بھارت جوڑو یاترا سیاست سے پرے ہے اس کا تعلق ہندوستان کے بنیادی نظریات سے ہے:آدتیہ ٹھاکرے
کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کے 65 ویں دن آج مہاراشٹر کے ہنگولی ضلع میں شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے یاترا میں شرکت کی. انہوں نے تقریباً دو گھنٹے راہل گاندھی کے ساتھ پیدل سفر کیا. اس کے بعد میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ہم دستور اور جمہوریت کیلئے ساتھ چلے ہیں اور اس کے لئے مل کر لڑیں گے. بھارت جوڑو یاترا سیاست سے پرے ہے اس کا تعلق ہندوستان کے بنیادی نظریات سے ہے. منفرد نظریات کی حامل دو سیاسی جماعتوں کے ساتھ آنے سے متعلق میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ یہ جمہوریت کی خوبصورتی ہے کہ دو منفرد نظریات رکھنے والے ساتھ آجاتے ہیں.
بھارت جوڑو یاترا میں آج آدتیہ ٹھاکرے کے ساتھ مہاراشٹر اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے اور شیوسینا رکن اسمبلی سچن آہیر نے بھی شرکت کی. گزشتہ روز راشٹریہ وادی کانگریس کے ریاستی صدر جینت پاٹل، جتیندر آہواڑ اور سپریا سولے نے بھی بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کی تھی. جینت پاٹل نے کہا کہ ہم بھارت جوڑو یاترا کی ابتداء سے راہل گاندھی کو دوڑتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، ہم کہہ سکتے ہیں کہ جلد ہی ہماری قسمت بھی دوڑنے لگے گی.


Post A Comment:
0 comments: