گوری اسپرٹ سے تیسری شادی پر نتیش رانے نے اٹھایا سوال کیا اسے لو جہاد سمجھا جائے؟؟سوشل میڈیا پر چھڑی بحث
بالی ووڈ اداکار عامر خان کی غیر مسلم خواتین سے شادیوں، خصوصاً گوری اسپرٹ سے حالیہ شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر دوبارہ بحث چھڑ گئی، جب بعض سیاست دانوں اور سوشل میڈیا صارفین نے اس معاملے پر سوالات اٹھائے۔
ریڈف (Rediff) سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "نہ گوری، نہ کرن اور نہ ہی رینا نے اپنا مذہب تبدیل کیا، کیونکہ ہماری شادیاں سول میرج تھیں۔ گوری ہندو بھی نہیں بلکہ عیسائی ہیں، اور وہ بھی باقاعدہ باعمل عیسائی نہیں ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ زندگی مزید مزاحیہ ہوتی جا رہی ہے۔"
عامر خان کے مطابق ان کے تمام رشتے مذہبی بنیادوں پر نہیں بلکہ باہمی احترام اور ذاتی پسند پر قائم رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے خاندان کے بارے میں بھی کہا کہ بین المذاہب شادیاں ان کے خاندان میں ہمیشہ سے قبول کی جاتی رہی ہیں۔ ان کے مطابق، "ہمارا خاندان بہت وسیع النظر (Inclusive) ہے۔ میری دونوں بہنوں کی شادیاں ہندو افراد سے ہوئی ہیں، میری بیٹی بھی ایک ہندو سے شادی کر چکی ہے، جبکہ میرے کزن منصور کی شادی ایک عیسائی خاتون سے ہوئی ہے۔"
دوسری جانب، اطلاعات کے مطابق اتر پردیش کے مسلم پرسنل دارالافتاء کے شاہی چیف مفتی مولانا چودھری ابراہیم حسین نے عامر خان کے خلاف فتویٰ جاری کیا ہے۔ مفتی چودھری ابراہیم کے مطابق کوئی مسلمان مرد غیر مسلم خاتون سے اس وقت تک شادی نہیں کر سکتا جب تک وہ اسلام قبول نہ کر لے۔
دوسری طرف بی جے پی رہنما اور مہاراشٹر کے وزیر نتیش رانے نے بھی عامر خان کی شادی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب مشہور شخصیات ایسے ذاتی فیصلے کرتی ہیں تو ہندو سماج کو اس پر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عامر خان کی تازہ شادی کو "لو جہاد" کی مثال سمجھا جانا چاہیے؟
واضح رہے کہ عامر خان نے 5 جولائی کو ممبئی کے باندرہ علاقے میں واقع اپنی پالی ہِل رہائش گاہ پر ایک سادہ تقریب میں ویلنیس اور بیوٹی انڈسٹری سے وابستہ گوری اسپرٹ سے شادی کی۔
اس سے قبل عامر خان کی پہلی شادی رینا دتہ سے 1986 میں ہوئی تھی، جو 2002 میں ختم ہوگئی۔ بعد ازاں انہوں نے 2005 میں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021 میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اس کے باوجود وہ اپنے بیٹے کی مشترکہ پرورش کرتے ہوئے خوشگوار تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔


Post A Comment:
0 comments: