دو موٹرسائیکلوں کا زبردست تصادم، امبیڈکر نگر کا نوجوان جائے حادثہ پر ہی جاں بحق
مالیگاؤں: چالیس گاؤں پھاٹا پر ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔رات 8 بجے کے قریب چالیس گاؤں پھاٹا کے آگے سملہ ان ہوٹل کے قریب پیش آنے والے اس حادثہ میں ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔اطلاعات کے مطابق دو موٹر سائیکلوں کے زبردست تصادم کے نتیجہ میں نوجوان کی جائے حادثہ پر ہی موت ہوگئی۔متوفی نوجوان کی شناخت شفیق شاہ حسین شاہ کے طور پر ہوئی ہے۔متوفی امبیڈکر نگر کا ساکن بتایا جاتا ہے۔حادثہ کے فورا بعد نوجوان کو سکس سگما اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ہے۔اس کے بعد نعش کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد رات ایک بجے نعش اہل خانہ کے حوالے کردی گئی۔اسپتال میں ضروری کارروائی میں شفیق اینٹی کرپشن، مقامی کارپوریٹر اور دیگر سرکردہ افراد معاونت کی۔
چالیس گاؤں پھاٹا پر دلخراش حادثہ کے بعد رکن اسمبلی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا،تعلقہ پولیس اسٹیشن کے پی ائی کو طلب کر مکمل جانکاری حاصل کی،خاطی ڈرائیور کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کو مستعد رہنے کی ہدایت دی
مالیگاؤں: گزشتہ روز مڈڈے ہوٹل اور آج چالیسگاؤں پھاٹہ پر دلخراش سڑک حادثے ہوا جس میں ایک نوجوان جوڑے سمیت معصوم بچے کی موت واقع ہوگی جس کی اطلاع رکن اسمبلی مفتی محمد اسمٰعیل قاسمی کو ملنے کے بعد انہوں فوری موقعہ واردات پر پہنچ کر تعلقہ پولیس اسٹیشن کے پی آئی کو طلب کیا اور حادثے کی مکمل جانکاری لیتے ہوئے خاطی ڈرائیور کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے پھاٹے پر ٹریفک کنٹرول پولیس کو چوبیس گھنٹہ مستعد رہنے کی ہدایت دی۔ بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کیلئے سروس روڈ بنانے کے لئے مفتی اسمعیل گذشتہ دو سال سے جدوجہد کر رہے ہیں اور سروس روڈ کیلئے ہائی وے اتھارٹی کو انتباہ بھی دیا گیا تھا جس پر ہائی وے اتھارٹی نے کہا کہ نیشنل ہائے وے نمبر 3 سکس ٹریک کرنے کی منظوری مل چکی ہے اور اسی کے ساتھ سروس روڈ بھی بنایا جائےگا۔ پے درپے ہورہے حادثے کے پیش نظر ایم ایل اے مفتی محمد اسماعیل قاسمی عنقریب ہی ہائے وے اتھارٹی کے ذمہ داران سے مل کر پھاٹہ تا سوند گاؤں سروس روڈ جلد از جلد بنانے و دیگر مسائل پر ٹھوس گفتگو کریں گے۔
قائد و سالار مجلس میڈیا سیل، مالیگاؤں
سماجی خدمت گاروں، عوام اور سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کا راستہ روکو آندولن، سروس روڈ بنانے کے دیرینہ مطالبہ کااعادہ
مالیگاؤں: چالیس گاؤں پھاٹا پر ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں نوجوان میاں بیوی اور نوزائیدہ بچے کی دردناک موت واقع ہوگئی۔ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق ایک نوجوان اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ اپنی موٹرسائیکل پر سوار نیشنل ہائے وے نمبر 3 چالیس گاؤں پھاٹا سے گزر رہا تھا اسی وقت یہ دلخراش حادثہ پیش آیا جس میں ایک بمپر نے زبردست ٹکر مار دی جس کے نیجے میں نوجوان اس کی بیوی اور بچہ جائے حادثہ پر ہی جاں بحق ہوگئے۔اطلاعات کے مطاطق حادثہ کو کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی بچے کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ایسا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بچہ بمپر میں پھنس گیا اور گاڑی اپنی رفتار سے جائے حادثہ سے نودو گیارہ ہوگئی۔
اس موقع پر شہر اور اطراف کے متعدد لوگوں نے جائے حادثہ پر راستہ روکو آندولن کیا۔مقامی سوشل ورکرز اور سرکردہ افراد نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔سماجی خدمت گار شفیق اینٹی کرپشن نے ایک ویڈیو جاری کرکے حادثہ کی اطلاع اور چالیس گاؤں پھاٹا پر سروس روڈ بنانے سے متعلق حکومت اور ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس روڈ پر اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں اس لئے ماضی میں سروس روڈ بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن اب تک اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔انہوں نے عوام اور سرکردہ افراد سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو لے کر راستہ روکو آندولن کا راستہ اختیار کریں تاکہ انتظامیہ اور حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کروائی جاسکے اور سروس روڈ بنا کر ایسے حادثات کو ٹالا جاسکے۔اس کے علاوہ مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے بھی راستہ روکو آندولن کیا اور اس معاملے میں پیش رفت کا مطالبہ کیا۔فی الحال اس معاملے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔متوفین کی شناخت بھی اب تک نہیں ہوسکی ہے۔




