حکومت کے خلاف فلور ٹیسٹ کا مطالبہ، آج بی جے پی کے تمام اراکین اسمبلی ممبئی مدعو، حکومت سازی کیلئے شندے گروپ اور بی جے کی سانٹھ گانٹھ شروع
مہاراشٹر کی سیاسی ہلچل آٹھویں دن راج بھون تک پہنچ گئی۔ منگل کی دیر رات بی جے پی لیڈران دیویندر فڑنویس، گریش مہاجن اور چندرکانت پاٹل ادھو حکومت کے خلاف فلور ٹیسٹ کا مطالبہ لے کر راج بھون پہنچے۔ اس سے قبل فڑنویس نے دہلی میں بی جے پی صدر جے پی نڈا اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ یہاں سے وہ ممبئی پہنچے اور دیر رات اراکین اسمبلی کے ساتھ گورنر سے ملنے پہنچ گئے۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کے بعد فڑنویس نے راج بھون کے باہر آکر کہا کہ ادھو حکومت اکثریت ثابت کرے۔
یہ بھی پڑھیں:.... مالیگاؤں پولس انتظامیہ کی جانب سے واٹس ایپ یوزرس و گروپ ایڈمن کیلئے اہم اطلاع
فڑنویس کے راج بھون پہنچتے ہی کانگریس نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی لیڈر سچن ساونت نے کہا کہ ایکناتھ شندے کے پیچھے موجود سپر پاور سامنے آ گئی ہے۔ دراصل 24 جون کو گوہاٹی کے ہوٹل میں شندے نے باغی اراکین اسمبلی سے کہا تھا کہ ہمارے ساتھ سپر پاور ہے ادھو حکومت گر جائے گی۔ بی جے پی نے اپنے تمام اراکین اسمبلی کو بدھ کو ممبئی آنے کو کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دیویندر فڑنویس اپنے اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کر سکتے ہیں۔ فڑنویس بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کے بعد منگل کو ممبئی واپس آئے۔ گورنر سے فڑنویس کی ملاقات کے بعد راج بھون سے جاری ایک فرضی خط سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگا۔ خط کے مطابق گورنر کوشیاری نے ادھو حکومت کو 30 جون کو صبح 11 بجے ودھان سبھا کا خصوصی اجلاس بلانے اور فلور ٹیسٹ کرانے کی ہدایت دی ہے۔ تاہم راج بھون نے اس خط کو فرضی قرار دیتے ہوئے ایسی کوئی بھی ہدایات جاری کئے جانے سے انکار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شندے گروپ اور بی جے پی کے درمیان حکومت سازی کے لیے سانٹھ گانٹھ جاری ہے۔ بی جے پی نے شندے گروپ کو 8 کابینی اور 5 ریاستی وزراء کی پیشکش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ کے لیے ایکناتھ شندے کا نام لیا گیا ہے۔ گلاب راؤ پاٹل، سمبھوراج دیسائی، سنجے شیرساٹ، دیپک کیسرکر، ادے سامنت کو وزیر بنایا جا سکتا ہے۔


Post A Comment:
0 comments: