کارپوریشن کی نااہلی اور شہر کے ناگفتہ با حالات پر احتجاج کرتے ہوئے کارپوریشن کے یوم تاسیس پر MDF کا یوم سیاہ منانے کا اعلان
مالیگاؤں: شہر کی ترقی اور فلاح وبہبود کے عزم کے ساتھ 17 دسمبر 2001ء کو مالیگاؤں میونسپلٹی کو کارپوریشن کا درجہ دیا گیا۔لیکن آج بھی شہر معیشت اور تعلیمی ترقی سے محروم دکھائی دیتا ہے۔جس دن سے شہر کو کارپوریشن کا درجہ ملا شہر میں رشوت خوری اور بدعنوانیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا، عوامی مسائل میں روزافزوں اضافہ ہوتا گیا، ٹیکس میں اضافہ کے سبب کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ ہوا لیکن ترقی اور انفراسٹرکچر پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی۔ہر جگہ گندگی کا انبار، خستہ حال سڑکیں، پانی کی نکاسی کے ناکافی انتظامات، پرائمری نظام تعلیم کا گرتا ہوا معیار، سرکاری و درباری کاموں میں عوام کا در در ٹھوکریں کھانا، سرکاری اسپتالوں میں مسائل ہی مسائل، حتی کہ شہر مسائل اور گندگی اور عدم سہولیات کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ان سب کا ذمہ دار آخر کون ہے؟ کارپوریشن انتظامیہ یا سیاسی لیڈران؟ کہا جاتا ہے کہ شہر میں ہرپانچ سال میں علی بابا تبدیل ہوتے ہیں لیکن چالیس چور وہی ہوتے ہیں۔ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ(MDF) آج 17 دسمبر کو بطور یوم سیاہ منائے گی اور کارپوریشن کی نااہلی کے خلاف احتجاج درج کروائے گی۔مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کی جانب سے کارپوریشن کمشنر کو عزیز کلو اسٹیڈیم کو ڈمپنگ گراؤنڈ بنائے جانے کے خلاف میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔MDF نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ آج مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے یوم تاسیس کے موقع پر کارپوریشن کی نااہلی کے خلاف یوم سیاہ منائیں۔
Post A Comment:
0 comments: