وزیراعلی اور ٹاسک فورس لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے حق میں، کل فائنانس اور دیگر متعلقہ محکموں میٹنگ متوقع
ممبئی: ریاستی وزیر برائے صحت عامہ راجیش ٹوپے نے آج کہا کہ مہارشٹر میں لاک نافذ کرنے سے متعلق 14 اپریل کے بعد کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔راجیش ٹوپے نے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کی سربراہی میں منعقد کی گئی کووڈ-19 ٹاسک فورس کی میٹنگ کے بعد مذکورہ بیان دیا ہے۔اس میٹنگ میں کرونا کی موجودہ صورتحال، لاک ڈاؤن اور رہنما ہدایات پر غور وفکر کیا گیا۔اس کے علاوہ کتنے دنوں کا لاک ڈاؤن نافذ کیا جانا چاہیے اور دورانِ لاک ڈاؤن معیشت کو کس طرح متوازن کیا جائے گا ان موضوعات پر بھی بحث کی گئی۔ٹاسک فورس کا موقف ہے کہ ریاست میں کرونا کے حالات ایسے ہیں کہ لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے کی ضرورت ہے۔وزیر اعلی کے دفتر کی جانب سے ایک ٹوئیٹ میں کہا گیا کہ ریاستی ٹاسک فورس کے ساتھ میٹنگ میں وزیراعلی نے آکسیجن اور بستروں کی دستیابی، ریمڈی سیوئیر کی فراہمی اور استعمال، علاج و معالجے میں سہولت، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عائد پابندیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیکل ایجوکیشن منسٹر امیت دیشمکھ، ریاستی چیف سکریٹری سیتارام کنتے اور دیگر اعلی عہدیداروں نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی۔وزیراعلی ادھو ٹھاکرے پیرکے روز فائنانس محکمہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے اسکے علاوہ اسی ہفتے ایک کابینی میٹنگ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں کرونا کی موجودہ صورتحال، لاک ڈاؤن اور دیگر معاملات پر غور کیا جائے گا۔ٹوپے نے کہا کہ ٹاسک فورس کی میٹنگ کے دوران ریاست میں آکسیجن جنریشن پلانٹ کی تنصیب پر بھی غور کیا گیا ہے۔سنیچر کے روز ادھو ٹھاکرے نے ریاست میں کرونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے تناظر میں سخت لاک ڈاؤن کا اشارہ دیا تھا۔انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آل پارٹی میٹنگ میں بھی ریاست کے حالات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔گزشتہ ہفتے ریاستی حکومت مزید پابندیاں عائد کرتے ہوئے سنیچر اتوار کو لاک ڈاؤن، نائٹ کرفیو اور سخت ہدایات جاری کی تھیں۔یہ تمام پابندیاں 30 اپریل تک رہیں گی۔
Post A Comment:
0 comments: