Articles by "Holiday"
Showing posts with label Holiday. Show all posts

شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈ کے خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کا بڑا فیصلہ؛ این ڈی آر ایف تعینات، عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

ناسک :(31 جولائی) شدید بارش، بادل پھٹنے جیسی صورتحال، سیلاب اور لینڈ سلائیڈ کے خدشات کے پیش نظر ضلع ناسک کی آٹھ تحصیلوں میں یکم اگست 2026 بروز سنیچر  کو تمام اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلع کلکٹر آفس ناسک کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق کیا گیا ہے۔جاری کردہ حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 31 جولائی کو ضلع ناسک کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے غیر معمولی بارش، بادل پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈ جیسے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ اسی کے پیش نظر ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (SEOC) نے  (NDRF) کی ٹیم بھی ضلع ناسک میں تعینات کر دی ہے۔

حکم نامے کے مطابق مالیگاؤں، ناند گاؤں، باگلان، کلون، تریمبکیشور، اگتپوری، پیٹھ اور سرگانہ تحصیلوں کے تمام پرائمری، سیکنڈری، ہائر سیکنڈری اسکول، آنگن واڑیاں، آشرم اسکول، امدادی و غیر امدادی، نجی تعلیمی ادارے اور تمام کالج یکم اگست کو بند رہیں گے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ طلبہ کے لیے تعطیل رہے گی، تاہم پرنسپل، ہیڈ ماسٹر، اساتذہ اور دیگر تعلیمی عملہ کو مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر آفتی انتظام سے متعلق ذمہ داریوں کے لیے حاضر رہنا ہوگا۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ انتہائی ضروری کام کے علاوہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ندی ، نالوں، تالابوں، جھیلوں، پلوں، قلعوں، گھاٹوں، سیلاب زدہ علاقوں، پہاڑی ڈھلوانوں اور لینڈ سلائیڈ کے خطرے والے مقامات کا رخ کرنے سے مکمل گریز کریں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع بھر کے تمام آبی ذخائر، ٹریکنگ پوائنٹس، دریا کنارے، سیاحتی مقامات اور سیلاب سے متاثرہ مذہبی مقامات کو عارضی طور پر ممنوعہ علاقے قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ تحصیلوں میں ہفتہ وار بازار، میلے، جلسے اور دیگر بڑی عوامی تقریبات بھی یکم اگست کے لیے ملتوی کر دی گئی ہیں۔

انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ نشیبی، سیلاب زدہ اور لینڈ سلائیڈ کے خطرے والے علاقوں سے شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ، ہوم گارڈ اور مقامی ریسکیو ٹیموں کو حساس علاقوں میں تعینات رکھنے کے ساتھ تمام متعلقہ افسران اور عملہ کو 24 گھنٹے کنٹرول روم میں مستعد رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکم نامے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہے۔ مذکورہ حکم رہائشی ڈپٹی کلکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر، ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ناسک، روہت کمار راجپوت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔