جاگنگ ٹریک کا کام 90 فیصد مکمل ، جلد ہی افتتاح ، ریاستی وزیر دادا بھوسے نے تعمیراتی کاموں سے متعلق فنڈ کی تفصیلات پیش کی
مالیگاؤں : مالیگاؤں آوٹر کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر دادا بھوسے نے آج اردو میڈیا سینٹر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عید گاہ گراؤنڈ پر تعمیر ہورہے متنازعہ جاگنگ ٹریک کا 90 فیصد کام مکمل ہونے کی اطلاع دی اور کہا کہ بہت جلد جاگنگ ٹریک کا افتتاح عمل میں آئے گا۔اس تعلق سے انہوں نے کہا کہ جاگنگ ٹریک شہریوں کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے جس سے ہر شہری مستفید ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:.... وزارت اقلیت سے شہر کے قبرستانوں کے لئے ایک کروڑ روپیہ فنڈ ریلیز
دادا بھوسے نے مزید کہا کہ شہر میں کچھ ترقیاتی و تعمیری کام منظور ہوچکے ہیں جبکہ کچھ کاموں کی منظوری کیلئے جدوجہد جاری ہے. ریاستی وزیر ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے کے توسط سے چار پانچ تعمیری کاموں کو منظوری ملی ہے، جس میں مالدہ گٹ نمبر 4،5،6،7 میں گارڈن کیلئے 3 کروڑ 75 لاکھ کا فنڈ منظور کیا گیا ہے. سروے نمبر 98(1) کیلئے سوا کروڑ روپے گارڈن کیلئے منظور ہوا ہے جبکہ گالنہ قلعہ، چندن پوری کھنڈے راؤ مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز ، اور موسم ندی کیلئے خصوصی فنڈ 13 کروڑ 25 لاکھ مختص کیا گیا ہے.
اس کے برعکس شہر کے سینٹرل حلقہ میں عید گاہ جاگنگ ٹریک کو لے کر اب بھی بے چینی پائی جارہی ہے. آج دادا بھوسے کی پریس کانفرنس سے قبل عتیق کمال نے دادا بھوسے کی آمد پر کالی جھنڈی دکھا کر جاگنگ ٹریک کی تعمیر کے خلاف احتجاج کیا. جس کے بعد پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا. اس سے قبل شہر کے دیگر لیڈران اور تنظیموں نے بھی جاگنگ ٹریک کی این او سی رد کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔مہاسبھا میں این او سی کو رد کرنے کی تجویز پیش کرکے اسے منظوری بھی دی گئی۔لیکن ان سب کے باوجود جاگنگ ٹریک کا کام 90 فیصد مکمل ہوگیا۔


Post A Comment:
0 comments: