تمام سیاسی جماعتوں اور لیڈران سے نفرت پھیلانے اور سماج کے ایک طبقے کو دوسرے طبقے کے خلاف کھڑا کرنے سے گریز کرنے کی درخواست
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کے سینئر لیڈر اورمسلمانوں کے درمیان کام کرنے والی آرایس ایس کی ونگ مسلم راشٹریہ منچ کے سربراہ اندریش کمار نے ہریدوار دھرم سنسد میں اقلیتوں کے خلاف حالیہ تقاریر پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز اور تفرقہ انگیز تبصرے کرنے والوں کو بغیر کسی رعایت کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو ایک انٹرویو میں، اندریش کمارنے نفرت کی سیاست کوبدعنوانی سمجھا اور تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں سے نفرت پھیلانے اور سماج کے ایک طبقے کو دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:۔۔۔اویسی پر حملہ: دوسرا حملہ آور بھی گرفتار، حملے کی وجہ پر پولیس کی خاموشی
لیکن انھوں نے یہ نہیں بتایاکہ ان نفرت انگیزیوں پرمرکزی حکومت خاموش کیوں ہے۔ آر ایس ایس کی قومی ورکنگ کمیٹی کے رکن نے کہاہے کہ کسی بھی برادری، ذات یا گروہ کے خلاف اشتعال انگیز اور تفرقہ انگیز تبصرے کرنے کے بجائے ملک اور اس کے لوگوں کے مفاد میں بھائی چارے اور ترقی کی سیاست کی جانی چاہیے۔ جب ان سے اتراکھنڈ کے ہریدوار اور چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں حال ہی میں دھرم سنسد میں کئی گئی نفرت انگیز تقاریر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہاہے کہ کسی بھی قسم کی نفرت انگیز تقریر پر تنقید ہونی چاہیے۔
تمام نفرت انگیز تقاریر پر تنقید اور قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔ کسی کو مستثنیٰ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ اندریش کمارنے مہاتما گاندھی کے قتل کے لیے آر ایس ایس اور اس کے نظریہ کو مورد الزام ٹھہرانے پر کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی اور کہا کہ ان کے پاس بے بنیاد الزامات لگانے کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ 60 سال سے زیادہ عرصے سے ہم سنتے آرہے ہیں کہ مہاتما گاندھی کے قتل کے پیچھے آر ایس ایس اور اس کے نظریے کا ہاتھ تھا۔ سنگھ پر بھی پابندی لگا دی گئی لیکن کانگریس اور دیگر پارٹیاں برسوں اقتدار میں رہنے کے باوجود یہ ثابت نہیں کر سکیں۔ اندریش کمارنے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو ان کے اس بیان پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ ایک ہندوتوا وادی نے گاندھی جی کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔
انہوں نے کہاہے کہ اب وہ کہتے ہیں کہ ہندوتو نے گاندھی جی کو مارا، یہ بھی نفرت انگیز تقریرہے۔ آر ایس ایس لیڈر نے استدلال کیا کہ ایسے الزامات جو لوگوں کے کسی طبقے یا کسی تنظیم کے خلاف نفرت پیدا کرتے ہیں انہیں بھی نفرت انگیز تقریر کے طور پر درجہ بندی کیا جانا چاہیے۔ نفرت انگیز بیانات کو ایک ہی عینک سے دیکھا جانا چاہیے۔ ہم نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور تفرقہ انگیز بیانات کے خلاف کارروائی میں فرق نہیں کر سکتے، جب کہ دونوں کی نوعیت اور جوہر ایک جیسے ہیں۔ کسی جماعت یا گروہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ وقت کی ضرورت ہے۔ عیسائی برادری تک پہنچنے کے لیے اس نے کچھ سال قبل آر ایس ایس کے مسلم ونگ کی طرز پر ایک اور تنظیم کرسچن راشٹریہ منچ کی بنیاد رکھی۔
Post A Comment:
0 comments: