Articles by "Mustaqeem Dignity"
Showing posts with label Mustaqeem Dignity. Show all posts

مالیگاؤں پرانت آفس سے مکمل رپورٹ ممبئی طلب کی جائے گی، ریاستی الیکشن کمیشن کا مستقیم ڈگنیٹی کو تیقن 

​مالیگاؤں : شہر مالیگاؤں میں سرکاری الیکٹورل رجسٹریشن (SIR) کے کام کے دوران بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے مبینہ طور پر خارج کیے جانے کا ایک انتہائی تشویشناک اور سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ایسے تقریباً 300 افراد جن کا گزشتہ اپریل میں باقاعدہ میپنگ کا عمل مکمل کروایا گیا تھا اور جنہوں نے جنوری میں منعقدہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال بھی کیا تھا، اب نئی فہرستوں اور انومریشن فارم کی لسٹ سے ان کے نام غائب پائے گئے ہیں اور وہ ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم ہو چکے ہیں۔اس ضمن میں سماجوادی پارٹی کے مقامی رہنما مستقیم ڈگنٹی نے اس ناانصافی کے خلاف فوری طور پر آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سب سے پہلے مقامی سطح پر پرانت آفیسر سے مالیگاؤں میں ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی، تاہم وہاں سے کوئی مثبت ردعمل یا مسئلہ کا تسلی بخش حل نہ نکلنے پر انہوں نے سیدھے صوبائی دارالحکومت ممبئی کا رخ کیا اور الیکشن منسٹری پہنچ کر اعلیٰ حکام کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا۔

​ممبئی کے دورے کے دوران چیف الیکشن آفیسر سے مصروفیات کے باعث ملاقات ممکن نہ ہو سکی، جس کے بعد مستقیم ڈگنٹی نے ڈپٹی الیکشن آفیسر منوہر پاریکر  سے تفصیلی ملاقات کی اور انہیں صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا۔ملاقات کے آغاز میں ڈپٹی الیکشن آفیسر نے معاملے کو عام ووٹرز کا انفرادی مسئلہ سمجھا، لیکن جب مستقیم ڈگنٹی نے اپریل کی میپنگ اور جنوری کے بلدیاتی انتخابات میں ان ووٹرز کی شرکت کے ٹھوس شواہد اور ریکارڈز پیش کیے، تو انہوں نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ اتنی بڑی تعداد میں ووٹس محض تین ماہ کے قلیل عرصے میں تکنیکی یا قانونی طور پر نہیں کاٹے جا سکتے۔ ڈپٹی الیکشن آفیسر نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے میں مالیگاؤں کے مقامی حکام سے فوری رپورٹ طلب کر رہے ہیں اور رپورٹ موصول ہونے کے بعد اگلا سخت اقدام کیا جائے گا۔

​دوسری جانب سماجوادی پارٹی کے رہنما مستقیم ڈگنٹی نے انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں انتباہ دیا ہے کہ اگر 20 اپریل تک میپنگ کروائے گئے تمام متاثرہ ووٹرز اور کارپوریشن انتخابات میں ووٹ ڈالنے والوں کو فوری طور پر انتخابی انومریشن فارم فراہم کر کے ان کے نام بحال نہیں کیے گئے، تو 21 جولائی کو مالیگاؤں پرانت کچہری کے سامنے ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ سہیوگ اندولن کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سماجوادی پارٹی شہر کے عوام کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی پر کسی بھی صورت خاموش نہیں بیٹھے گی اور عوامی حقوق کی بحالی تک تحریک جاری رکھے گی۔اس موقع پر انصاری عبد الرحمن بھی موجود تھے ۔​یہ پورا واقعہ موجودہ انتخابی عمل کی شفافیت، انتظامیہ کی کارکردگی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کئی سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔ اب تمام حلقوں کی نظریں الیکشن کمیشن کی جانب سے طلب کی گئی رپورٹ اور اس پر ہونے والی اگلی کارروائی پر ٹکی ہوئی ہیں۔

​1962ء سے ووٹ ڈالنے والے بزرگ شہریوں کا نام بھی غائب؛ فارم بھرنے کے نام پر 100 روپے لوٹنے والے زیراکس سینٹرز کے خلاف پرانت افسر سے شکایت

​مالیگاؤں: (13 جولائی)مالیگاؤں شہر میں جاری خصوصی ووٹر سروے (SIR) کے دوران سنگین بے ضابطگیاں اور لاپرواہی کے معاملات سامنے آنے پر سیاسی و سماجی حلقوں میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے۔ اس سلسلے میں سماجوادی پارٹی کے رہنما کارپوریٹر مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں ایک وفد نے پرانت افسر کے نام نائب تحصیلدار کو ایک احتجاجی  میمورنڈم پیش کیا، جس میں عوام کے حقِ رائے دہی کے تحفظ اور متعلقہ محکمے کی سست روی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے الزام لگایا کہ شہر میں ایک منظم اور سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت شہریوں کو ان کے بنیادی آئینی حق (ووٹ) سے محروم کیا جا رہا ہے۔

​سماجوادی رہنما نے بتایا کہ اپریل کے مہینے میں الیکشن کمیشن کے تحت جن ہزاروں شہریوں نے باقاعدہ اپنی ووٹر میپنگ (Mapping) کروائی تھی اور جن کے پاس اس کے ٹھوس ثبوت بھی موجود ہیں، آج ان ووٹرس کے نام ہی غائب ہیں اور ان کے فارم بھی فراہم نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے ایک معمر شہری 'اسامہ بابا' کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ​"جو شخص 1962ء سے مسلسل ہر انتخاب میں حصہ لے رہا ہے اور جس نے کارپوریشن الیکشن 2026ء تک ووٹ دیا، میپنگ کے باوجود آج اس کا نام بھی لسٹ سے صاف کر دیا گیا ہے۔ یہ الیکشن ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

​انہوں نے انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں انتباہ دیا کہ اگر 20 جولائی تک میپنگ والے تمام ووٹرز کے فارم فراہم نہ کیے گئے اور لسٹوں کی درستی کا حتمی فیصلہ نہ ہوا، تو 21 جولائی کو پرانت آفس کے باہر ایک بڑا "سہیوگ اندولن"(احتجاجی تحریک) شروع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن اور مقامی انتظامیہ پر ہوگی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ​ووٹر فارم بھرنے کے عمل میں سستی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک تقسیم کیے گئے لاکھوں فارمز میں سے بہت کم تعداد میں فارم واپس جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ پر زور دیا کہ چونکہ حکومت کی جانب سے اسکولوں کے اوقات  کم (Short Time) کر دیے گئے ہیں (سنگل شفٹ 10:30 بجے اور ڈبل شفٹ 2:00 بجے تک)ہے، اس لیے تمام اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور مینجمنٹ ان اساتذہ کو جو BLO (بوتھ لیول افسر) نہیں ہیں، فارم بھرنے کے کام پر لگائیں۔انہوں نے BLOs کو بھی ہدایت کی کہ وہ وقت کی کمی کا کوئی بہانہ بنائے بغیر اپنی سماجی ذمہ داری سمجھ کر فارم کی تقسیم اور واپسی کو یقینی بنائیں۔

​مستقیم ڈگنیٹی نے انکشاف کیا کہ شہر کے بعض آن لائن سروسز اور زیراکس سینٹرز والے معصوم شہریوں سے فارم بھرنے کے نام پر 100 روپے فیس وصول کر کے غلط فارم بھر رہے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے پرانت افسر کو تحریری شکایت دیتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔​دوسری جانب انہوں نے شہریوں کو ایک اہم اور خوش آئند اپ ڈیٹ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اب آدھار کارڈ کو بھی 12 ویں لازمی شناختی دستاویز کے طور پر قبول کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس سے ان لوگوں کو بڑی راحت ملے گی جن کے پاس دیگر 11 دستاویزات (جیسے پاسپورٹ یا برتھ سرٹیفکیٹ) موجود نہیں ہیں۔مستقیم ڈگنیٹی نے ​سماجوادی پارٹی  مالیگاؤں کے تمام پڑھے لکھے نوجوانوں، سیاسی و سماجی کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ایک خاندان کی طرح متحد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن شہریوں نے میپنگ کروائی تھی لیکن اب ان کا نام لسٹ میں نہیں ہے، وہ روزانہ رات 10:00 سے 12:00 بجے کے درمیان آگرہ روڈ پر واقع سماجوادی پارٹی کے دفتر میں اپنے شناختی کارڈ یا آدھار کارڈ کی فوٹو کاپی (پشت پر موبائل نمبر لکھ کر) جمع کروائیں تاکہ ان کا کیس انتظامیہ کے سامنے مضبوطی سے لڑا جا سکے۔اس وفد میں سماجوادی پارٹی کے مقامی کارپوریٹرس اور ذمہ داران میں مستقیم ڈگنیٹی، کارپوریٹر عبدالباقی راشن والا،سہیل عبدالکریم،مولانا زاہد ندوی، احمد ایوبی سر،عبدالرحمن انصاری،الطاف ماما،رئیس ستارہ،ملک منظر،ابوشعیب نہالی،ابوالیث  انصاری وغیرہ موجود تھے ۔

شہر میں صفائی، پانی سپلائی اور روشنی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا مطالبہ

ماہِ مقدس رمضان المبارک کا آغاز ہونے والا ہے، رمضان میں شہر کے عوام کو بہتر سہولیات مہیا ہوں اس تناظر میں سماج وادی پارٹی کے ایک نمائندہ وفد نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں میونسپل کمشنر رویندر جادھو سے خصوصی ملاقات کی۔ وفد نے اس دوران رمضان المبارک کے دوران عوامی سہولیات اور انتظامات سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی اور چند اہم مطالبات بھی پیش کیے۔

وفد نے رمضان المبارک کے دوران شہر میں خصوصی صفائی مہم چلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ روزانہ صبح کے اوقات میں ہونے والی معمول کی صفائی کے ساتھ ساتھ افطار کے بعد بھی شہر کے اہم علاقوں، مساجد کے اطراف، گلیوں اور بازاروں میں اضافی صفائی عملہ متعین کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی گندگی اور بدبو کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رمضان میں عوامی مقامات پر بروقت صفائی کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے، کیونکہ اس دوران بازاروں میں بھیڑ بڑھ جاتی ہے اور عوام رات دیر تک خریداری اور عبادات میں مصروف رہتے ہیں۔

اسی کے ساتھ کارپوریشن سے پانی سپلائی کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا.

وفد نے اس اہم مسئلے کی جانب بھی میونسپل کمشنر کی توجہ مبذول کرائی کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں پانی کی سپلائی نہ ہو کیونکہ خواتین سحری اور افطار کی تیاریوں میں مصروف رہا کرتی ہیں اس وقت پانی سپلائی سے خواتین کو  مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔  

رمضان کے دوران پانی سپلائی کا شیڈول جاری کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ عوام کو دشواریوں سے بچایا جا سکے۔

اسکے علاوہ  لائٹ کے انتظامات بہتر بنانے کی اپیل بھی کی گںئ چونکہ رمضان کے دوران عبادات کا خاص اہتمام ہوتا ہے اور رات کے اوقات میں عوامی آمدورفت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے، اس لیے وفد نے مطالبہ کیا کہ تمام اہم شاہراہوں، مساجد کے راستوں، بازاروں اور گلیوں میں اسٹریٹ لائٹس کو فوری درست کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں اضافی لائٹس نصب کی جائیں۔ خاص طور پر تراویح اور شب بیداری کے دوران مکمل روشنی کا انتظام انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی یا عدم تحفظ کا احساس نہ ہو۔

میونسپل کارپوریشن کمشنر رویندر جادھو نے وفد کے تمام نکات اور مطالبات کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو طلب کرکے رمضان المبارک کے دوران خصوصی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔ کمشنر جادھو نے یقین دلایا کہ رمضان کے دوران شہر میں صفائی، پانی اور روشنی کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

سماج وادی پارٹی کے وفد نے امید ظاہر کی ہے کہ کارپوریشن انتظامیہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں عوامی سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گی۔

چارج شیٹ داخل ہونے سے پہلے  عدالت میں درخواست ضمانت داخل کی تھی لیکن عدالت نے اسے مسترد کردیا تھا، جلد ہی دیگر ملزمین کی درخواست ضمانت داخل کی جائے گی: ایڈوکیٹ عظیم خان

مالیگاؤں :پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف 12 نومبر 2021 کو مالیگاؤں میں احتجاج کیا گیا جبکہ اس دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا۔جس کے الزام میں مالیگاؤں پولیس نے 50 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ان پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ کئی کوششوں کے بعد بھی ان کی ضمانت کا کوئی راستہ نہیں نکلا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:....
اترپردیش:نتائج کے بعد لکھنئو میں یوگی کا خطاب، جیت کی خوشی منائی
اس سلسلے ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان نے نمائندے کو تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مالیگاؤں تشدد معاملہ میں سٹی پولیس اسٹیشن میں داخل مقدمہ نمبر 74 75 میں محمد مستقیم ڈگنیٹی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ اور یہ الزام عائد کیا گیا کہ مالیگاؤں بند سے بہت پہلے متعدد مقامات پر میٹنگ لی گئی اور شہر کے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی چارج شیٹ کے مطابق محمد مستقیم ڈگنیٹی نے پہلے اسکس ہال میں تقریر کی پھر کمپاونڈ میں اور جمعہ بند کے دوران جلوس میں شامل بھی رہے۔ اور ان کی تقریر کی وجہ سے تشدد برپا ہوا۔ عبدالعظیم خان نے مزید کہا کہ چارج شیٹ داخل ہونے سے پہلے انہیں نے عدالت میں درخواست ضمانت داخل کی تھی لیکن عدالت نے اسے مسترد کردیا ۔ پولیس نے عدالت کو گمراہ کیا تھا کہ ان کے پاس بھنگار بازار کے کئی دکاندار کا 164 کے تحت بیان درج ہے ۔جس کے سبب درخواست ضمانت مسترد کردی گئی تھی۔
انہوں نے کہا چارج شیٹ داخل ہونے کے بعد ہم نے واپس سے عدالت میں درخواست ضمانت داخل کی اور عدالت کو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے نظائر بتائے اور اس بات روشنی ڈالی گئی کہ مالیگاؤں امن و امان کا شہر ہے یہاں ہمیشہ سے ہندو مسلم اتحاد رہا ہے۔ عبدالعظیم خان نے کہا کہ محمد مستقیم ڈگنیٹی نے پریس کانفرنس لیتے ہوئے ریلی کی شکل میں خودسپردگی کی تھی جبکہ پولیس نے بتایا کہ مستقیم ڈگنیٹی کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ عدالت نے سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ثبوت کو دیکھنے کے بعد باریک بینی سے مطالعہ کرنےکے بعد مستقیم ڈگنیٹی سیمت دو افراد کی درخواست ضمانت منظور کردی گئی ۔ انہوں نے کہا اس بنیاد پر دیگر گرفتار شدگان کی درخواست ضمانت داخل کی جائے گی ۔