بہتر ہوتا کہ ہم نے اجیت پوار کے ساتھ حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ نہ کیا ہوتا، لیکن اس وقت مجھے لگا کہ یہ فیصلہ درست ہے: فڑنویس
ممبئی: مہاراشٹر کے سابق وزیراعلی دیویندر فڑنویس نے جمعہ کے روز کہا کہ 2019 میں راشٹروادی کانگریس لیڈر اجیت پوار کے ساتھ قلیل مدت (80 گھنٹے) کی حکومت سازی کیلئے اتحاد کرنا ایک غلطی تھی۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس کا قطعی افسوس نہیں ہے۔فڑنویس نے مراٹھی روزنامہ لوک ستہ کے ایڈیٹرز کے ساتھ آن لائن بات چیت کے دوران کہا کہ مجھے اس بات کا بالکل افسوس نہیں ہے لیکن ہمیں اس طرح حکومت نہیں بنانی چاہیے تھی۔واضح رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے بعد شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے درمیان غیر بی جے پی حکومت بنانے کیلئے جاری کوششوں کے درمیان 23 نومبر 2019 کو دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار نے صبح سویرے راج بھون میں وزیراعلی اور نائب وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا۔فڑنویس نے مزید کہا کہ اجیت پوار کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دینا چاہے ایک غلطی ہی کیوں نا ہو؟ لیکن جب آپ کو دھوکا دیا جائے اور پیٹھ میں چھرا گھونپا جائے تب آپ کو سیاست میں اپنی ساکھ بحال کرنی پڑتی ہے۔فڑنویس نے شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کا حوالہ دیا جنہوں نے بی جے پی کے ساتھ قبل از انتخاب سمجھوتے کو توڑ دیا تھا۔سیاست میں اپنی بقا کیلئے جو ممکن ہو اور ضروری ہو وہ آپ کو کرنا پڑے گا۔جب آپ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ہے تو آپ کو موزوں جواب دینا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پوار کے ساتھ حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ مخلوط احساسات پر مبنی تھا۔جب ہمیں موقع ملا ہم نے اس پر قبضہ کرلیا۔فڑنویس کے مطابق انہوں نے جو کچھ کیا وہ ان کے اور بی جے پی حامیوں کو پسند نہیں آیا تھا۔فڑنویس نے اقرار کیا کہ اس اقدام کے سبب میرے حامیوں میں میری شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔بہتر ہوتا کہ ہم نے اجیت پوار کے ساتھ حکومت تشکیل دینے کی کوشش نہ کی ہوتی۔لیکن اس وقت مجھے ایسا لگا کہ یہ درست فیصلہ ہے۔
Post A Comment:
0 comments: