ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت 17 سال بعد آج سنائے گی فیصلہ,شہریان کو انصاف کی امید
مالیگاؤں: مالیگاؤں بم دھماکہ 2008 معاملہ میں 17 سال بعد آج ممبئی خصوصی این آئی اے عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی.
مالیگاؤں کے بھکو چوک علاقہ میں 29 ستمبر 2008 کی رات بم دھماکہ ہوا تھا.جس میں 6 افراد جاں بحق اور تقریباًً 100سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے. انجمن چوک سے متصل بھکو چوک جیسے بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں ایک موٹر سائیکل میں بم نصب کیا گیا تھا. دھماکہ کے بعد پورے علاقے حتی کہ شہر بھر میں خوف و دہشت کا ماحول دیکھا گیا.
اس معاملے میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ اے ٹی ایس کو ابتدائی تفتیش کی ذمہ داری سونپی گئی لیکن اس معاملے میں ایک اہم موڑ آیا جب بم دھماکہ میں دائیں بازو کی کچھ کچھ ہندو تنظیموں سے منسلک افراد کو گرفتار کیا گیا اور ہندو ٹیررازم کی اصطلاح منظر عام پر آئی. اس معاملے میں بی جے پی کی سابق رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور سابق آرمی افسر کرنل پرساد شری کانت پروہت سمیت مزید ملزمین کو گرفتار کیا گیا.سادھوی اور پروہت نے ابتداء میں اس بم دھماکہ معاملہ میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کیا اور انہیں ضمانت دے دی گئی.
سال 2011 میں مالیگاؤں بم دھماکہ معاملہ کی تفتیش مرکزی تفتیشی ایجنسی این آئی اے کے سپرد کی گئی دوبارہ گناہ رجسٹر کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا. اس معاملے میں متعدد چارج شیٹ اور اضافی رپورٹ داخل کی گئی. سال 2018 میں سات ملزمین کے خلاف باقاعدہ چارجیس لگا کر مقدمہ کا آغاز ہوا.
مقدمہ کے دوران عدالت نے پرازیکویشن کے 323 گواہوں اور 8 دفاعی گواہوں کے بیانات کا جائزہ لیا. واضح رہے کہ مالیگاؤں بم دھماکہ 2008 ہندوستان میں دہشت گردی سے متعلق چلنے والے طویل ترین اور سیاسی طور پر کافی حساس مقدمات میں سے ایک ہے. اپریل 2025 کو اس معاملے میں ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کیا اور آج اس فیصلے کا اعلان کیا جائے گا.


Post A Comment:
0 comments: