا اسی طرح دوسری جانب کا بھی کام دو سے ڈھائی ماہ میں مکمل ہوجائے گا ۔اس کے بعد شہید عبدالحمید المعروف کسمبا روڈ کی تعمیر کیلئے بھی 7 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کرانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

شہر کے موجودہ رکن اسمبلی کی کارکردگی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر بار یہی سوال کیا جاتا ہے کہ ایم ایل اے موصوف کی کارکردگی صِفر ہیں تو پھر  عوام کو پتہ ہے کہ اب تک شہر میں ان کے توسط سے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔ایک سال گزرا، اب دو سال مکمل ہونے کو ہے لیکن ان کی کارکردگی سابقہ کی طرح صفر ہے۔اسی طرح سے پانچ سال گزر جائیں گے اور شہر تعمیر و ترقی سے محروم رہے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم ریاستی حکومت سے 100 کروڑ روپے فنڈ حاصل کرنے کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں اور اس فنڈ سے شہر کے اندرونی اور بیرونی راستوں کی تعمیر کرینگے ۔ اس پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے لکھیم پور میں کسانوں کو گاڑی سے روندے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کے بعد متاثرین سے ملاقات کیلئے جانے والی پرینکا گاندھی اور سماجوادی لیڈران کو گرفتار کیا جانا قابل مذمت ہے۔اگرچہ اس واقعہ کے متاثرین کو حکومت نے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن اس واقعہ کی ذمہ داری ریاستی حکومت پر عائد ہوتی ہے، معاوضہ کا اعلان کردینا مارو اور معاوضہ دو کے مترادف ہے۔انہوں نے حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی جانب سے مذمت کی۔

کنہیا کمار کے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے پر شیخ رشید نے کہا کہ کنہیا جیسے نوجوانوں کے پارٹی میں شامل ہونے سے پارٹی مضبوط ہوگی۔قومی سطح پر نوجوانوں کو پارٹی میں شامل کرنے پر توجہ دی جانی چاہیے اس کے علاوہ پارٹی کی قیادت کسی قابل نوجوان لیڈر کو دی جانی چاہیے۔آخر میں شیخ رشید نے سنیچر کو ہونے والی مشاورتی میٹنگ میں عوام سے شرکت کی گزارش کی ہے ۔اس پریس کانفرنس میں صدر شہر کانگریس شیخ رشید کے ہمراہ کارپوریٹر اسلم انصاری، شیخ ذاکر عبدالمجید، عبدالحفیظ انصاری، کلیم ماڈرن، عبدالکریم اقصٰی اور بزرگ کانگریس کارکن اصغر انصاری بھی موجود تھے۔

کچھ لیڈران کو اگر مفتی اسمعیل کا تعاون نہیں ملا تو ان کا بیڑا غرق ہوجائے گا، سیاسی مفاد کیلئے انہوں نے رکن اسمبلی کا دامن تھاما ہوا ہے

مالیگاؤں: کانگریس کے سابق میئر شیخ رشید نے اردو میڈیا سینٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے موجودہ رکن اسمبلی اور مستقیم ڈگنٹی اور ایم آئی ایم شمالی مہاراشٹر صدر خالد پرویز کو آڑے ہاتھوں لیا۔آگرہ روڑ اور شہید عبدالحمید المعروف کسمبا روڈ کی خستہ حالی کی ذمہ داری کانگریس اور کارپوریشن انتظامیہ پر عائد کرنے والوں کو شیخ رشید نے کہا کہ بارش کے سبب ممبئی جیسے بڑے شہروں کی سڑکیں بھی خستہ حالی کا شکار ہیں۔شہید عبدالحمید روڈ پر بڑی گاڑیوں کی آمدورفت سڑک کی خستہ حالی کی اہم وجہ ہے۔حالانکہ اس ضمن میں ہم کوشش کررہے ہیں کہ سڑک کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ رکن اسمبلی کے گھر کے قریب واقع سڑک کی حالت بھی دگرگوں ہے وہ اس کی مرمت تک نہیں کرواتے۔ شہید عبدالحمید روڈ کے اطراف بسنے والے عوام نے بھی رکن اسمبلی کو ووٹ دیا تھا، اسلئے انہیں ایم ایل اے فنڈ سے سڑک کی مرمت اور تعمیر میں تعاون کرنا چاہیے۔لیکن موجودہ رکن اسمبلی کام کرنے میں ناکام ہیں۔وہ ہمارے کام کو اپنا کام ثابت کرنے پر زیادہ محنت کررہے ہیں۔جھوٹ بولنا ان کی عادت بن گئی ہے جبکہ انہیں یہ زیب نہیں دیتا کیونکہ وہ ایک عالم دین ہیں۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ شہر میں ترقیاتی کام صرف کانگریس نے کئے ہیں اور آئندہ بھی کانگریس ہی کام کرے گی۔آئندہ کارپوریشن انتخابات میں کانگریس، این سی پی اور سینا اتحاد کا میئر ہوگا۔دیگر پارٹیوں کو صرف تنقید کرنا اور کانگریس کو بدنام کرنا آتا ہے۔آج کل کچھ بچہ پارٹی سیاست میں غلط زبان کا استعمال کررہے ہیں، ذاتیات پر قابل اعتراض تبصرے کررہے ہیں۔انہیں سیاست اور قیادت کرنا ہے تو بہتر ہے لیکن اپنی زبان پر لگام دینا چاہیے۔ورنہ ہمارے پاس بھی زبان ہے اور ہمیں بھی بولنا آتا ہے، شہر کے عوام کو پتہ ہے شیخ رشید کے پاس مخالفین کی بولتی بند کرنے کا ہنر ہے۔
آگرہ روڈ کے کام سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ 15 روز میں کام دوبارہ جاری ہوجائے گا۔مزید بجٹ آنے والا ہے سڑک کی دوسری جانب کا کام شروع کیا جائے اور تعمیر مکمل ہوچکے راستے کو آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے شہر کے نوجوان لیڈران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مستقیم ڈگنٹی اور خالد پرویز کو اگر مفتی صاحب کا تعاون حاصل نہیں رہا تو آنے میونسپل کارپوریشن الیکشن میں ان کیلئے ایک سیٹ بھی نکالنا مشکل ہوجائے گا۔

 

سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری، کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر فلائی اوور کی تعمیر کا دوبارہ آغاز کرنے اور تعمیری کاموں میں تیزی لانے کا الزام

مالیگاؤں: آگرہ روڈ پر زیر تعمیر فلائی اور بریج کی تعمیر گذشتہ کئی ماہ سے مختلف وجوہات کی بنا پر رکی ہوئی تھی۔اس تعلق سے کانگریس پارٹی کے مقامی صدر و سابق میئر شیخ رشید نے میونسپل کارپوریشن میں ہونے والی مشترکہ محکموں کی میٹنگ میں فلائی اوور کی تعمیر دوبارہ جاری نہ ہونے کی صورت میں نامکمل بریج پر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔جس کےبعد گذشتہ دونوں فلائی اوور کی تعمیر دوبارہ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا اور تعمیر کا آغاز ہوا۔حالانکہ اس تعلق سے حزب اختلاف اور سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات قریب ہیں اسلئے فلائی اوور بریج کی تعمیر اور دیگر کاموں میں تیزی دکھائی جارہی ہے۔وہیں سابق میئر شیخ رشید نے کہا کہ فلائی اوور بریج کی تعمیر کا آغاز ہونے پر انہوں نے احتجاج کا ارادہ ملتوی کردیا ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ جس دن بریج کا کام رکے گا اسی دن سے ان کا احتجاج شروع ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قریب 25 کروڑ روپے تخمینہ سے تعمیر ہونے والے اس فلائی اوور بریج پر 15 کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں جبکہ 10 کروڑ روپے مزید خرچ کر کے اس بریج کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔سابق میئر شیخ رشید نے کہا کہ فلائی اوور کی تعمیر مکمل ہونے سے آگرہ روڈ پر ٹریفک کے مسائل کافی حد تک حل ہوجائیں گے، اسکول کے بچوں، آمدورفت کرنے والے افراد اور بیرون شہر سے آنے والے مسافروں کو راحت ملے۔شیخ رشید نے کہا کہ فلائی کی تعمیر میں رخنہ اندازی اور رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہر کام میں سیاست کرنا مناسب نہیں ہوتا۔بریج کی تعمیر کا دوبارہ آغاز ہونے کے بعد عوام نے دوبارہ امیدیں وابستہ کرلیں ہیں کہ جلد از جلد بریج ہی تعمیر مکمل ہو اور آگرہ روڈ پر ٹریفک کے مسائل حل ہوں۔