سڑک پر موجود گائے کو بچانے کی کوشش میں ٹرک اور مسافر بردار بس میں زبردست تصادم، گاڑیوں کے پرخچے اڑ گئے
اتر پردیش کے بارہ بنکی علاقہ میں آج صبح ایک اندوہناک سڑک حادثہ پیش آیا۔جس میں 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دیوا علاقے کے ببوری گاؤں میں ایک مسافر بردار بس اور ٹرک کی آمنے سامنے ٹکر ہوگئی، ٹکر اتنی شدید تھی کہ دو سواریوں کے پرخچے اڑ گئے۔اس حادثے میں 9 مسافروں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی، زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔تمام زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا گیا ہے۔واضح رہے کہ بس دہلی بہرائچ جارہی تھی جس میں 60 سے 70 مسافر سوار تھے۔
ایسا بتایا جارہا ہے کہ سڑک پر گائے کو بچانے کے دوران ٹرک اور بس میں زبردست تصادم ہوگیا۔حالانکہ ایک زخمی خاتون نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ بس والے( ڈرائیور اور کنڈکٹر) شراب کے نشے میں تھے۔ایس پی یمونا پرساد نے بتایا کہ راحت رسانی کا کام جاری ہے۔ٹرک اور بس کو الگ کرنے کیلئے جے سی بی کی مدد لینی پڑی۔کئی مسافر بری طرح سے پھنس گئے تھے۔گیس کٹر سے گاڑیوں کو کاٹ کر زخمیوں اور مہلوکین کو نکالا گیا۔مہلوکین کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔
اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر گہرے تاسف کا اظہار کیا جبکہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور مہلوکین کے ورثہ کو فی کس دو- دو لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments: