وراٹ کوہلی اور پجارا سمیت ہندوستانی بلے باز بری طرح ناکام، کین ولیمسن اور راس ٹیلر کی شاندار کارکردگی، کیوی ٹیم کا عالمی ٹیسٹ چیمپئن خطاب پر قبضہ

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ٹیم انڈیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر نیوزی لینڈ نے تاریخ رقم کردی۔نیوزی لینڈ نےٹیسٹ عالمی چیمپئن کا خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی مرتبہ یہ خطاب اپنے نام کیا ہے۔نیوزی لینڈ نے 139 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دو وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن نے کپتانی پاری کھیلتے ہوئے 52 رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ولیمسن نے تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کے ساتھ اچھی ساجھے داری نبھائی۔دونوں نے تیسرے وکٹ کیلئے 96 رنوں کی شراکت داری کی۔جبکہ آر اشوین نے نیوزی لینڈ کے دونوں وکٹ حاصل کئے۔139 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نہوزی لینڈ نے کافی محتاط آغاز کیا۔ٹام لیتھم اور ڈیوین کانوے کی جوڑی نے 33 رن جوڑے۔آشوین نے 14 ویں اوور کی تیسری گیند پر ٹام لیتھم کو 9 رن کے ذاتی اسکور پر رشبھ پنت کے ہاتھوں اسٹمپ کرواکر ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔اشوین نے 19 رن کے ذاتی اسکور پر کانوے کو بھی اپنا شکار بنایا۔کانوے کے آؤٹ ہونے کے بعد راس ٹیلر اور کین ولیمسن نے مورچہ سنبھالا،  ٹیلر نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس سے قبل ہندوستان نے صبح 2 وکٹ پر 64 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پہلے ہی گھنٹے میں دو وکٹ گنوا دیئے۔کپتان وراٹ کوہلی نے 29 گیندوں پر 13 رن بنائے جبکہ پجارا نے 80 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے محض 15 رن بنائے۔ ہندوستانی بلے بازوں نے کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔روہت شرما نے 30، شبھم گل نے 8، رویندر جڈیجا نے 15، اشوین نے 7 اور محمد شمیع نے 13 رن بنائے جبکہ بمراہ بنا کھاتہ کھولے آؤٹ ہوگئے۔ایشانت شرما ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگ میں 217 رن بنائے تھے، جواب میں نیوزی لینڈ نے 249 رن بنا کر 32 رنوں کی برتری حاصل کرلی۔ہندوستان دوسری اننگ میں محض 170 رنوں پر سمٹ گئی اور نیوزی لینڈ کو 139 رنوں کا آسان ہدف دیا جسے کیوی ٹیم نے دو وکٹ کھو کر حاصل کرلیا۔

Axact

TRV

The Name you Know the News you Need

Post A Comment:

0 comments: