شہر کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جانے والی صنعت سے متعلق سنگھرش سمیتی کے مطالبات پر اعلی حکام کا فیصلہ مژدہ جاں فزا سے کم نہیں
مالیگاؤں: لاک ڈاؤن کے سبب جہاں ریاست بھر میں تمام کاروبار اور صنعتیں بند ہیں وہیں شہر مالیگاؤں کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جانے والی پاورلوم صنعت کو جاری رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔مالیگاؤں پاورلوم سنگھرش سمیتی نے گذشتہ دنوں پاولوم لوم صنعت اور اس سے منسلک مزدوروں کے مفاد میں وزیرداخلہ، وزیر ٹیکسٹائل اسلم شیخ اور چیف سکریٹری کو مکتوب روانہ کیا تھا۔جس میں سمیتی نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ لاک ڈاؤن میں پاورلوم صنعت کو جاری رکھنے کی اجازت دی جائے کیونکہ شہر کا ایک بڑا طبقہ اس صنعت سے وابستہ ہے، پاورلوم غریب مزدوروں کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ ہے۔مکتوب میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ مزدور اور بنکر احتیاطی تدابیر اور حکومتی گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے صنعت کو جاری رکھیں گے اس لئے اس صنعت کو بند نہ کیا جائے۔اعلی حکام نے غور وخوض کے بعد ان مطالبات کو منظور کرتے ہوئے نائٹ کرفیو اور لاک ڈاؤن کے دوران پاورلوم صنعت کو جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔کرونا اور لاک ڈاؤن کے سبب جہاں ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے شہر کی پاورلوم صنعت بھی گذشتہ سال سے لاک ڈاؤن اور کساد بازاری کے سبب برے حالات سے گزر رہی تھی ایسے میں لاک ڈاؤن کے دوران احتیاطی تدابیر کے ساتھ صنعت کو جاری رکھنے کی اجازت ملنا کسی مژدہ جاں فزا سے کم نہیں ہے۔


Post A Comment:
0 comments: