الیکشن کمیشن ایکشن موڈ میں:  ناسک ایم ایل سی انتخاب میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم

ناسک : ناسک ضلع کے مقامی خود مختار اداروں کے حلقۂ انتخاب سے قانون ساز کونسل (ودھان پریشد) کے انتخاب میں مہایوتی کے امیدوار دراڑے کی غیر متوقع شکست کے بعد مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ رقم کی تقسیم کے الزامات نے ریاست کی سیاسی فضا میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ایکشن موڈ اختیار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق، ضلع الیکشن حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پورے معاملے کی مکمل جانچ کرکے جلد از جلد اپنی رپورٹ پیش کریں۔ ناسک کی ایڈیشنل ضلع کلکٹر و ایڈیشنل ضلع الیکشن آفیسر مدھومتی سردیسائی نے متعلقہ افسران کو فوری تحقیقات مکمل کرنے اور رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔

یہ کارروائی کوپرگاؤں کے سنجے کالے کی جانب سے دراڑے برادران کے خلاف کی گئی شکایت کے بعد عمل میں آئی ہے۔ شکایت میں انتخابی عمل کے دوران مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔دوسری جانب اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے رکنِ اسمبلی کشور دراڑے نے کہا کہ انہیں اس شکایت کے بارے میں فی الحال کوئی باضابطہ اطلاع یا نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔ ان کے مطابق، "کس نے اور کہاں میرے خلاف شکایت درج کرائی، اس بارے میں مجھے کوئی علم نہیں۔ ابھی تک مجھے کوئی نوٹس بھی نہیں ملا ہے۔ اگر نوٹس موصول ہوتا ہے تو اس کے بعد آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔"سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ تحقیقات کی رپورٹ آنے کے بعد مزید پیش رفت متوقع ہے۔

Axact

TRV

The Name you Know the News you Need

Post A Comment:

0 comments: