عوام کا بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی اور سڑکوں کی توسیع کا مطالبہ
مالیگاؤں: شہر کے بس اسٹینڈ کے قریب فلائی اوور پل کے نیچے اتوار کی صبح ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک 70 سالہ بزرگ خاتون کنٹینر گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے افرا تفری اور غم کی کیفیت پیدا ہوگئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 10 بجے بس اسٹینڈ کے قریب فلائی اوور کے نیچے پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بزرگ خاتون سڑک عبور کررہی تھیں کہ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے ایک کنٹینر کی زد میں آگئیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ خاتون کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
سماجی کارکن شفیق اینٹی کرپشن کے مطابق حادثے کے فوری بعد پولیس اور امدادی عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ پولیس نے جائے حادثہ کا جائزہ لیتے ہوئے ابتدائی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ متوفیہ کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
حادثے کے بعد مقامی شہریوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کسمبا روڈ پر بڑی اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت سے حادثات کا خطرہ مسلسل بڑھ رہا ہے، اس لیے اس راستے پر بڑی گاڑیوں کی انٹری پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔
عوام نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ آگرہ روڈ اور کسمبا روڈ کو فوری طور پر وسیع کیا جائے اور سڑکوں کے اطراف موجود تجاوزات (آتی کرمن) کو ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم ہو اور مستقبل میں ایسے جان لیوا حادثات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔پولس کی جانب سے حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والی بزرگ خاتون کی شناخت اور دیگر تفصیلات پولیس کارروائی مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔


ادھوری خبر ۔۔۔
ReplyDelete