اس وقت باصلاحیت اور مشاق مسلم وکلاء کی اشد ضرورت ہے ایسے میں ایڈوکیٹ نہال انصاری کا داغ مفارقت دے جانا ایک بڑا خسارہ ہے: گلزار اعظمی
مالیگاؤں: ریاست مہاراشٹر کے صنعتی شہر مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والے اعلی تعلیم یافتہ شخصیت نہال انصاری (ایڈوکیٹ) بروز جمعہ 30 اپرایل 2021 کو انتقال کرگئے تدفین تراویح کے بعد رات دس بجے مالیگاؤں بڑا قبرستان میں عمل میں آئی۔ ایڈوکیٹ نہال انصاری کی رحلت پر گلزار احمد اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں جبکہ باصلاحیت اور مشاق مسلم وکلاء کی سخت ضرورت ہے ایسے میں مرحوم کا داغ مفارقت دے جانا قوم کے لئے ایک بڑا خسارہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرحوم ایڈوکیٹ نہال انصاری مالیگاؤں 2006 بم دھماکہ معاملہ میں گرفتار کئے گئے بے قصور مسلم ملزمین کی پیروی کرنے میں پیش پیش تھے۔ اسی کے ساتھ مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں ملوث بھگوا ملزمین کے خلاف بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے عدالت میں پابندی سے پیش ہوتے تھے۔مالیگاؤں فساد عدالتی کمیشن، دھولیہ فساد عدالتی کمیشن میں بھی جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے بہترین نمائندگی کی۔اس طرح دینی اور قومی مسائل میں خاص دلچسپی لیتے اور اس کے حل کرنے کی جدوجہد میں مصروف رہتے تھے۔گلزار اعظمی نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے، سیات کو حسنات سے مبدل فرمائے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائےاور پسماندگان اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ساتھ ہی ائمہ مساجد، ذمّہ داران مدارس عربیہ اور جماعتی احباب سے ایصالِ ثواب اور دعا مغفرت کے اہتمام کی درخواست کی۔گلزار احمد اعظمی نے تعزیتی پیغام میں ایڈوکیٹ نہال انصاری کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو عظیم خسارے سے تعبیر کیا ہے۔


Post A Comment:
0 comments: