Articles by "Pakistan"
Showing posts with label Pakistan. Show all posts

ریاستی اداروں اور ان کے دفاتر کے خلاف ’نفرت پھیلانے‘ کے الزام میں الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعہ 153A، 124A، اور 505 کے تحت مقدمہ درج

جنوب مغربی پاکستان کی ایک عدالت نے جمعرات کو سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ کوئٹہ پولیس نے پیر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے خلاف اتوار کو ان کی تقریر کے بعد ریاستی اداروں اور ان کے دفاتر کے خلاف ’نفرت پھیلانے‘ کے الزام میں ایک شہری عبدالخلیل کاکر کی جانب سے الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعہ 153A، 124A، اور 505 کے تحت مقدمہ درج کیا ۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے کیس کی سماعت کی اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے حکام کو ہدایت دی کہ 70 سالہ عمران خان کو حراست میں لے کر عدالت میں پیش کیا جائے۔

خان نے ہفتے کے آخر میں لاہور کے زمان پارک علاقے میں ان کی رہائش گاہ سے پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے کی ناکام کوشش کے بعد ریاستی اداروں پر شدید تنقید کی۔ اسلام آباد کی ایک عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے بعد پولیس کے چھاپے کا آغاز ہوا۔خان، جنہیں درجنوں مقدمات کا سامنا ہے، نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ اب تک ان کے خلاف کم از کم 76 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

 قبل ازیں جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) نے عدلیہ کے ادارے کے خلاف مبینہ مہم چلانے پر خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا۔جسٹس شجاعت علی خان نے نعیم قمر کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی آئی سربراہ کے بیانات بادی النظر میں ان ججز کے خلاف لگتے ہیں جن کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

عارضہ قلب کے علاج کیلئے امریکہ منتقل کیا جارہا تھا، جرمنی میں قیام کے دوران حالت بگڑی اور وہیں انتقال کرگئے

پاکستان کے مشہور مزاحیہ اداکار، ڈرامہ آرٹسٹ عمر شریف کا آج بروز سنیچر جرمنی میں انتقال ہوگیا۔پاکستان کے مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق انہیں علاج کیلئے امریکہ منتقل کیا جارہا تھا۔واضح رہے کہ انتقال کے وقت ان کی عمر 66 سال تھی۔عمر شریف کو 28 ستمبر کو عارضہ قلب کے علاج کے لیے بذریعہ ایئر ایمبولینس کراچی سے امریکا منتقل کیا جارہا تھا، دوران سفر جرمنی میں قیام کے دوران ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی، جس وجہ سے انہیں وہیں زیر علاج رکھا گیا تھا۔گزشتہ دو دن سے عمر شریف انتہائی علیل تھے اور انہیں نمونیہ بھی لاحق ہوگیا تھا، تاہم ڈاکٹرز کو توقع تھی کہ ان کی طبیعت سنبھل جائے گی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے امریکا منتقل کیا جائے گا، تاہم دو اکتوبر کی دو پہر کو وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
سینیئر صحافی و میزبان وسیم بادامی نے ٹوئٹ میں تصدیق کہ عمر شریف مداحوں سے بچھڑ گئے۔انہوں نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا کہ سینیئر کامیڈین و اداکار کی اہلیہ زرین غزل نے تصدیق کی کہ اداکار خالق حقیقی سے جا ملے۔وسیم بادامی نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ عمر شریف کے بیٹے جواد عمر کو بھی انہوں نے دردناک خبر سے آگاہ کیا۔
عمر شریف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زیادہ علیل تھے اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھے، وہ عارضہ قلب کے علاوہ گردوں کے امراض میں مبتلا تھے جب کہ انہیں ذیابطیس کی بھی شکایت تھی۔
عمر شریف کے علاج کے لیے سندھ حکومت نے 14 ستمبر کو 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے تھے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے انہیں امریکا منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس کے کرائے کی مد میں 20 ستمبر کو 2 کروڑ 84 لاکھ روپے جاری کیے تھے۔


ہم ہندوستان کے ساتھ مہذب ہمسایوں کی طرح رہنا چاہتے ہیں، تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں لیکن آر ایس ایس کے نظریات سب سے بڑی رکاوٹ ہیں: پاکستانی وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم نے ہندوستانی میڈیا کے ایک سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے میں آر ایس ایس کا نظریہ سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔گذشتہ روز پاکستانی وزیراعظم عمران خان سنٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیا ریجنل کنیکٹیوٹی، چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر منعقد کی جانے والی ایک پریس کانفرنس میں شرکت کے بعد روانہ ہورہے تھے تب ایک ہندوستانی صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا مذاکرات اور دہشت گردی ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ہم ہندوستان کو یہ باور کرانے کی کوشش کررہے ہیں کہ آئیں اور مہذب ہمسایوں( پڑوسیوں) کی طرح رہیں، لیکن اس تعلق سے ہندوستان کے جواب کا طویل عرصہ سے انتظار ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم ایسا چاہتے ہیں لیکن ہندوستان کے ساتھ حالات کو معمول پر لانے اور تعلقات استوار کرنے میں آر ایس ایس کے نظریات سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

 

پاکستان کے ساہیوال میں ہوبہو ڈونالڈ ٹرمپ کی طرح دکھائی دینے والے قلفی فروش کا ویڈیو ٹوئیٹر پر وائرل

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں ایک شخص پاکستان کی سڑکوں پر قلفی بیچ رہا ہے۔اس ویڈیو کی مزیدار بات یہ ہے کہ کلفی فروش ہوبہو امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرح دکھائی دے رہا ہے۔اس کے علاوہ پاکستان پنجاب کے سہیوال علاقے میں قلفی بیچنے والا شخص کھویا کلفی فروخت کرنے کیلئے مسلسل ایک گیت گارہا ہے جو کافی مزیدار اور دلچسپ دکھائی دے رہا ہے۔ایک ٹوئیٹر یوزر نے اس قلفی فروش کی ویڈیو بناکر ٹوئیٹر پر شیئر کی ہے۔سوشل میڈیا یوزر اس ویڈیو پر ردعمل ظاہر کررہے ہیں، قلفی فروش کی آواز کی تعریف بھی کی جارہی ہے اسی کے ساتھ ڈونالڈ ٹرمپ سے اس کی مشابہت کے سبب متعدد لطیفے اور مزاح کے پہلو بھی نکالے جارہے ہیں۔

ویڈیو دیکھیں:

To watch Video Click Here:

 

ملک میں عصمت دری اور جنسی زیادتی کے معاملات میں اضافے کو خواتین کے لباس اور فحاشی سے جوڑنے پر پاکستانی وزیراعظم پر چوطرفہ تنقید

اسلام آباد: حال ہی میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ذریعے ملک میں عصمت دری اور جنسی زیادتی کے معاملات میں اضافہ سے متعلق دیئے گئے بیان کے سبب صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بحث چھڑ گئی ہے۔اس معاملے میں عمران خان کی سابقہ بیوی جمائمہ گولڈ اسمتھ نے بھی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔خان کی رائے کے جواب میں جمائمہ نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین کا لباس اور فحاشی ہے جس نے عصمت دری کے واقعات کو جنم دیا ہے۔انہوں نے قرآن مجید کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان پر جم کر تنقید کی ہے۔جمائمہ نے کتابِ مقدس کی اس آیت کا حوالہ دیا کہ مومن مردوں سے کہو کہ وہ اپنی آنکھیں نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہ کی حفاظت کریں۔جمائمہ نے اپنے سابق شوہر کے خیالات میں تبدیلی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ یہ غلط فہمی ہو اور عمران کے بیان کی غلط ترجمانی کی گئی ہو۔کیونکہ میں جس عمران کو جانتی ہوں وہ کہا کرتے تھے کہ مردوں کی آنکھوں پر پردہ لگاؤ نہ عورتوں کی۔عصمت دری کے واقعات میں اضافے کو خواتین کے لباس اور فحاشی سے جوڑنے کے بیان پر مقامی اور بین الاقوامی سوشل میڈیا پر عمران خان کو شدید تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔