ساتھیوں میں معمولی تکرار کے بعد تیز دھار ہتھیار سے قتل، قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے، ملزم فرار
مالیگاؤں مالدہ شیوار علاقے میں واقع الریحان گوشت کمپنی کے 38 سالہ ملازم فیروز جعفر شیخ ساکن (گوونڈی،ممبئی) کو گزشتہ شب بے رحمی سے قتل کردیا گیا۔مالدہ شیوار علاقے میں واقع الریحان گوشت کمپنی گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے جہاں بیرون شہروں سے لوگ کام کرنے کیلئے آتے ہےاور یہ ملازمین کمپنی کے اطراف میں ہی کرایے کے مکان میں رہتے ہیں۔ اس تعلق سے سماجی کارکن شفیق شیخ نے نمائندے کو بتایا کہ گزشتہ شب 2 بجے کے درمیان فیروز جعفر شیخ اور اس کے ساتھی میں کسی بات کو لے کر تکرار ہوگئی۔ اس دوران فیروز جعفر شیخ کی چھاتی پر بائیں جانب تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے شدید طور پر زخمی کردیا گیا۔خون زیادہ بہنے کی وجہ سے اس کی جائے وقوع پر ہی موت ہوگئی۔اس معاملے کی اطلاع پوارواڑی پولیس کو ملتے ہی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال میں روانہ کردیا۔ شفیق شیخ نے بتایا کہ تمام قانونی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد لاش کو عائشہ نگر قبرستان میں غسل دینے کے بعد اہل خانہ کے ساتھ ممبئی روانہ کردیا گیا۔
اس سلسلے میں فیروز جعفر شیخ کی بہن نے بتایا کہ اس کا بھائی(مقتول ) یہاں کام کے سلسلے میں آیا ہوا تھا اور شہر کی الریحان گوشت کمپنی میں گزشتہ 4 مہنیوں سے کام کررہا تھا لیکن آج اسکے ساتھ ایسا حادثہ ہوگیا۔انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی پر الزام عائد کیا کہ اس حادثے کی ذمہ دار کمپنی ہے۔اس لیے کمپنی کو فیروز جعفر شیخ کے بچوں کو معاوضہ دینا چاہیے۔انہوں نےمطالبہ کیا کہ پولیس اس معاملے میں سخت کارروائی کرے۔



Post A Comment:
0 comments: