آل انڈیا مائناریٹی بورڈ نے کتاب کے عنوان پر اعتراض کرتے ہوئے ناراضگی ظاہر کی ہے، ادکارہ کے خلاف شکایت درج کرنے کا مطالبہ
بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کی کتاب پریگنینسی بائبل حال ہی میں لانچ ہوئی ہے۔اس کتاب کے منظرعام پر آنے کے بعد اداکارہ کافی پرجوش ہیں۔واضح رہے کہ اسی سال کرینہ کپور نے اپنے دوسرے بیٹے کو جنم دیا ہے، اس پورے عرصے میں انہوں نے اپنے آپ کو مصروف رکھا اور پریگنینسی کے دوران انہوں نے مذکورہ کتاب لکھی۔اس میں انہوں نے اپنے سفر کی روداد بیان کی، مد ہوڈ پریڈ کیسا رہا اس تعلق سے انہوں نے اپنے مداحوں کو جانکاری دی ہے۔کرینہ کی اس کتاب کے کافی چرچے ہورہے ہیں۔یہ کتاب بیسٹ سیلر میں بھی شمار ہورہی ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ اس کتاب کا عنوان کچھ لوگوں کو پسند نہیں آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آل انڈیا مائناریٹی بورڈ نے اس کتاب کے عنوان پر اعتراض کرتے ہوئے ناراضگی ظاہر کی ہے۔بورڈ کے چیئرمین سمیت کئی لوگوں نے کتاب کے عنوان پر سوال اٹھائے ہیں۔صرف اتنا ہی نہیں، اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں قانونی صلاح و مشورہ بھی لیا جارہا ہے اور اداکارہ کے خلاف شکایت درج کرانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ اس مدعے پر اب تک کرینہ کپور کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments: