بی جے پی کونسلر رینو چودھری کی غیر ملکی شہری کو دھمکی، ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر شدید برہمی
پٹپڑ گنج (دہلی): دہلی کے پٹپڑ گنج علاقے سے بی جے پی کی کونسلر رینو چودھری کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ایک جنوبی افریقی شہری کو ہندی نہ بولنے پر دھمکاتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں سخت ردِعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:..سدھی وسترے نے ریاست کی سب سے کم عمر صدر بلدیہ بن کر تاریخ رقم کردی
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رینو چودھری ایک عوامی پارک میں موجود لوگوں سے تلخ لہجے میں بات کر رہی ہیں، جہاں جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والا ایک فٹبال کوچ بھی موجود ہے، جو کئی برسوں سے مقامی بچوں کو تربیت دے رہا ہے۔ کونسلر بلند آواز میں سوال کرتی ہیں کہ غیر ملکی شہری نے اب تک ہندی کیوں نہیں سیکھی۔
ویڈیو میں رینو چودھری کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اگر متعلقہ کوچ ایک ماہ کے اندر ہندی نہیں سیکھتا تو اس سے پارک چھین لیا جائے گا۔ اس دوران وہ موجود افراد کو یہ ہدایت بھی دیتی ہیں کہ اس شخص پر کڑی نظر رکھی جائے، اور یہ الزام بھی عائد کرتی ہیں کہ اگر اس کی جانب سے کوئی غلط حرکت ہوئی تو سب کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے رینو چودھری کے رویے کی سخت مذمت کی۔ کئی صارفین نے ان کے طرزِ عمل کو غنڈہ گردی، بدتمیزی اور اختیارات کے غلط استعمال سے تعبیر کیا۔ بعض صارفین نے الزام لگایا کہ کونسلر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کے لیے اس طرح کا رویہ اختیار کر رہی ہیں۔
آن لائن صارفین نے رینو چودھری کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’غنڈہ‘، ’جاہل‘ اور ’ذہنی طور پر غیر متوازن‘ تک قرار دیا۔
اس واقعے کے بعد زبان تھوپنے کے مسئلے پر بھی بحث چھڑ گئی ہے۔ کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ ایک غیر ملکی شہری، جو برسوں سے بچوں کی خدمت کر رہا ہے، اس پر ہندی سیکھنے کا دباؤ کیوں ڈالا جا رہا ہے، جبکہ بیرونِ ملک کام کرنے والے بھارتیوں پر عموماً مقامی زبان سیکھنے کی ایسی پابندی نہیں لگائی جاتی۔
کچھ صارفین نے اس معاملے کا موازنہ جنوبی ہند اور مہاراشٹر میں زبان کے حساس مسئلے سے بھی کیا، جہاں لسانی تنازعات پہلے ہی ایک نازک موضوع رہے ہیں۔
کون ہیں رینو چودھری؟
رینو چودھری بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر رہنما ہیں اور مشرقی دہلی کے وارڈ نمبر 197 (پٹپڑ گنج) سے میونسپل کونسلر ہیں۔ انہوں نے 2022 کے ایم سی ڈی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی امیدوار کو تقریباً 403 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔
فی الحال وہ بی جے پی دہلی مہیلا مورچہ میں صوبائی وزیر کے عہدے پر فائز ہیں اور اس سے قبل ضلع صدر کی ذمہ داری بھی نبھا چکی ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر عوامی نمائندوں کے رویے، زبان کے استعمال اور اختیارات کی حدود پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔


Post A Comment:
0 comments: