16 افراد حراست میں، 10 ملزمین، کتّا گولی فروخت کرنے والی میڈیکل اسٹورس اور افراد پر سخت کارروائی کا انتباہ، بے گناہوں پر نہیں خاطیوں پر کارروائی ہوگی، امن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد آئی جی کی پریس کانفرنس
مالیگاؤں: مالیگاؤں بند کے دوران پتھراؤ اور اشتعال انگیزی کے کچھ واقعات کے بعد ناسک ڈویزنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ڈی جی شیکھر پاٹل نے مالیگاؤں کا ہنگامی دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ آج میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اب تک اس معاملے میں 16 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔شہر کے عائشہ نگر پولیس اسٹیشن میں 2 مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ سٹی پولیس اسٹیشن میں 3 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔
آئی جی شیکھر پاٹل نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے مطابق کارروائی جاری ہے۔ تفتیش کیلئے 6 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔خاطیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں پولیس انتظامیہ نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلیل وقت میں حالات پر قابو پایا اور امن وامان برقرار رکھا۔ امن کمیٹی کے ممبران نے بھی امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی جی شیکھر پاٹل نے مزید کہا کہ اس معاملے میں پولیس خاطیوں پر سخت کارروائی کرے گی۔ جن افراد نے بغیر اجازت مظاہرہ کیا ان کے کردار کی جانچ کی جائے گی اور مناسب کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 50 سے زائد افراد کی بطور ملزم شناخت کی گئی ہے۔ شیکھر پاٹل نے کتا گولی فروخت کرنے والے میڈیکل اسٹورس پر کارروائی کا اشارہ بھی دیا۔حراست میں لئے گئے ملزمین سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔
آئی جی شیکھر پاٹل نے عوام سے اپیل کی کہ امن وامان برقرار رکھیں، 20 سال سے شہر میں امن کی فضا بنی ہوئی ہے اسے برقراررکھا جائے۔ فساد سے شہر کا نقصان ہوتا ہے اور کروڑوں معیشت تباہ و برباد ہوجاتی ہے۔ امن و امان اور شانتی قائم رہی تو شہر ترقی کرے گا اور خوشحالی آئے گی۔ شہر کی شبیہ خراب نہ ہو اس کیلئے تمام شہریوں کو امن قائم رکھنے کو ترجیح دینی چاہیے۔
واضح رہے کہگذشتہ روز جمعہ 12 نومبر کو مالیگاؤں میں رضا اکیڈمی اور آل انڈیا سنی جمعیتہ علماء کے زیر اہتمام تحفظِ ناموس رسالت کے بینر تلے تریپورہ تشدد کے خلافع مالیگاؤں سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں بند کے دوران پرامن احتجاج کیا گیا۔کئی مقامات پر ہجوم مشتعل ہوا اور پتھراؤ کے کچھ واقعات پیش آئے تھے۔
Post A Comment:
0 comments: