سلینڈر یا وینٹیلیٹر میں دھماکہ کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں، وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے رپورٹ طلب کی
بھوپال کے حمیدیہ اسپتال کیمپس میں پیر کی شب تقریبا رات 9 بجے آگ لگ گئی۔اطلاعات کے مطابق اسپتال کی کملا نہرو بلڈنگ کے پیڈیاٹرک وارڈ میں آگ لگی ہے۔اس حادثے میں 7 بچوں کے جھسلنے کی اطلاع ہے۔تادمِ تحریر آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ فائر بریگیڈ عملہ اور پولیس افسران موقع پر موجود ہیں، راحت رسانی کا کام جاری ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ بچوں کے جس وارڈ میں آگ لگی ہے اس وارڈ کو نئی بلڈنگ میں منتقل کیا جانا تھا ، لیکن اس سے قبل ہی مذکورہ حادثہ پیش آگیا۔کئی لوگوں کو عمارت سے نکال کر دوسروں اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ بچوں کے اہل خانہ کو عمارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ایسے میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔
اس حادثے کی وجوہات سے متعلق مختلف طرح کی باتیں سامنے آرہی ہیں کچھ لوگوں نے سلینڈر یا وینٹیلیٹر میں دھاکے کو آگ لگنے کی وجہ بتایا ہے۔وہیں شارٹ سرکٹ کے خدشات بھی ظاہر کئے جارہے ہیں۔وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اس معاملے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ اس کے علاوہ اسپتال انتظامیہ کو بچوں کی حفاظت اور بہتر علاج کی ہدایت دی ہے۔
وزیر وشواس سارنگ اور ڈی آئی جی ارشاد ولی بھی موقع پر پہنچے۔ ڈاکٹروں کو ایک ٹیم کو بھی اسپتال بلایا گیا ہے۔فائر بریگیڈ افسر عارف نے بتایا کہ آگ بجھانے کیلئے فتح گڑھ، بیرا گڑھ، پُل بوگدا سمیت دوسرے فائر اسٹیشنوں سے 8 گاڑیاں بلائی گئیں۔ دھواں زیادہ ہونے کے سبب راحت رسانی میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
Post A Comment:
0 comments: