وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا 2 اپریل کو لاک ڈاؤن کا اعلان نہیں بلکہ نئی گائیڈ لائن جاری کی جائے گی، عوام رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کریں

مہاراشٹر: ریاستی وزیر برائے صحت عامہ راجیش ٹوپے نے جمعرات کے روز کہا کہ مہاراشٹر میں 2 اپریل کو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے اعلان سے متعلق افواہوں کا بازار گرم ہے لیکن 2 اپریل کو مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔راجیش ٹوپے نے کہا کہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی بجائے ریاست میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سخت قوانین نافذ کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ ریاست میں 43 ہزار سے زائد، اور ممبئی میں 8 ہزار سے زائد نئے معاملات سامنے آنے کے بعد راجیش ٹوپے کا مذکورہ بیان سامنے آیا۔ٹوپے نے کہا کہ فی الحال حکومت ریاست میں دوبارہ  لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے حق میں نہیں ہے بلکہ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے اور مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کووڈ-19 رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، ماسک لازمی لگانا ہوگا، سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھنا ہوگا اور بھیڑ بھاڑ کرنے سے احتیاط کرنا ہوگا۔ٹوپے نے گذشتہ ہفتے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ایک ہنگامی میٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ادھو ٹھاکرے نے واضح طور پر کہا تھا کہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں ہے۔ٹوپے نے مزید کہا کہ اس میٹنگ میں اس نقطہ پر بھی غور کیا گیا تھا کہ اگر ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جاتا ہے تو کون کون سے شعبے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ٹوپے نے آج کہا کہ 2 اپریل سے مہاراشٹر میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جائے گا لیکن حکومت نئی اور سخت گائیڈ لائن جاری کرے گی۔ٹوپے نے اس بات کی وضاحت کی کہ ممبئی میں ایک یا دو اسپتالوں کے علاوہ کسی اسپتال میں بیڈ کی قلت نہیں ہے۔حکومت ویکسینیشن ڈرائیو پر زیادہ توجہ دے رہی ہے خاص کر 45 سے زیادہ عمر والوں کو ویکسن دیئے جانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ٹوپے نے پارٹی لیڈران سے کہا کہ وہ نوجوانوں کو اعتماد میں لیں اور جنہیں ویکسن کی ضرورت ہے انہیں ویکسن مہیا کرانے کے انتظامات کریں۔

Axact

TRV

The Name you Know the News you Need

Post A Comment:

0 comments: