کرنٹ سے بچاؤ کیلئے تمام بجلی کے تار و کھمبے پر پی وی سی کور لگایا جائے، ڈی وائے ایس پی آفس میں ہنگامی میٹنگ
مالیگاؤں : 11 جون نیاپورہ نورانی مسجد کے پاس گلی نمبر دو کے ساکن روشان خلیق الزماں کی کرنٹ لگنے سےموت کے افسوسناک واقعہ کے بعد شہر کے ڈی وائے ایس پی آفس میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں بجلی کمپنی کے سی ای او پریم سنگھ نے متاثرہ بچے کے اہل خانہ کو 8 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کو متاثرہ خاندان کے لیے ایک اہم راحت قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق حادثہ کے بعد سماجوادی پارٹی کے گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی نے متاثرہ خاندان کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے معاملے کی مسلسل پیروی کی اور متعلقہ محکموں و افسران سے رابطہ قائم رکھا۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ہم نے رضوان احمد کیجانب رات 4 بجے آزاد نگر پولس اسٹیشن میں متعلقہ معاملہ میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ۔اسی سلسلے میں ڈی وائے ایس پی آفس میں منعقدہ میٹنگ میں مختلف ذمہ داران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، جہاں متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے پر اتفاق رائے قائم ہوا۔اس موقع پر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ معصوم بچے کی جان کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے، تاہم متاثرہ خاندان کو انصاف دلانا اور ان کی ہر ممکن مدد کرنا ہماری سماجی و سیاسی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور مظلوموں کی آواز بن کر کام کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بجلی کے کھلے تار، خستہ حال پول اور غیر محفوظ برقی نظام کئی مقامات پر عوام کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ اگر بروقت احتیاطی اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں بھی ایسے افسوسناک واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں خصوصی مہم چلا کر خطرناک مقامات کی نشاندہی اور مرمت کا کام فوری انجام دیا جائے۔اور الیکٹرک پول پر PVC کور لگایا جائے ۔
سماجوادی پارٹی کے ذمہ داران نے میٹنگ میں واضح کیا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پارٹی متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف دلانے اور شہر میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔میٹنگ میں موجود ذمہ داران نے بھی متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ معاوضے کی رقم جلد از جلد فراہم کرنے کے لیے ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی۔ بجلی کمپنی کے سی ای او پریم سنگھ کی جانب سے 8 لاکھ روپے معاوضہ دینے کے اعلان کو عوامی دباؤ، متاثرہ خاندان کی جدوجہد اور سماجوادی پارٹی کی مسلسل پیروی کا مثبت نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔شہر کی عوام نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی اور خاندان کو اس طرح کے دردناک سانحہ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


Post A Comment:
0 comments: