مالیگاؤں : (2 اکتوبر) انجمن معین الطلباء کیمپس کے ذریعے ہماری کوشش ہے کہ ہم شہر کے طلباء کو بہتر تعلیم فراہم کرسکیں اور مستقبل میں مقابلہ جاتی امتحانات کی مکمل تیاری کا منفرد تعلیمی نظام کیا جائے اس کیلئے ہم جدوجہد میں مصروف ہیں ۔اسطرح کا کا اظہار AMT کے روحِ رواں، زری والا اکیڈمی کے سرپرست الحاج اسحٰق سیٹھ زری والا نے نیٹ طلباء کے اعزاز میں منعقدہ تقریب تہنیت سے کیا۔موصوف نے اس موقع پر تمام معزز مہمانوں، اساتذہ کرام اور طلباء و سرپرست حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمیں شہریان مالیگاؤں اور بزرگوں کی نیک خواہشات چاہئے کہ ہمارا کیمپس ترقی کی منازل طئے کرتا رہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں JEE, UPSC, NET, SET جیسے مشکل ترین امتحان میں کامیابی کے خواہشمند نونہالوں کو معیاری تعلیم و تربیت ملتی رہے۔ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے اہل ہوں۔ اعلیٰ ڈگریاں حاصل کریں اور ملک و قوم کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کردیں۔ یہی میری دلی تمنا ہے۔ میں زری والا اکیڈمی اور شاہین اکیڈمی کے ذمہ داران اور اساتذہ کا ممنونِ ہوں کہ امسال انہوں نے ۱۵۰؍ سے زائد بچوں کو اس قابل بنادیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کرتے ہوئے اپنا نام، خاندان کا نام، اسکول و اساتذہ کا نام روشن کرسکیں۔

 انجمن معین الطلباء کیمپس میں نیٹ ٹاپر کی حوصلہ افزائی و اعزاز اور زیر تعلیم طلباء کو تحریک دینے کیلئے ایک شایانِ شان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں زری والا اکیدمی کے توسط سے جاری شاہین اکیڈمی کے زیرانصرام جاری کوچنگ کلاس میں NEET مقابلہ جاتی امتحان میں نمایاں اور قابل فخر کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو اعزازیہ دیا گیا۔جبکہ کوچنگ کلاس کے اساتذۂ کرام کو بھی اعزاز و اکرام سے نوازا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت اشاعت العلوم اکل کوا کیمپس کے روحِ رواں مولانا حذیفہ وستانوی نے کی جبکہ شاہین اکیڈمی بیدر کے روحِ رواں ڈاکٹر عبدالقدیر بھی بہ نفس نفیس رونق اسٹیج رہے۔ دیگر مہمانوں میں منو الزمان، الحاج محمد اسحٰق سیٹھ زری والا، پروفیسر ضیاء الرحمٰن زری والا، محفوظ الرحمٰن زری والا سمیت اراکین انجمن رونق اسٹیج رہے۔ اس موقع پر اپنے زرین خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر نے تمام طلباء کو مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنی نسل کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرتے ہیں اور اپنی تہذیب کی حفاظت کرتی ہیں۔موصوف  نے کہا کہ دینی علوم کیساتھ ہی اپنے بچوں کو عصری علوم اور اعلیٰ ڈگریوں سے سرفراز کرانے کی ضرورت ہے۔ہمیں ایک حافظ آئی اے ایس، حافظ ڈاکٹر، حافظ انجینئر بنا ہے موصوف نے ہندو مسلم اتحاد کیساتھ طلبا کو ایک چھت کے نیچے پڑھائی کرنے پرتوجہ زوردار دیا اور کہا کہ بھائی چارہ اس دیش کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم بچیوں کا رجحان اعلیٰ تعلیم کی جانب ہے۔ لیکن مسلم بچوں میں ڈراپ آؤٹ کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔بیٹے، بیٹیوں کی تعلیم میں اسطرح فرق ہونا سماج میں شادی کے وقت مسائل پیدا کرسکتے ہیں ۔ بچے مذہبی تعلیمات کے ساتھ عصری علوم پر فوقیت حاصل کرتے ہیں تو معاشرہ میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ طلباء کے ذریعے ہم انقلاب لاسکتے ہیں۔ انہوں نے نئی نسل کے نوجوان بچوں کے ہیئر اسٹائل،پھٹے کپڑے، راتوں کو جاگنا، موبائل کا استعمال اور گٹکا پان کھانے اور شادیوں میں فضول خرچی پر افسوس کیا اور اس سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ۔ ہمیں اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی تربیت بہرحال کرنی ہوگی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ نسل طاقتور ہوگی تو دیش طاقتور ہوگا ۔

مشہورِ موٹیویشنل اسپیکر اور پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ٹرینر منور الزمان نے کہا کہ جوش، جنون، جذبہ کے بغیر کامیابی ممکن نہیں ہے ۔اگر ہمیں کامیابی حاصل کرنا ہے تو ان تینوں کا اپنانا ہوگا ۔انہوں نے شاہین اکیڈمی اور زری والا اکیڈمی کی کارکردگی پر تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسحٰق زری والا ایک ایسی شخصیت ہیں جسے چھولیں وہ سونا ہوجائے۔ نیز جس کے سرپر ہاتھ رکھ دیں وہ ڈاکٹر بن کر قوم کا ایک عظیم خدمتگار بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں انقلابی اساتذہ کی تقرری کرنا چاہئے ۔بہترین ٹیچروں کی رہنمائی سے ہی اچھے بچوں کی ترویج ہوتی ہے۔ بچوں کی ذہانت و قابلیت اس کے لئے معاون ثابت ہوتی ہیں۔ شاہین اکیڈمی کا حالیہ نتیجہ شہر کی ترقی کا ضامن ہوگا۔ نیٹ جیسے مشکل امتحان میں زری والا اکیڈمی کے کامیاب بچوں نے حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا ہے۔ میں ان بچوں، ان کے والدین، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کے ذمہد اران کو مبارکباد و نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ واضح ہو کہ AMT کیمپس میں منعقدہ اس تہنیتی تقریب میں اکیڈمی کے اساتذہ، کامیاب طلباء اور ان کے والدین کی خدمت میں ٹرافیاں بھی دی گئیں۔ اس موقع پر اکیڈمی کے رواحِ رواں محفوظ زری والا نے کہا کہ ہم اچھے ڈاکٹر کیساتھ اچھا انسان بھی بنانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ دنیا و آخرت میں سرخروئی حاصل ہو ۔انہوں نے طلباء اور والدین سے کہا کہ آپ اساتذہ کی عزت کریں ۔طلباء کے سامنے مالیگاؤں شہر کے ڈاکٹر خلیل احمد انصاری کی مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے آپ کو عوامی خدمت کے لئے وقت کردیا۔ معزز مہمان ڈاکٹر خلیل احمد اپنی طویل عمری اور ضعیفی نیز کمزوری کے باوجود اس تقریب میں شامل ہوئے۔ انہوں نے ناصحانہ انداز میں کہا کہ ڈاکٹری کا پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے۔ اس لئے ہر ڈاکٹر کی یہ ذمہ داری ہونی چاہئے کہ وہ اپنے علم کے تئیں سماج اور عوام کی خدمت کرتا رہے۔ منصورہ کیمپس کے روحِ رواں راشد ارشد مختار نے کہا کہ مالیگاؤں مساجد و میناروں کے ساتھ اب MBBS ڈاکٹروں کا شہر بنتا جارہا ہے۔ مستقبل میں یہ شہر MBBSڈاکٹروں کے نام سے پہچانا جائے گا۔عبد الحلیم صدیقی نے ڈاکٹر خلیل انصاری کی خدمات کو مختصر مگر جامع انداز میں پیش کیا ۔پروگرام کے اخیر میں AMTکے سکریٹری سراج دلار نے رسم شکریہ ادا کیا اور پروگرام بہ حسن و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

اس تقریب میں انجمن معین الطلباء کیمپس کے تمام یونٹ مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج ،ارم، پی ایم، مالیگاؤں گرلس، مالیگاؤں سنیئر کالج اور زری والا اکیڈمی و شاہین کلاسیس کے ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف موجود تھے ۔

Axact

TRV

The Name you Know the News you Need

Post A Comment:

0 comments: