شہر کے تمام قبرستانوں کے ذمہ داران، ایڈیشنل ایس پی، ڈی وائی ایس، پی اور تمام سیکشن کے پی آئی کی شرکت
مالیگاؤں: شبِ برات کے پیش نظر آج بروز پیر شہر مالیگاؤں سٹی پولیس اسٹیشن میں ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی کی قیادت میں ایک میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں شہر کے تمام ہی قبرستانوں کے ذمہ داران، ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی، ڈی وائے ایس پی لتا ڈھونڈے اور تمام سیکشن کے پی آئی حاضر تھے۔ایڈیشنل ایس پی نے تمام قبرستانوں کے ذمہ داران سے مختلف امور پر بات کی، مسائل دریافت کئے اور متعلقہ محکموں کے ذمہ داران سے بات کر ان مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ ملک اور ریاست مہاراشٹر میں کرونا کے معاملات میں ایک بار پھر اضافہ ہوتا جارہا ہے ایسے میں شب برات کے موقع پر حفاظتی انتظامات اور کرونا کی رہنما ہدایات پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے۔قبرستان انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے کہ قبرستان میں ایک وقت میں زیادہ بھیڑ نہ جمع ہو، قبرستان آنے والے سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھیں، ماسک پہنیں اور قبروں کی زیادت، عبادات اور دعا کے بعد وہاں سے نکل جائیں اور مقامی مساجد اور گھروں میں عبادت کریں۔اس سے قبل بڑا قبرستان انتظامیہ کے صدر ایڈوکیٹ نیاز لودھی نے قبرستان کے راستوں پر غیر قانونی تجاوزات ہٹائے جانے، قبرستان میں پانی کی فراہمی جاری رکھنے، لائٹ، صاف صفائی، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان انتظامیہ پولیس کا ہر ممکن تعاون کرے گی۔شہر کے دیگر قبرستانوں کے ذمہ داران نے بھی مختلف مسائل کی جانب ایڈیشنل ایس پی کی توجہ مبذول کروائی۔چندرکانت کھانڈوی نے سیکشن وائز پی آئی کو تمام مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور قبرستان کے ذمہ داران کو یقین دلایا کہ وہ تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے ذمہ داران سے بات کریں گے اور آئندہ دنوں میں قبرستان والینٹئرز اور ذمہ داران کی ایک میٹنگ منعقد کریں گے اس کے بعد شب برات کے پیش نظر رہنما ہدایات جاری کریں گے۔
Post A Comment:
0 comments: