ایک ہی خاندان کے چار افراد کی پراسرار موت، تحقیقات جاری
ممبئی کے جنوبی علاقے پائیدھونی میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک مسلم خاندان کے چار افراد کی ہلاکت نے حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عبداللہ دوکاڈیا (40)، ان کی اہلیہ نسرین دوکاڈیا (35) اور ان کی دو بیٹیاں عائشہ (16) اور زینب (13) کے طور پر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:........راگھو چڈھا 6 راجیہ سبھا اراکین کے ساتھ بی جے پی میں شامل
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، 25 اپریل کی رات تقریباً 10:30 بجے خاندان نے رشتہ داروں کے ساتھ کھانا کھایا، جس میں کل نو افراد شریک تھے۔ بعد ازاں رشتہ دار اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ اطلاعات کے مطابق رات تقریباً 1:00 سے 1:30 بجے کے درمیان خاندان کے چاروں افراد نے تربوز کھایا، جس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ان کی طبیعت بگڑنے لگی۔
مقامی خبروں کے مطابق اتوار کی صبح دونوں بیٹیاں بے ہوش پائی گئیں، جس کے بعد فوری طور پر انہیں قریبی ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا۔ صبح تقریباً 5:30 سے 6:00 بجے کے درمیان چاروں افراد میں قے اور دست جیسی علامات ظاہر ہوئیں۔ حالت بگڑنے پر انہیں سر جے جے اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاج کے دوران کم عمر بیٹی زینب کی صبح تقریباً 10:15 بجے موت واقع ہوئی، جبکہ خاندان کے سربراہ عبداللہ دوکاڈیا رات تقریباً 10:30 بجے دم توڑ گئے۔ اس سے قبل اہلیہ اور بڑی بیٹی بھی انتقال کر چکی تھیں۔
پڑوسیوں نے صورتحال بگڑنے پر فوری طور پر پولیس اور ایمرجنسی خدمات کو اطلاع دی، تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود چاروں افراد کو بچایا نہ جا سکا۔
پولیس نے سر جے جے مارگ تھانے میں حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے جبکہ موت کی اصل وجہ کا تعین ہسٹوپیتھالوجی رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔


Post A Comment:
0 comments: