اینڈیگو سی ایس کی زبردست ٹکر سے موٹر سائیکل سوار بزرگ کی جائے حادثہ پر موت، قانونی کارروائیوں کے بعد نعش اہل خانہ کے حوالے
مالیگاؤں: آج بروز منگل دوپہر کے قریب ایک بجے گھی گاؤں پھاٹا چالیس گاؤں روڈ پر ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔جس میں ایک بزرگ شخص کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔اطلاعات کے مطابق متوفی بھنگار کا کاروبار کرتے تھے اور اسی سلسلے میں شہر کے اطراف میں واقع مختلف دیہاتوں سے بھنگار جمع کرنے کیلئے جارہے تھے۔اسی دوران چالیس گاؤں پھاٹا کے قریب ایک تیز رفتار اینڈیگو سی ایس نے ان کی موٹر سائیکل کو زبردست ٹکر ماری جس کے سبب بزرگ جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے۔حادثہ کے بعد متوفی کے جیب سے برآمد ہونے والے آدھار کارڈ کی مدد سے اس کی شناخت کی گئی۔ شفیق اینٹی کرپشن نے بتایا کہ متوفی کے موبائل سے اہل خانہ کو فون کرکے حادثہ کی اطلاع دی گئی۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی متوفی کے اہل خانہ سول اسپتال پہنچے۔ایمبولینس کے ذریعے نعش سول اسپتال پہنچائی گئی جہاں پنچنامہ اور پوسٹ مارٹم کے بعد نعش اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہے۔آدھار کارڈ کے مطابق متوفی کا نام ستار محمد صابر ہے اور ان کی عمر تقریبا 55 سے 60 سال کے درمیان ہے، سونیا کالونی عائشہ نگر کے ساکن تھے۔
Post A Comment:
0 comments: